Vinkmag ad

الکوحل پوائزننگ

Person lying unconscious on the ground due to alcohol poisoning

الکوحل پوائزننگ (Alcohol poisoning)  ایک سنگین، اور بعض اوقات جان لیوا، طبی حالت ہے جو مختصر وقت میں بہت زیادہ الکوحل پینے سے پیدا ہوتی ہے۔ بہت زیادہ اور تیزی سے الکوحل پینے سے سانس لینے، دل کی دھڑکن، جسمانی درجہ حرارت اور قے کو روکنے والے قدرتی عمل پر منفی اثر پڑتا ہے۔ یہ کیفیت بے ہوشی، کوما اور یہاں تک کہ موت کا سبب بھی بن سکتی ہے۔

علامات

الکوحل پوائزننگ کی علامات میں شامل ہیں:

٭ ذہنی الجھن

٭ قے آنا

٭ دورے پڑنا

٭ سانس کی رفتار کم ہونا، یعنی ایک منٹ میں آٹھ سے کم سانس لینا

٭ بے قاعدہ سانس لینا، یعنی دو سانسوں کے درمیان 10 سیکنڈ سے زیادہ وقفہ ہونا

٭ جلد کا نیلا، سرمئی یا غیر معمولی طور پر پیلا پڑ جانا

٭ جسمانی درجہ حرارت خطرناک حد تک کم ہو جانا، جسے ہائپوتھرمیا کہا جاتا ہے

٭ ہوش میں رہنے یا جاگتے رہنے میں دشواری

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں

طبی امداد حاصل کرنے کے لیے تمام علامات کا موجود ہونا ضروری نہیں۔ اگر الکوحل پوائزننگ کا شکار شخص بے ہوش ہو جائے یا اسے جگایا نہ جا سکے تو اس کی جان خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

اگر آپ کو شبہ ہو کہ کسی شخص کو الکوحل پوائزننگ ہوئی ہے تو فوری طبی امداد حاصل کریں، چاہے اس میں عام علامات واضح طور پر موجود نہ ہوں۔ ایسے میں یہ اقدامات کریں:

٭ فوری طور پر مقامی ایمرجنسی نمبر پر کال کریں۔ ہرگز یہ نہ سمجھیں کہ متاثرہ شخص سونے کے بعد خود بخود ٹھیک ہو جائے گا

٭ اگر معلوم ہو تو ہسپتال یا طبی عملے کو بتائیں کہ متاثرہ شخص نے کس قسم کی، کتنی مقدار میں اور کس وقت الکوحل پی تھی

٭ بے ہوش شخص کو ہرگز اکیلا نہ چھوڑیں۔ الکوحل پوائزننگ قے کو روکنے والے قدرتی ردِعمل کو متاثر کرتی ہے۔ اس کے باعث قے کے دوران دم گھٹنے اور سانس بند ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ امداد پہنچنے تک اسے جان بوجھ کر قے کرانے کی کوشش نہ کریں

٭ اگر متاثرہ شخص قے کر رہا ہو تو اسے سیدھا بٹھائیں۔ اگر لٹانا ضروری ہو تو اس کا سر ایک طرف موڑ دیں تاکہ دم گھٹنے سے بچایا جا سکے۔ اسے حتیٰ الامکان جاگتا رکھنے کی کوشش کریں

مدد لینے سے نہ گھبرائیں

بعض اوقات یہ فیصلہ کرنا مشکل ہوتا ہے کہ کسی شخص کو طبی امداد کی ضرورت ہے یا نہیں۔ تاہم انتظار کرنے کی بجائے فوری کارروائی کرنا زیادہ محفوظ ہے۔

وجوہات

الکوحل پوائزننگ کی ایک بڑی وجہ مختصر وقت میں ضرورت سے زیادہ الکوحل پینا ہے۔ اس سے مراد یہ ہے کہ مرد دو گھنٹوں میں پانچ یا اس سے زیادہ، جبکہ عورت دو گھنٹوں میں کم از کم چار الکوحل والے مشروبات پی لے۔

بے ہوش ہونے یا پینا بند کرنے کے بعد بھی معدہ اور آنتیں الکوحل کو خون میں جذب کرتی رہتی ہیں، جس سے خون میں الکوحل کی مقدار مزید بڑھتی رہتی ہے۔

خطرے کے عوامل

کئی عوامل الکوحل پوائزننگ کے خطرے میں اضافہ کرتے ہیں، جن میں شامل ہیں:

٭ قد اور وزن، کیونکہ ان کے مطابق الکوحل کے اثرات مختلف ہو سکتے ہیں

٭ ایسی طبی بیماریاں جو جسم میں الکوحل کے عمل کو متاثر کرتی ہوں

٭ حال ہی میں کھانا کھایا ہے یا نہیں، کیونکہ خالی معدہ ہونے کی صورت میں الکوحل زیادہ تیزی سے خون میں جذب ہو سکتی ہے

٭ الکوحل کے ساتھ دیگر ادویات یا نشہ آور اشیا کا استعمال

٭ مشروبات میں الکوحل کی مقدار

٭ الکوحل پینے کی رفتار اور مقدار

٭ جسم الکوحل کو کتنی تیزی سے پروسیس کرتا ہے

پیچیدگیاں

الکوحل پوائزننگ کئی سنگین پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہے، جن میں شامل ہیں:

٭ قے کے باعث دم گھٹ جانا

٭ قے پھیپھڑوں میں چلے جانے سے سانس رک جانا

٭ جسم میں پانی اور رطوبتوں کی شدید کمی، جس سے بلڈ پریشر خطرناک حد تک گر سکتا ہے

٭ خون میں شوگر کی سطح کم ہونے سے دورے پڑنا

٭ جسمانی درجہ حرارت بہت کم ہو جانا، جس سے دل بند ہونے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے

٭ دل کی دھڑکن کا بے قاعدہ ہونا یا دل کا رک جانا

٭ دماغ کو مستقل نقصان پہنچنا

٭ موت واقع ہونا

بچاؤ کی تدابیر

الکوحل پوائزننگ سے بچنے کے لیے:

٭ اگر الکوحل استعمال کریں تو اعتدال میں کریں، یا بہتر ہے کہ نہ کریں

٭ بعض ادویات کے ساتھ الکوحل ہرگز استعمال نہ کریں۔ اپنے معالج سے ممکنہ خطرات کے بارے میں ضرور پوچھیں

٭ خالی پیٹ الکوحل نہ پئیں

٭ الکوحل والی مصنوعات، بشمول کاسمیٹکس، ماؤتھ واش اور ادویات، بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں

٭ الکوحل پوائزننگ کے بعد فالو اَپ علاج ضرور کروائیں

تشخیص

ظاہری علامات کا جائزہ لینے کے ساتھ ڈاکٹر عموماً خون اور پیشاب کے ٹیسٹ تجویز کرتے ہیں تاکہ خون میں الکوحل کی مقدار معلوم کی جا سکے اور الکوحل کے زہریلے اثرات، جیسے خون میں شوگر کی کمی، کی نشاندہی ہو سکے۔

علاج

الکوحل پوائزننگ کے علاج کا مقصد جسم سے الکوحل کے اخراج تک مریض کی معاون طبی نگہداشت کرنا ہوتا ہے، جس میں شامل ہیں:

٭ سانس رکنے یا دم گھٹنے سے بچانے کے لیے مسلسل نگرانی

٭ آکسیجن فراہم کرنا

٭ پانی کی کمی سے بچانے کے لیے رگ کے ذریعے سیال دینا

٭ سنگین پیچیدگیوں سے بچاؤ کے لیے وٹامنز اور گلوکوز دینا

جن افراد نے غلطی سے میتھانول یا آئسوپروپل الکوحل پی لی ہو، انہیں ہیمو ڈائلیسس کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ اس طریقۂ علاج میں مشین کے ذریعے خون سے زہریلے مادے خارج کیے جاتے ہیں، جس سے الکوحل جلد جسم سے نکلنے میں مدد ملتی ہے۔

طرزِ زندگی اور گھریلو تدابیر

گھریلو ٹوٹکے الکوحل پوائزننگ کا علاج نہیں کر سکتے۔ یہ ایک ہنگامی طبی حالت ہے اور فوری طبی امداد کی متقاضی ہے۔

سنگین غلط فہمیاں

درج ذیل طریقے الکوحل پوائزننگ کا علاج نہیں کرتے بلکہ بعض اوقات مریض کی حالت مزید خراب کر سکتے ہیں:

٭ متاثرہ شخص کو صرف سونے کے لیے چھوڑ دینا، کیونکہ اس دوران وہ بے ہوش ہو سکتا ہے اور اس کی حالت مزید بگڑ سکتی ہے

٭ بلیک کافی یا کیفین والے مشروبات دینا، کیونکہ یہ الکوحل پوائزننگ کے اثرات کو نہ ختم کرتے ہیں اور نہ ہی کم کرتے ہیں

٭ ٹھنڈا شاور دلوانا، کیونکہ اچانک ٹھنڈ لگنے سے متاثرہ شخص بے ہوش ہو سکتا ہے

٭ چہل قدمی کرانا، کیونکہ اس سے جسم سے الکوحل تیزی سے خارج نہیں ہوتی

Frequently Asked Questions (FAQs)

الکوحل پوائزننگ کتنی دیر میں جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے؟

یہ اس بات پر منحصر ہے کہ کتنی مقدار میں اور کتنی تیزی سے الکوحل پی گئی، لیکن بعض صورتوں میں چند گھنٹوں کے اندر بھی یہ جان لیوا بن سکتی ہے۔

ہیمو ڈائلیسز کب ضروری ہوتا ہے؟

یہ علاج عموماً میتھانول یا آئسوپروپل الکوحل سے پوائزننگ کے بعض مریضوں میں خون سے زہریلے مادے خارج کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔

کیا الکوحل پوائزننگ سے صحت یاب ہونے کے بعد دوبارہ اس کا خطرہ رہتا ہے؟

جی ہاں، اگر حد سے زیادہ الکوحل پینے کی عادت برقرار رہے تو مستقبل میں دوبارہ الکوحل پوائزننگ ہونے کا خطرہ موجود رہتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️

https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=emergency

Vinkmag ad

Read Previous

نیوٹروپینیا: خون میں نیوٹروفِلز کی کمی

Leave a Reply

Most Popular