Vinkmag ad

حمل سے زچگی تک ضروری احتیاطیں

حمل سے زچگی تک ضروری احتیاطیں

 زیادہ ترعورتوں کوحمل ٹھہرجانے کی اطلاع ملتی ہے تو وہ خوشی سے پھولے نہیں سماتیں۔ اس کے ساتھ ہی انہیں کئی طرح کے تفکرات گھیرلیتے ہیں۔ دوران حمل ان ہدایات پرعمل بہت سے مسائل سے چھٹکارا پانے میں مدد دے سکتا ہے

غذا پرخصوصی توجہ

اس دوران کچھ خاص کھانوں مثلاً نرم پنیرکی کچھ اقسام ‘آدھا پکا ہوا گوشت یا حفظان صحت کے اصولوں کو نظراندازرکھ کر بنائے گئے کھانوں سے پرہیز کریں۔ اسی طرح تلی ہوئی‘مرغن اورمصالحے دارغذائیں معدے میں خرابی ‘سینے کی جلن اورتیزابیت کا باعث بن سکتی ہیں۔

فولک ایسڈ کا استعمال

ڈاکٹر کے مشورے سے فولک ایسڈ کا استعمال کریں تاکہ دوران حمل اس کی کمی سے ہونے والی پیچیدگیوں سے محفوظ رہ سکیں ۔ مزید برآں یہ خون کی کمی دورکرنے میں بھی مددگارثابت ہوتا ہے ۔

صحت کا خیال اوربھرپورنیند

حمل کے دوران ایسے سخت کام نہ کریں جس سے بھرپورتھکاوٹ کا احساس ہو۔ اسی طرح دوپہر کے کھانے کے بعد تھوڑی دیر کے لئے سونا بہتر ہے۔ رات کے کھا نے کے بعد چہل قدمی ضرورکریں اوررات کو بھرپورنیند لیں۔ اگر نیند صحیح نہیں آتی تو فوراً معالج سے مشورہ کریں۔

ورزش کی پابندی

ورزش کے ذریعے وہ طاقت حاصل کی جا سکتی ہے جس سے حمل کے دوران بڑھنے والے بوجھ کو اٹھایا جا سکے۔ مزید برآں وضع حمل کے مرحلے میں مشکلات سے بچا جا سکے۔تاہم یہ ورزشیں اپنے معالج کے مشورے سے ہی کریں۔ اس سے ذہنی تناؤ میں کمی آتی ہے اور وزن کم ہوتا ہے۔

کیفین کی مقدارمیں کمی

کافی‘چائے‘یا کولا مشروبات میں کیفین کی خاصی مقدار پائی جاتی ہے۔ اس سے جسم کی آئرن جذب کرنے کی صلاحیت میں کمی آتی ہے۔ اس لئے کیفین والی اشیاء کا استعمال کم کرکے پھلوں اوردودھ کا استعمال زیادہ کریں۔

ڈاکٹرسے رابطہ

حمل کے دوران اچھی دیکھ بھال آپ کے بچے کی صحت کے لئےضروری ہے۔ اس کے لئے آپ اپنی معالج کے پاس وقتاً فوقتاً جاتی رہیں اور اُن کے مشورے کے مطابق اقدامات کریں۔

مثبت اندازفکر

مثبت اندازفکرانسانی ذہن اورجسم پر خوشگواراثر ڈالتا ہے۔ چنانچہ اس عرصے میں خودکو صحت مندانہ سرگرمیوں میں مصروف رکھیں۔

مسوڑھوں کی سوجن اورخون

عام طور پرکمزورصحت کی حامل خواتین کے دانتوں میں دوران حمل درد ہوتا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اس عرصے میں ماں کا کیلشیم بچے کی تشکیل اورپرورش میں استعمال ہورہا ہوتا ہے۔ اس لئے ڈاکٹر کے مشورے سے کیلشیم کا استعمال بڑھایا جاسکتا ہے۔

کمردرد کی شکایت

حمل کے دوران کمر درد کی شکا یت عا م ہے۔اس سے نجات کے لئے اپنے بیٹھنے اورکھڑے ہونے کے اندازکو درست کریں۔ کھڑے ہونے کا درست انداز یہ ہے کہ سیدھی کھڑی ہوں، پیٹ ہمیشہ اندرکی طرف ہو،گھٹنے نارمل حالت میں ہوں اور پیڑو میں خم نہ آئے۔ اگر پٹھوں میں کھچاؤزیادہ ہو تویہ بھی کمردرد کا باعث بنتا ہے۔اس کے لیے بھی ٹھیک اندازمیں کھڑا ہونا ضروری ہے ۔

زچگی کے بعد ذہنی مسائل

زچگی کے بعد جسم میں آنے والی تبدیلیوں کے باعث بعض خواتین کے مزاج میں چڑچڑاپن پیداہوجاتا ہے اوروہ بہت زیادہ حساس اورجذباتی ہوجاتی ہیں۔ ایسے میں وہ کھانا بھی رغبت سے نہیں کھاتیں۔ ان سب علامات کونفسیات کی اصطلاح میں ’’میٹرنٹی بلیوز‘‘ کہتے ہیں اگران کا دورانیہ تین ہفتوں سے زائد ہوجائے توکسی ماہرنفسیات سے رابطہ کریں۔

pregnancy care, backpain, positive thoughts, folic acid

Vinkmag ad

Read Previous

کولیسٹرول پرکنٹرول

Read Next

بچوں کو ٹھوس غذا کب شروع کروائیں

Leave a Reply

Most Popular