ماہرین کے مطابق روزانہ کافی پینے والوں میں جگر کی بعض بیماریوں اور جگر کے کینسر کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔ یہ بات طبی جریدے کلینکل گیسٹرو اینٹرولوجی اینڈ ہیپاٹولوجی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آئی ہے۔ اس تحقیق میں 3 لاکھ 54 ہزار سے زائد افراد کے صحت کے اعداد و شمار کا 10 سال سے زیادہ عرصے تک جائزہ لیا گیا۔
تحقیق کے مطابق روزانہ ایک سے دو کپ کافی پینے سے سیروسس کا خطرہ 20 فیصد کم دیکھا گیا۔ جگر کے کینسر کا خطرہ 24 فیصد جبکہ جگر سے متعلق اموات کا امکان 31 فیصد کم تھا۔ تین سے چار کپ کافی پینے والوں میں سیروسس اور جگر کے کینسر، دونوں کا خطرہ 35 فیصد کم رہا۔ جگر سے متعلق اموات کا امکان بھی 41 فیصد کم تھا۔ پانچ یا اس سے زیادہ کپ کافی پینے والوں میں جگر کے کینسر کا خطرہ 47 فیصد کم تھا۔ سیروسس کا خطرہ 32 فیصد جبکہ جگر سے متعلق اموات کا امکان 42 فیصد کم دیکھا گیا۔
تحقیق میں کیفین والی اور بغیر کیفین کافی پینے والوں میں تقریباً یکساں نتائج سامنے آئے۔ ایم آر آئی اور دیگر تجزیوں سے معلوم ہوا کہ اس سے جگر میں چربی اور سوزش نسبتاً کم تھی۔
تحقیق کے مرکزی مصنف ڈاکٹر ہیونسوک کم کے مطابق کافی پینے کا تعلق بہتر جگر کی صحت سے دیکھا گیا۔ اس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ کافی جگر کی بیماری یا کینسر سے براہ راست تحفظ دیتی ہے۔