مصنوعی ذہانت کے ماڈل کلاڈ اے آئی کی مدد سے ایک نیا انزائم سسٹم دریافت ہوا ہے۔ اس نظام میں جین ایڈیٹنگ ٹیکنالوجی کرسپر (CRISPR) سے ملتی جلتی کچھ خصوصیات پائی گئی ہیں۔ کرسپر، ڈی این اے میں مخصوص تبدیلیاں کرنے کے لیے استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی ہے۔
رائٹرز کے مطابق، اے آئی کمپنی اینتھروپک نے اسے ایسوسی ایٹڈ ریورس ٹرانسکرپٹیز (اے آر ٹی) کا نام دیا ہے۔ ڈی این اے کے بڑے ڈیٹا بیس کے تجزیے سے اس نظام کی اہم خصوصیات شناخت کرنے میں مدد ملی ہے۔
یہ سسٹم ریورس ٹرانسکرپٹیز (آر ٹی) نامی انزائم سے وابستہ ہے۔ یہ انزائم آر این اے میں موجود جینیاتی معلومات کو ڈی این اے میں کاپی کرتا ہے۔ سائنسدان اس انزائم کے بارے میں پہلے سے جانتے تھے، لیکن اس سے وابستہ پورے نظام کی اہم خصوصیات واضح نہیں تھیں۔
اینتھروپک کے مطابق، تجزیے سے ڈی این اے کے مخصوص حصوں اور ایک اضافی پروٹین کی شناخت میں بھی مدد ملی۔ اس پروٹین کا کام ابھی معلوم نہیں۔ کمپنی بائیولوجی اور لائف سائنسز میں اے آئی کے استعمال پر اپنی تحقیق بڑھا رہی ہے۔