جاپان کے انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ٹوکیو کے ماہرین کے مطابق میوزیم، تھیٹر، کنسرٹ اور سینما جیسی ثقافتی سرگرمیوں میں باقاعدگی سے حصہ لینا فائدہ مند ہو سکتا ہے۔ ایسے افراد میں جسمانی بڑھاپے کی رفتار نسبتاً سست دیکھی گئی۔
یہ تحقیق طبی جریدے جرنل آف ایپیڈیمیالوجی اینڈ کمیونٹی ہیلتھ میں شائع ہوئی۔ اس میں انگلینڈ کے 50 سال یا اس سے زائد عمر کے ایک ہزار 899 افراد کے طویل مدتی صحت کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا۔
محققین نے بلڈ پریشر، پھیپھڑوں کی کارکردگی اور دیگر جسمانی اشاریوں کی بنیاد پر جسمانی عمر کا اندازہ لگایا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ باقاعدگی سے ثقافتی سرگرمیوں میں شریک افراد کی جسمانی کارکردگی بہتر تھی۔ ان کی جسمانی عمر اوسطاً تقریباً تین سال کم تھی۔
محققین کے مطابق بہتر سماجی روابط، اچھی ذہنی صحت اور صحت مند طرزِ زندگی اس تعلق کی ممکنہ وجوہات ہو سکتے ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس تحقیق سے صرف ایک تعلق سامنے آیا ہے۔ اس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ ثقافتی سرگرمیاں خود جسمانی بڑھاپے کی رفتار کم کرتی ہیں۔