روزانہ ایک گھنٹے سے زیادہ باہر چہل قدمی کرنے والے بزرگ افراد میں ہڈیوں کے بھربھرے پن کا خطرہ کم پایا گیا ہے۔ یہ بات طبی جریدے آسٹیوپوروسس انٹرنیشنل میں شائع تحقیق میں سامنے آئی۔
محققین نے 24 ہزار 700 معمر افراد کا جائزہ لیا۔ تحقیق کے آغاز میں انہیں ہڈیوں کا یہ عارضہ نہیں تھا۔ تقریباً 37 ماہ کے دوران 4 ہزار 586 افراد میں اس بیماری کی تشخیص ہوئی۔
نتائج کے مطابق، روزانہ 30 سے 60 منٹ باہر چہل قدمی کرنے والوں میں بیماری کا خطرہ کم تھا۔ واک نہ کرنے والوں کے مقابلے میں یہ خطرہ 17 فیصد کم پایا گیا۔ روزانہ ایک گھنٹے سے زیادہ چلنے والوں میں یہ خطرہ 40 فیصد کم دیکھا گیا۔
محققین کے مطابق، طویل دورانیے تک باہر چہل قدمی اور ہڈیوں کے بھربھرے پن کے کم خطرے میں تعلق پایا گیا۔ تاہم، ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نتائج بزرگ افراد پر مبنی ہیں۔ اس لیے انہیں ہر عمر کے افراد پر لاگو نہیں کیا جا سکتا۔