چھوٹی آنت کا بنیادی کام خوراک سے غذائی اجزا اور مائع جات جذب کرنا ہے۔ یہ غذائی اجزا بعد میں خون کے ذریعے جسم کے مختلف حصوں تک پہنچتے ہیں۔ شارٹ باؤل سنڈروم (Short bowel syndrome) ایسی کیفیت ہے جس میں چھوٹی آنت خوراک سے ضروری غذائی اجزا مناسب مقدار میں جذب نہیں کر پاتی۔ اس کی وجہ چھوٹی آنت کا معمول سے کم لمبا ہونا یا اس کی غذائی اجزا جذب کرنے کی صلاحیت میں کمی ہونا ہے۔ اسے شارٹ گٹ سنڈروم بھی کہا جاتا ہے۔
علامات
شارٹ باؤل سنڈروم کی عام علامات یہ ہیں:
٭ اسہال
٭ چکنا اور بدبودار پاخانہ
٭ شدید تھکن
٭ وزن میں کمی
٭ خوراک سے مناسب غذائیت نہ ملنا
٭ شیر خوار بچوں اور دیگر بچوں میں عمر کے مطابق جسمانی نشوونما سست ہونا
شارٹ باؤل سنڈروم جسم میں پانی کی کمی بھی پیدا کر سکتا ہے۔
وجوہات
یہ سنڈروم اس وقت ہو سکتا ہے جب چھوٹی آنت کی بعض بیماریوں کے علاج کے لیے اس کا خراب یا متاثرہ حصہ سرجری سے نکال دیا جائے۔ ان بیماریوں میں شامل ہیں:
٭ نیکروٹائزنگ اینٹروکولائٹس، جو نوزائیدہ بچوں میں آنتوں کے ٹشو میں سوزش اور ٹشو کی موت کا باعث بنتی ہے
٭ وولوولس، جس میں چھوٹی آنت اپنے گرد مڑ جاتی ہے
٭ کرون بیماری، جو آنتوں کی ایک طویل مدتی بیماری ہے اور چھوٹی آنت کے ٹشو کو نقصان پہنچا کر اس کی کارکردگی متاثر کرتی ہے
٭ چھوٹی آنت کا کینسر یا کینسر کے علاج کے لیے ریڈی ایشن تھراپی
٭ میزنٹرک سکیمیا، جس میں چھوٹی آنت کو خون کی فراہمی جزوی یا مکمل طور پر متاثر ہو جاتی ہے
٭ پیٹ پر شدید چوٹ
اس کا سبب بننے والی پیدائشی بیماریاں یا نقائص یہ ہیں:
٭ چھوٹی آنت کا معمول سے کم لمبا ہونا
٭ اس کا کچھ حصہ پیٹ کی جلد سے باہر ہونا
٭ آنت کا کوئی حصہ مکمل طور پر تشکیل نہ پانا
خطرے کے عوامل
٭ کسی دوسری بیماری کے علاج کے لیے چھوٹی آنت کا کچھ حصہ سرجری سے نکالنا
٭ قبل از وقت پیدائش اور پیدائش کے وقت وزن بہت کم ہونا جس سے چھوٹی آنت مکمل نشوونما نہیں پاتی
پیچیدگیاں
ضروری وٹامنز اور معدنیات کی کمی مختلف پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہے، جن میں شامل ہیں:
٭ خون کے سرخ خلیوں کی کمی
٭ ہڈیوں کی بیماریاں یا ہڈیوں کا کمزور ہو جانا
٭ بچوں میں جسمانی اور ذہنی نشوونما میں تاخیر
٭ وٹامنز کی کمی سے پیدا ہونے والی دیگر بیماریاں
طویل مدتی پیچیدگیوں میں شامل ہیں:
٭ بار بار اسہال ہونا
٭ جسم میں پانی کی کمی
٭ بچوں میں بعض غذاؤں سے الرجی یا عدم برداشت
٭ چھوٹی آنت میں بیکٹیریا کی غیر معمولی افزائش
٭ جگر کی بیماری
٭ پتے کی پتھری
٭ گردے کی پتھری اور گردوں کی کمزور کارکردگی
٭ معدے اور غذائی نالی میں السر
٭ غذائی قلت
٭ جسمانی نشوونما سست ہونا
٭ غذائیت فراہم کرنے کے لیے استعمال ہونے والی آئی وی لائن اور فیڈنگ ٹیوب سے متعلق پیچیدگیاں
تشخیص
شارٹ باؤل سنڈروم کی تشخیص یا علامات کی دیگر وجوہات جاننے کے لیے مختلف ٹیسٹ کیے جا سکتے ہیں، جن میں شامل ہیں:
٭ وٹامنز اور منرلز کی مقدار معلوم کرنے کے لیے بلڈ ٹیسٹ
٭ انفیکشن یا مدافعتی نظام کی غیر معمولی سرگرمی کا پتا چلانے کے لیے بلڈ ٹیسٹ
٭ پاخانے کے ٹیسٹ، جن سے غذائی اجزا کی مقدار اور ان کے جذب ہونے کی صلاحیت کا اندازہ لگایا جاتا ہے
٭ امیجنگ ٹیسٹ، جن سے آنت میں رکاوٹ یا دیگر بیماریوں کا پتا چلایا جاتا ہے
علاج
علاج کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ چھوٹی آنت کا کون سا حصہ نکالا گیا ہے یا وہ مناسب طریقے سے کام نہیں کر رہا۔
٭ پیرینٹرل نیوٹریشن میں تمام ضروری غذائی اجزا اور مائعات آئی وی لائن کے ذریعے فراہم کیے جاتے ہیں
٭ اینٹرل نیوٹریشن میں غذائیت فیڈنگ ٹیوب کے ذریعے فراہم کی جاتی ہے
جب چھوٹی آنت دوبارہ غذائی اجزا جذب کرنے کے مطابق خود کو ڈھالنے لگتی ہے تو منصوبہ بندی کے تحت خوراک شروع کی جا سکتی ہے۔ مناسب غذائیت برقرار رکھنے کے لیے ابتدا میں خوراک بتدریج بڑھائی جاتی ہے جبکہ اینٹرل نیوٹریشن بھی جاری رکھی جاتی ہے۔ بالغ افراد میں چھوٹی آنت کو نئی صورتحال کے مطابق ڈھلنے میں عموماً دو سال لگتے ہیں، جبکہ بچوں میں یہ عمل زیادہ وقت لے سکتا ہے۔
ادویات
شارٹ باؤل سنڈروم کے علاج میں یہ ادویات شامل ہو سکتی ہیں:
٭ اینٹی ڈائریئل ادویات، جو آنتوں میں خوراک اور فضلے کی حرکت سست کرکے اسہال کم کرتی ہیں
٭ پروٹون پمپ انہیبیٹرز، جو معدے میں تیزاب کی پیداوار کم کرتے ہیں
٭ ایچ ٹو ریسیپٹر بلاکرز بھی معدے میں تیزاب کی پیداوار کم کرتے ہیں۔ یہ نسخے کے ساتھ یا اس کے بغیر دستیاب ہوتے ہیں
٭ جی ایل پی ٹو جوانجیکشن کی صورت میں دی جاتی ہے
سرجری
جو افراد طویل عرصے تک آئی وی لائن کے ذریعے غذائیت پر انحصار کرتے ہیں، انہیں سرجری کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔ ان طریقوں میں شامل ہیں:
٭ چھوٹی آنت کی لمبائی بڑھانے کی سرجری
٭ چھوٹی آنت کے ایک حصے کو زگ زیگ شکل دے کر اس کی مؤثر لمبائی بڑھانے کی سرجری
٭ چھوٹی آنت کی پیوند کاری
Frequently Asked Questions (FAQs)
شارٹ باؤل سنڈروم کی صورت میں غذائی قلت کیوں پیدا ہوتی ہے؟
چھوٹی آنت خوراک سے ضروری غذائی اجزا، وٹامنز، معدنیات اور مائعات مناسب مقدار میں جذب نہیں کر پاتی۔
کیا شارٹ باؤل سنڈروم صرف سرجری کے بعد ہوتا ہے؟
نہیں، یہ بعض پیدائشی خرابیوں کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے، جن میں چھوٹی آنت مکمل طور پر نشوونما نہیں پاتی۔
کن مریضوں کو چھوٹی آنت کی پیوند کاری کی ضرورت پڑ سکتی ہے؟
یہ سرجری عموماً ان مریضوں کے لیے تجویز کی جاتی ہے جو طویل عرصے تک آئی وی لائن پر انحصار کرتے ہوں اور انہیں سنگین پیچیدگیاں لاحق ہو جائیں۔
نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔
ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️
https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=gastroenterologist