Vinkmag ad

سبز چائے مزہ‘ خوبصورتی اور صحت

چائے کا استعمال ہزاروں سال سے ہو رہا ہے ۔اس کی ایک قسم سبز چائے یا قہوہ ہے جسے’ چائینیز ٹی‘ بھی کہتے ہیں ۔یہ ہمیں دماغی طور پر چست رکھنے کے علاوہ بھی بے شمار فوائد کی حامل ہے


چائے کی ایک ہزار سے زیادہ اقسام ہیں تاہم رنگت کے لحاظ سے اس کی تین قسمیں زیادہ عام ہیں جو سفید، سبز اور سیاہ ہیں ۔سب سے بہترین سفید چائے ہے جس کے بعد بعد سبز چائے کا نمبر آتا ہے اور آخر میں کالی چائے جو ہمارے ہاں سب سے زیادہ پی جاتی ہے۔ہم جو چائے بالعموم پیتے ہیں‘ وہ اصل میں کالی ہی ہوتی ہے جس میں دودھ کی آمیزش سے اس کا رنگ تبدیل ہوجاتا ہے ۔
یہ تینوں اقسام ایک ہی پودے سے حاصل کی جاتی ہیں ۔سفید چائے ادھ کھلی پتیوں سے بنائی جاتی ہے اور یہ بہت کم ہے۔ سبز چائے کے لیے پتیوں کو کچھ دیرسُکھاکر فوراً اکٹھا کر لیاجاتا ہے جبکہ کالی چائے زیادہ دیر تک سُکھائے گئے پتوں کو پیس کر تیار کی جاتی ہے ۔بعض کمپنیاںاس میں پھلوں اور پھولوں کی خوشبو (مثلاً گلاب ،چنبیلی اور زیتون وغیرہ )بھی شامل کرتی ہیں ۔
سبز چائے ایک صحت بخش،خوش ذائقہ اور تازگی سے بھرپور مشروب ہے جس سے دنیا بھرکے لوگ لطف اندوز ہوتے ہیں ۔اس کی پتیوں کو پانی میں ابالنے کی بجائے کھولتا ہواگرم پانی کپ میں ڈالیں اور اس میں ٹی بیگ یا حسبِ ضرورت پتیاں ڈال کر چھان لیں ۔
1۔دل کے معاملے
دیکھا گیا ہے کہ جو لوگ باقاعدگی سے سبز چائے پیتے ہیں‘ ان کا کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کی سطح معمول پر رہتی ہے ۔اگر یہ معمول پر نہ رہیں تو دل کے دورے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ 24گھنٹوں میں پیا گیا ایک کپ بھی دل کے ممکنہ مسائل سے بچاﺅ میں مدد دیتا ہے۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ مذکورہ بیماریوں پر کنٹرول کیلئے محض اس چائے پر ہی انحصار کافی نہیں۔ اس کیلئے اپنی خوراک میں احتیاط اور جسمانی سرگرمیاں بھی ضروری ہیں ۔
2۔یاداشت بہتر
سبز چائے پینے سے دل کے مسائل میں بہتر ی تو آتی ہی ہے‘ یہ د ماغ کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔ یہ یاداشت کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ اسے تقویت بھی بہم پہنچاتی ہے ۔باقاعدگی سے یہ چائے پینے سے دماغ چست رہتاہے ۔
3:ذیابیطس میں مددگار
ذیابیطس کے نتیجے میں جسم ٹھیک اندازمیںشوگر جذب نہیں کر پاتا۔ایسے میں سبز چائے میں موجود بائیو کیمیکلز شوگر کو اچھی طرح جزوبدن بنانے میں مدد ددیتے ہیں۔ ایک دن میں تین سے چار کپ سبزچائے پینے سے ذیابیطس ٹائپ ٹوکنٹرول کرنے میں مددملتی ہے ۔
4:کولیسٹرول پر کنٹرول
سبز چائے میں ایسے کیمیکلز ہوتے ہےں جو جسم سے برے کولیسٹرول یعنی ’ایل ڈی ایل‘کی مقدار کم کرتے ہےں ۔اسی دوران یہ اچھے کولیسٹرول یعنی ’ایچ ڈی ایل ‘کی مقدار بڑھانے کا باعث بھی بنتے ہےں ۔یہ چائے نظامِ انہضام کی کارکردگی بہتر بناتی ہے ‘ اس لئے کہ یہ کولیسٹرول کو جذب ہونے میں مدد دیتی ہے ۔
5:دانت اور مسوڑھے
دانتوں کی صحت برقرار رکھنے کے لیے دانت برش کرنے کے ساتھ ساتھ سبز چائے کا استعمال بھی بہترین ہے ‘ اس لئے کہ یہ دانتوں میںخلا بننے کے عمل سے محفوظ رکھتی ہے ۔اس میں موجود قدرتی فلورائیڈمنہ کی بدبو اور مسوڑھوں کی کئی بیماریوں سے بچانے میں مدد دیتا ہے ۔ایک دن میں اس چائے کے ایک یا دو کپ پینا دانتوںکی صحت کے لیے اہم ہے۔ تاہم اس کے فوائداس وقت کم ہو جاتے ہیں جب اس میں چینی ،شہد یا کوئی اور میٹھا شامل کیا جائے ۔
6:بال گرنے بند
سبز چائے اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہے جو بال گرنے کے عمل کو کنٹرول کرتی ہے اور ان کی چمک برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ ان کو بڑھنے میں بھی مدد دیتی ہے۔اس میں پایا جانے والا ایک جزو پولی فینل (polyphenol)”ڈی ایچ ٹی“ ہارمونز کو بڑھنے سے روکتا ہے جو بالوں کے گرنے کا باعث بنتے ہےں۔سبز چائے میں پایا جانے والا ایک اہم عنصر ای جی سی جی (epigallocatechin gallate)بالوں کی نشوونما میں مدد دیتا ہے ۔ سبز چائے کے ایک یا دو ٹی بیگزگرم پانی میں حل کریں اور پھر پانی ٹھنڈا کر کے اس سے سر دھوئیں ۔خشکی کے خاتمے کے لیے یہ نسخہ بہترین ہے ۔
7:بڑھتی عمرکے اثرات
اس میں موجودپولی فینلز اینٹی آکسیڈنٹس (polyphenols antioxidant)جلد کو مضر صحت مادوں سے محفوظ رکھتے ہےں ۔یہاں تک کہ یہ بڑھتی عمر کے اثرات کو وقت سے پہلے ظاہر ہونے سے روکتے اور جلد کو صحت مند رکھتے ہےں ۔سورج کی مضرصحت شعاﺅں سے متاثرہ جلد کے لیے اس پر سبز چائے کا استعمال شدہ بیگ لگائیں تو کچھ ہی دنوں میں بہتری دیکھنے میں آئے گی ۔
8:تازگی اور سکون
عموماً لوگ تازہ دم رہنے کے لیے ہی چائے پیتے ہیںلیکن کم لوگ جانتے ہیں کہ سبز چائے میں ایک قدرتی جزو ایل تھیانین(L-Theanine)پایا جاتا ہے جوجسم کو پر سکون رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔اس لیے توانائی بحال رکھنے کے لیے دن میں سبز چائے کے تین سے چار کپ پئیں۔
9: ہڈیوں کی مضبوطی
سبز چائے میں موجود فلورائیڈ ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے اہم ہے ۔یہ ہڈیوں میں سختی بڑھنے کی وجہ سے ہونے والے فریکچر (osteoporotic fracture)سے بچاﺅ میں مدد دیتا ہے۔
10:بیکٹیریا کا خاتمہ
بیکٹیریا دانتوںکی اوپری سطح خراب کرنے اوربدبودار سانسوں کا باعث بنتے ہیں۔سبز چائے میں پایا جانے والا سفید بلوری مادہ (catechins)اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی وائرس خصوصیات کا حامل ہے جو کئی انفیکشنز سے بچاﺅ میں مدد دیتا ہے ۔(ثنا ظفر)

Vinkmag ad

Read Previous

زچگی کے بعد کی ورزشیں

Read Next

بیماریوں کی مافوق الفطرت علامات…جنات کو معاف ہی رکھیں

Leave a Reply

Most Popular