ایکالیزیا (Achalasia) غذائی نالی کی ایک نایاب بیماری ہے، جس میں اس کے اعصاب متاثر ہوتے ہیں۔ غذائی نالی منہ سے خوراک اور مائع معدے تک پہنچاتی ہے۔ اعصاب متاثر ہونے سے اس کے پٹھوں کی حرکت اور نچلے والو کے کھلنے میں مسائل پید اہوتے ہیں۔ نتیجتاً خوراک نالی میں جمع ہوجاتی ہے اور بعض اوقات دوبارہ منہ میں آجاتی ہے۔
علامات
علامات عموماً بتدریج ظاہر ہوتی ہیں اور وقت کے ساتھ بڑھ سکتی ہیں:
٭ خوراک یا پانی نگلنے میں دشواری
٭ نگلی ہوئی خوراک یا تھوک کا گلے یا منہ میں واپس آنا
٭ سینے میں جلن
٭ ڈکاریں آنا
٭ وقفے وقفے سے سینے میں درد
٭ رات کے وقت کھانسی
٭ وزن کم ہونا
٭ قے آنا
خوراک یا مائع سانس کی نالی میں جانے سے نمونیا بھی ہوسکتا ہے۔ یہ بیماری کی ممکنہ پیچیدگی ہے۔
وجوہات
ایکالیزیا کی اصل وجہ واضح نہیں۔ غذائی نالی کے اعصابی خلیات کو نقصان پہنچنے سے اس کے پٹھوں کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔ ممکنہ وجوہات میں وائرل انفیکشن اور خودکار مدافعتی ردِعمل شامل ہیں۔ خودکار مدافعتی ردِعمل میں جسم کا دفاعی نظام اپنے صحت مند خلیات کو نشانہ بناتا ہے۔ نایاب صورتوں میں موروثی جینیاتی خرابی بھی اس سے وابستہ ہوسکتی ہے۔
خطرے کے عوامل
٭ یہ بیماری کسی بھی عمر میں ہوسکتی ہے۔ تاہم، 25 سے 60 سال کے افراد میں زیادہ عام ہے
٭ الرجی کی بعض بیماریوں اور ایڈرینل غدود کی کم کارکردگی سے اس کا تعلق دیکھا گیا ہے
٭ نایاب موروثی بیماری آلگروو سنڈروم میں بھی ایکالیزیا ہوسکتی ہے
تشخیص
علامات دیگر بیماریوں سے ملتی جلتی ہونے کے باعث ایکالیزیا کی تشخیص میں تاخیر ہوسکتی ہے۔ اہم ٹیسٹ یہ ہیں:
ایسوفیجیل مینومیٹری : غذائی نالی کے پٹھوں کا دباؤ اور نگلتے وقت نچلے والو کے کھلنے کی صلاحیت جانچی جاتی ہے۔ ہائی ریزولوشن مینومیٹری تشخیص کی تصدیق اور بیماری کی قسم جاننے کا اہم ترین ٹیسٹ ہے
بیریم ایکسرے : بیریم ملا مائع پلانے کے بعد ایکسرے کیے جاتے ہیں۔ ان سے غذائی نالی کی ساخت اور مائع کے معدے تک پہنچنے کا جائزہ لیا جاتا ہے
اپر اینڈوسکوپی : کیمرے والی باریک، لچک دار نلکی سے غذائی نالی اور معدے کا معائنہ ہوتا ہے۔ اس سے رکاوٹ اور علامات کی دیگر وجوہات تلاش کی جاتی ہیں۔ ضرورت پڑنے پر ٹشو کا نمونہ، یعنی بایوپسی، بھی لیا جاتا ہے
فلپ ٹیکنالوجی: اس سے غذائی نالی کے نچلے حصے کے کھلنے اور پھیلنے کی صلاحیت جانچی جاتی ہے۔ دیگر ٹیسٹوں سے صورتِ حال واضح نہ ہو تو یہ تشخیص میں مدد دے سکتی ہے
علاج
علاج کا مقصد نچلے والو کو ڈھیلا یا کشادہ کرنا ہے، تاکہ خوراک اور مائع معدے میں پہنچ سکیں۔ طریقۂ علاج کا انتخاب مریض کی عمر، مجموعی صحت اور ایکالیزیا کی قسم کے مطابق ہوتا ہے۔ موجودہ علاج علامات بہتر کرتے ہیں، تاہم متاثرہ اعصاب کو بحال نہیں کرتے۔
بغیر سرجری علاج
نیومیٹک ڈائلیشن: غبارے کی مدد سے غذائی نالی کے نچلے والو کو پھلایا جاتا ہے۔ بعض مریضوں کو یہ عمل دوبارہ کروانا پڑتا ہے
بوٹوکس انجیکشن: اینڈوسکوپی کے ذریعے نچلے والو کے پٹھوں میں انجیکشن لگایا جاتا ہے، جس سے وہ ڈھیلے ہوتے ہیں۔ اس کا اثر عموماً چند ماہ رہتا ہے۔ یہ زیادہ تر ان مریضوں کے لیے ہے، جو غبارے کے علاج یا سرجری کے موزوں امیدوار نہیں ہوتے
ادویات: ڈاکٹر بعض مریضوں کو نائٹروگلسرین یا نیفیڈیپین جیسی ادویات کھانے سے پہلے تجویز کرسکتے ہیں۔ یہ پٹھوں کو ڈھیلا کرتی ہیں۔ محدود افادیت اور مضر اثرات کے باعث ان کا استعمال کم ہوتا ہے
سرجری اور اینڈوسکوپی کے ذریعے علاج
ہیلر مایوٹومی
غذائی نالی کے نچلے حصے کے پٹھے کاٹے جاتے ہیں، تاکہ خوراک آسانی سے معدے میں پہنچے۔ یہ عمل عموماً لیپروسکوپی کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ تیزاب واپس آنے کا خطرہ کم کرنے کے لیے عموماً جزوی فنڈوپلیکیشن بھی کی جاتی ہے۔ اس میں معدے کے اوپری حصے کو غذائی نالی کے نچلے حصے کے گرد جزوی طور پر لپیٹتے ہیں۔
پر اورل اینڈوسکوپک مایوٹومی
منہ کے ذریعے اینڈوسکوپ داخل کرکے غذائی نالی کی اندرونی جھلی میں چھوٹا کٹ لگایا جاتا ہے۔ اندر سوراخ بناکر نچلے والو کے پٹھے کاٹے جاتے ہیں۔ اس کے بعد معدے کا تیزاب غذائی نالی میں واپس آنے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ بعض مریضوں کو تیزاب کم کرنے والی ادویات طویل مدت تک درکار ہوتی ہیں۔
Frequently Asked Questions (FAQs)
ایکالیزیا کی بنیادی علامت کیا ہے؟
خوراک اور پانی نگلنے میں دشواری اس کی بنیادی علامت ہے۔ نگلی ہوئی خوراک دوبارہ منہ میں بھی آسکتی ہے۔
کیا ایکالیزیا مکمل طور پر ٹھیک ہوسکتی ہے؟
متاثرہ اعصاب کو بحال کرنے والا علاج دستیاب نہیں۔ موجودہ طریقوں سے نگلنے میں بہتری اور علامات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
ایکالیزیا اور جی ای آر ڈی میں کیا فرق ہے؟
ایکالیزیا میں غذائی نالی میں رکی ہوئی خوراک واپس آتی ہے۔ جی ای آر ڈی میں معدے کا مواد غذائی نالی میں واپس آتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ مزید تفصیلات کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ڈاکٹرز سے رجوع کریں۔