کراچی کے بڑے ہسپتالوں میں گزشتہ آٹھ سے دس روز کے دوران فلو کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ بعض ہسپتالوں میں اس شکایت کے ساتھ آنے والوں کی تعداد تقریباً دگنی ہوگئی ہے۔
روزنامہ ڈان کے مطابق جناح ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کے سربراہ ڈاکٹر عرفان صدیقی کے مطابق روزانہ 30 تا 40 مریض آتے تھے۔ اب یہ تعداد 70 تا 80 ہوگئی ہے۔ بیشتر مریضوں کی عمریں 18 سے 32 سال ہیں۔ بعض مریضوں کی صحت یابی میں معمول سے زیادہ وقت لگ رہا ہے۔
سول ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کے سربراہ ڈاکٹر عمران سرور نے بھی مریضوں میں اضافے کی تصدیق کی۔ ان کے مطابق فلو کے مریضوں کی روزانہ تعداد 8 تا 10 سے بڑھ کر 30 تا 40 ہوگئی ہے۔ ایک ہی خاندان کے 3 سے 5 افراد بھی علاج کے لیے آرہے ہیں۔ چند پیچیدہ کیسز میں ہسپتال میں داخلے کی ضرورت بھی پڑی ہے۔
ماہرین کے مطابق بچوں، بزرگوں اور کمزور قوت مدافعت والے افراد کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بار بار ہاتھ دھونے، مناسب مقدار میں پانی پینے اور بھرپور نیند لینے کا مشورہ دیا۔ بیمار افراد گھر رہیں اور دوسروں سے قریبی میل جول سے گریز کریں۔ ڈاکٹر صدیقی نے سالانہ فلو ویکسین لگوانے کا بھی مشورہ دیا۔