دوران حمل سونے کا درست انداز

دوران حمل پیشاب کی کثرت، سینے میں جلن، سانس میں تنگی، کمر درد اورسونے کے غیرموزوں انداز کے باعث نیند میں خلل پڑتا ہے۔ نیند متاثرہونا نہ صرف متوقع ماں بلکہ رحم میں موجود بچے پر بھی منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔ ایسے میں مناسب اورپرسکون نیند حاصل کرنے کے لئے ان ہدایات پرعمل کریں۔

سونے سے قبل کیا کریں

٭دن میں ضرورت کے مطابق پانی پیئیں مگرشام کے بعد اس کی مقدارکم کردیں۔ سونے سے اوسطاً ایک یا دو گھنٹے قبل پانی پی لیں تاکہ اس کی اضافی مقدارکچھ  دیرمیں خارج ہوجائے اورسوتے وقت اٹھنا نہ پڑے۔

٭سونے سے پہلے نیم گرم پانی سے نہا لیں۔

٭زیادہ ٹھنڈ ا پانی پینے سے گریزکریں کیونکہ یہ بعض اوقات نزلہ زکام کا باعث بن جاتا ہے۔ نتیجتاً ناک بند ہو جاتا اورسانس لینے میں دشواری ہوتی ہے۔

٭رات کے کھانے میں مسالہ داراورتلی ہوئی اشیاء کے بجائے ہلکی پھلکی غذا کھائیں۔ دوسری صورت میں معدے میں جلن ہوسکتی ہے جو نیند کو متاثر کرتی ہے۔

٭رات کا کھانا جلد کھائیں اوراس کے فوراً بعد سونے سے گریز کریں۔

٭اگرسینے میں جلن ہو تو سونے سے پہلے ہلکی پھلکی واک کریں۔

٭جب سونا ہوتوسر کے نیچے تکیہ رکھ لیں تاکہ یہ باقی دھڑ کے مقابلے اونچا ہو جائے۔ اس کے علاوہ دائیں یا بائیں کروٹ پرلیٹنا بھی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

لیٹنے کی پوزیشن

٭پہلی سہ ماہی کے دوران جنین کی نشو ونما ماں کے پیٹ میں پیڑو کی تھیلی کے اندر ہوتی ہے۔ ویسے تواس دوران وہ کسی بھی انداز میں سو سکتی ہے تاہم اگر پیٹ کے بل سونے کی عادت ہے تو بہتر ہے کہ اسے تبدیل کریں۔

٭دوسری سہ ماہی کے دوران پیٹ کو بیرونی دباؤ سے محفوظ رکھنے کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ ایسے میں بہتر ہے کہ دائیں یا بائیں کروٹ پرسوئیں۔ اگراس پوزیشن سے نچلے دھڑ میں دباؤ محسوس ہوتوکمرکے نیچے تکیہ رکھ کرلیٹا جاسکتا ہے۔ تکیے کے بغیر لیٹنے سے کمر درد، سانس اورہاضمے کے مسائل ہوسکتے ہیں۔

٭تیسری سہ ماہی کے دوران بائیں کروٹ پرلیٹیں اورگھٹنوں کوموڑ کران کے درمیان تکیہ رکھ کرسوئیں۔ اس سے بچے اورآنول تک خون کی ترسیل زیادہ بہترہوتی ہے۔

٭ایک ہی انداز میں پوری رات یا زیادہ دیرتک سونا درست نہیں۔ سونے کے دوران اپنی پوزیشن تبدیل کرتی رہیں۔

نوٹ: دوسری اور تیسری سہ ماہی میں پیٹ کے بل ہرگزنہ لیٹیں کیونکہ بچے کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہوتا ہے۔

sleeping position in trimesters, sleep on side, tips for safe and sound sleep

Vinkmag ad

Read Previous

میٹھے پکوانوں کی کیلوریز

Read Next

حمل اور سفری احتیاطیں

Leave a Reply

Most Popular