Vinkmag ad

کولیسٹرول پرکنٹرول

کولیسٹرول پرکنٹرول

عروج رؤف‘ماہرغذائیات‘شفا انٹرنیشنل ہسپتال‘فیصل آباد

کولیسٹرول کے لیول کو متوازن رکھنے کے لیے درج ذیل ہدایات پرعمل کریں

اومیگا تھری فیٹی ایسڈ

یہ برےکولیسٹرول (ایل ڈی ایل) کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کی فراہمی کا سب سے بڑا ذریعہ مچھلی ہے۔اس لئے ہفتے میں کم از کم دو مرتبہ مچھلی ضرورکھائیں۔ دن میں ایک گرام اومیگاتھری فیٹی ایسڈ سپلیمنٹ یا خوراک کی صورت میں لیا جائے تو دل کی بیماریوں کے امکانات کم ہوتے ہیں۔ فوڈ سپلیمنٹس کا زیادہ استعمال نقصاندہ ہوسکتا ہے لہٰذا کوئی بھی سپلیمنٹ ڈاکٹر کی ہدایت کے بغیراستعمال نہ کریں۔

سیرشدہ چکنائیوں اورٹرانس فیٹس سے بچاؤ

ایسی چکنائی جوعام درجہ حرارت پر جم جاتی ہو‘سیرشدہ چکنائی کہلاتی ہے۔ مکھن، گھی اوربیکری کی اشیاء اس کی چند مثالیں ہیں۔ اکثر لوگ بریڈ اوررس وغیرہ کو اپنے لئے ٹھیک سمجھتے ہیں‘ اس لئے کہ وہ دیکھنے میں خشک لگ رہی ہوتی ہیں۔ حقیقت میں یہ دونوں اشیاء مکھن کے بغیربیک ہی نہیں ہوسکتیں۔ اگر ہم اپنے کھانوں میں سیرشدہ چکنائیاں اورٹرانس فیٹس کم کردیں تو برا کولیسٹرول خود بخود کم ہوجائے گا۔ ہماری توجہ اس بات پر ہونی چاہیے کہ اپنی خوراک میں کل چکنائی 25سے30 فی صد رکھیں جس میں سے صرف سات فی صد سیرشدہ اورٹرانس فیٹ ہو۔

حیوانی چکنائی سے دوری

جانوروں سے حاصل ہونے والی چکنائی میں کولیسٹرول زیادہ ہوتا ہے۔ اس لئے دیسی گھی، مکھن، بالائی، مایونیزاورایسی اشیاء کم کھائیں جن میں چکنائی کا ذریعہ جانورہوں۔ بہتر یہ ہے کہ ایسی چکنائی کوغذا میں شامل کیا جائے جوپودوں کے ذریعے حاصل ہوتی ہے۔ اس میں پی نٹ آئل، سویا بین، سن فلاور، کینولا، مسٹرڈ اورزیتون آئل وغیرہ شامل ہیں۔

گوشت میں انتخاب

سفید گوشت کوسرخ پرترجیح دیں۔ مچھلی یا ایسا چکن کھا ئیں جس کی جلد اچھی طرح سے اتاری گئی ہو۔ اس کے علاوہ سرخ گوشت میں بغیر چربی کے چھوٹے گوشت کا استعمال کریں۔ خیال رہے کہ چربی کے ساتھ بنے گوشت کا محض شوربا ہی کھایا جائے تو بھی جسم میں چکنائی جا رہی ہوتی ہے۔ چربی کے بغیر گوشت ہفتے میں ایک مرتبہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔

تازہ دودھ کا استعمال

آج کل دودھ کے ڈبوں کا استعمال بہت عام ہے۔ بہتریہ ہے کہ تازہ دودھ لیں ‘اسے ابالیں اورٹھنڈا کریں۔ پھراس پر سے بالائی اتارلیں‘ دوبارہ ابالیں اورٹھنڈا کرکے بالائی اتاردیں۔ اس کے بعد اسے استعمال کریں۔

کھانے کی دیگر اشیاء

صبح ناشتے میں بریڈ کی بجائے دلیے کا استعمال زیادہ فائدہ مند ہے جو توانائی اورصحت سے بھرپورناشتہ ہے۔ اس کے علاوہ کھانوں میں دالیں بھی شامل کریں۔ سبزیاں اورپھل فائبرکی فراہمی کا بنیادی ذریعہ ہیں۔ فائبر سے پیٹ بھرجاتا ہے لہٰذا بھوک کم محسوس ہوتی ہے۔ نیزیہ برے کولیسٹرول کو کم کرنے میں بھی مددگار ہے۔ فائبر دل اورآنتوں کی بیماریوں سے بچاؤ میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔ نیز سلا د کو اپنے کھانے کالازمی جزو بنائیں۔

Tips to control cholesterol, fresh milk, prefer white meat over red, avoid animal fat

Vinkmag ad

Read Previous

سخت جلد اور شیو

Read Next

حمل سے زچگی تک ضروری احتیاطیں

Leave a Reply

Most Popular