امریکا میں وزن کم کرنے اور ذیابیطس کی مقبول ادویات کے استعمال کے بعد بینائی متاثر ہونے کے دعوے عدالت پہنچ گئے ہیں۔ 90 سے زائد افراد نے اوزیمپک، ویگووی اور بعض دیگر ادویات بنانے والی کمپنیوں کے خلاف مقدمات دائر کیے ہیں۔
وال سٹریٹ جرنل کے مطابق متاثرین نے نی اون (NAION) نامی آنکھ کی بیماری کی شکایت کی ہے۔ اس میں آنکھ سے دماغ تک معلومات پہنچانے والے عصب کو خون کی فراہمی متاثر ہوتی ہے۔ اس کے نتیجے میں اچانک اور بعض اوقات مستقل طور پر بینائی کم ہو سکتی ہے۔
کچھ تحقیقات میں اوزیمپک اور ویگووی میں موجود سیمیگلوٹائڈ کے استعمال سے اس بیماری کا خطرہ بڑھنے کا اشارہ ملا ہے۔ تاہم دیگر تحقیقات میں واضح تعلق سامنے نہیں آیا۔
یورپی میڈیسنز ایجنسی نے سیمیگلوٹائڈ کے ساتھ نی اون کو بہت نایاب مضر اثر قرار دیا ہے۔ ادارے کے مطابق ہر 10 ہزار استعمال کرنے والوں میں اوسطاً ایک شخص متاثر ہو سکتا ہے۔ امریکی ایف ڈی اے بھی اس ممکنہ خطرے کا جائزہ لے رہی ہے۔