دل کی شریانوں کا ٹیسٹ
دورہ دل کاہو یا فالج کا‘عام طور پر شریانوں میں تنگی کی وجہ سے ہوتا ہے۔ یہ بندش یا تنگی ان شریانوں میں چکنائی کے جمع ہو جانے سے پیداہوتی ہے۔ شریانوں میں اس طرح کے مسائل کو دیکھنے کے لئے روایتی کارونری انجیوگرافی تقریباً 50سال سے استعمال ہو رہی ہے۔
کارونری انجیوگرافی
اس ٹیسٹ میں اس بات کاجائزہ لیا جاتا ہے کہ دل کی کون سی شریان کتنے فی صد بند ہے۔ اس میں بازو یا ٹانگ کی شریان میں سے ایک نالی کے ذریعے دوا داخل کرکے اس کی تصویر لی جاتی ہے۔ اس کی بنیاد پرفیصلہ کیا جاتا ہے کہ مریض کا علاج انجیوپلاسٹی ،بائی پاس یا پھرادویات سے کیا جائے گا۔اس کی خوبی یہ ہے کہ اس سے شریان کی ایک واضح تصویر نظر آجاتی ہے۔ یہ ایک محفوظ ٹیسٹ ہے جس کے دوران 1000میں سے ایک شخص کو قدرے پیچیدگی کا سامنا ہوسکتا ہے۔
شریانوں کی واضح تصویر دیکھنے کے لئے ایک اورٹیسٹ بھی استعمال کیا جا رہاہے جسے’’سی ٹی انجیو گرافی‘‘ کہا جاتا ہے۔ ذیل میں آپ کی آگاہی کے لئے اس کے بارے میں معلوما ت دی جا رہی ہیں۔
کارونری سی ٹی انجیوگرافی
اس ٹیسٹ میں نالی جسم سے نہیں گزاری جاتی بلکہ رگوں میں دوا گزاری جاتی ہے جس کے بعد شریان میں رکاوٹ کو واضح طورپر دیکھا جا سکتا ہے۔ اس دوران مریض کو یہ کہا جاتا ہے کہ وہ 15 سیکنڈ کے لئے اپنا سانس روک کر پرسکون طریقے سے لیٹا رہے۔ اس سارے عمل کے دوران مریض اپنے حواس میں رہتا ہے اوراسے بے ہوش نہیں کیا جاتا۔ یہ ٹیسٹ عام طور پر10 منٹ میں ہی ہو جاتا ہے۔ اس کے لئے مریض کو ہسپتا ل میں باقاعدہ داخل ہونے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
یہ نوجوانوں اورادھیڑعمرکے ان افراد کے لئے بھی مفید ہے جن میں کارونری شریانوں کی بیماری کا خطرہ ہو۔اسی طرح جن کے سینے میں درد اورسانس کی تنگی کی علامات پائی جائیں‘ وہ بھی ڈاکٹر کے مشورے سے یہ ٹیسٹ کرا سکتے ہیں۔ مزید براں بائی پاس سرجری کے بعد سٹنٹ اورگرافٹ کے معائنے کے لئے بھی اسےاستعمال کیا جاتا ہے۔ یہ ٹیسٹ پاکستان میں بھی دستیاب ہے۔ یہ قدرے مہنگا ٹیسٹ ہے لیکن اس میں مریض کو روایتی انجیوگرافی کی طرح دل کے دورے یا فالج کا خطرہ نہیں ہوتا۔
مریض کو ٹیسٹ سے پہلے کیا کرنا چاہیے؟
٭ٹیسٹ سے قبل اسے ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہننے چاہئیں۔ عموماً اسے پہننے کے لئے گاؤن دیا جاتا ہے۔
٭اگر آپ کوئی دھاتی چیزمثلاً انگوٹھی، زیورات، بالوں میں لگانے والی پن، دھاتی فریم والی عینک یا آلہ سماعت استعمال کرتے ہیں تو اسے گھراتارکر آئیں یا ٹیسٹ سے پہلے اتارلیں۔
٭اگر آپ کو گردوں کی شکایت یا کسی قسم کی جلدی الرجی ہے تو اس بارے میں اپنے معالج کو بروقت آگاہ کریں۔
٭مریض سے کہا جاتا ہے کہ وہ اس ٹیسٹ کے لئے خالی پیٹ آئے۔
٭حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والے مائیں ٹیسٹ سے پہلے سی ٹی ٹیکنالوجسٹ یا اپنے فزیشن سے مشورہ کر لیں۔
catheter, Coronary Computed Tomographic Angiography, coronary angiography
