کندھے کا درد (Shoulder Pain) عام طور پر کندھے کے جوڑ یا اس کے اردگرد موجود نرم ٹشوز میں خرابی یا سوزش کی وجہ سے ہوتا ہے۔ ان نرم ٹشوز میں عضلات، لیگامینٹس، ٹینڈنز اور برسے (bursae) شامل ہیں۔ لیگامینٹس ہڈیوں کو آپس میں جوڑنے والے مضبوط ٹشوز ہوتے ہیں۔ ٹینڈنز پٹھوں کو ہڈیوں کے ساتھ جوڑتے ہیں۔ برسے سیال سے بھری چھوٹی تھیلیاں ہیں جو جوڑوں میں رگڑ کم کرتی ہیں۔
جو درد براہِ راست جوڑ سے پیدا ہو وہ عموماً کندھے یا بازو کی حرکت کے ساتھ بڑھ جاتا ہے۔ کچھ صورتوں میں گردن، سینے یا معدے کی بیماریوں کی وجہ سے بھی کندھے میں درد محسوس ہو سکتا ہے۔ ان میں ریڑھ کی ہڈی کے اعصابی مسائل، دل کی بیماری اور پتے کی بیماریاں شامل ہیں۔ اس قسم کے درد کو "ریفرڈ پین” کہا جاتا ہے۔ یعنی درد اصل جگہ کی بجائے کہیں اور محسوس ہوتا ہے۔ ایسے درد میں کندھے کو حرکت دینے سے عموماً درد میں اضافہ نہیں ہوتا۔
وجوہات
کندھے کے درد کی عام اور آسان وجوہات درج ذیل ہیں:
٭ ہڈی کا کمزور یا خراب ہونا
٭ پٹھوں یا اعصاب کی چوٹ
٭ بازو یا کالر بون کا ٹوٹ جانا
٭ جوڑ کی سوزش (برسائٹس)
٭ گردن کے اعصاب کا دب جانا
٭ کندھے کا اتر جانا یا اپنی جگہ سے ہٹ جانا
٭ کندھے کا فریز ہو جانا
٭ دل کا دورہ
٭ پٹھوں یا ٹینڈن کا کھچاؤ یا چوٹ
٭ جوڑوں کی پرانی سوزش (آرتھرائٹس)
٭ ٹینڈن یا پٹھوں کا پھٹ جانا
٭ جوڑ میں انفیکشن
٭ بار بار ایک ہی حرکت یا زیادہ دباؤ سے ہونے والی چوٹیں
٭ کندھے کے اردگرد ٹشوز کو نقصان
ڈاکٹر کو کب دکھائیں
ایمرجنسی مدد
اگر کندھے کے درد کے ساتھ سانس لینے میں مشکل، سینے میں جکڑن یا دباؤ، یا اچانک غیر معمولی پسینہ آئے تو یہ دل کے دورے کی علامت ہو سکتی ہے۔ ایسی صورت میں فوراً ایمرجنسی مدد حاصل کریں۔
بلاتاخیر معائنہ
اگر چوٹ یا حادثے کے بعد کندھا متاثر ہو تو فوری علاج کروائیں۔ فوراً طبی مدد لیں اگر کندھے کا جوڑ اپنی جگہ سے ہٹا ہوا لگے، بازو حرکت نہ کر سکے، شدید درد ہو یا اچانک سوجن ہو۔
عمومی ملاقات
ڈاکٹر سے ملاقات کا وقت لیں، اگر:
اگر جوڑ کے گرد سوجن، لالی، گرمی، چھونے پر درد، درد میں اضافہ یا کندھے کی حرکت محدود ہو رہی ہو
سیلف کیئر
کندھے کے ہلکےدرد میں درج ذیل اقدامات مددگار ثابت ہو سکتے ہیں:
٭ ڈاکٹر کے مشورے سے کریم یا جیل استعمال کریں
٭ ضرورت پڑنے پر اوور دی کاؤنٹر پین کلرز لیں
٭ کندھے کو آرام دیں اور درد بڑھانے والی سرگرمیوں سے بچیں
٭ متاثرہ حصے پر 15 سے 20 منٹ تک دن میں کئی بار برف لگائیں
٭ بھاری وزن اٹھانے اور کندھے کی بار بار ایک ہی حرکت سے گریز کریں
٭ سونے کے دوران کندھے پر دباؤ نہ آنے دیں
٭ درد کم ہونے کے بعد ہلکی حرکت اور سٹریچنگ شروع کریں
https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=orthopedic