پی سی او ایس

پی سی او ایس

  جنوبی ایشائی کے ممالک میں 66فی صد خواتین پی سی او ایس کا شکار ہیں۔ یہ مرض عموماً 20سے40سال کی عمر کی خواتین میں دیکھنے کو ملتا ہے۔

یہ کیا ہے

یہ بیماری ہارمونز کے عدم توازن کی وجہ سے ہوتی ہے۔ بالغ خواتین کی بیضہ دانیاں دو طرح کے مادہ ہارمونز ایسٹروجن اور پروجیسٹیرون  کے علاوہ ایک مردانہ ہارمون اینڈروجن بھی بناتی ہیں۔ جب مردانہ ہارمون‘ زنانہ ہارمون سے زیادہ تعداد میں بننا شروع ہوجاتے ہیں تو ہارمونز کا توازن خراب ہوجاتا ہے جس کے نتیجے میں یہ بیماری ہوجاتی ہے۔

بیضہ دانیاں رطوبت سے بھری باریک تھیلیاں بھی بناتی ہیں جن میں انڈے ہوتے ہیں۔ یہ تھیلیاں فولیکلزکہلاتی ہیں۔ ہرمہینے پختہ تھیلیاں پھٹتی ہیں جن میں سے انڈے باہر نکل کر فیلوپی نالیوں میں آجاتے ہیں اورحمل ٹھہرنے کے لئے پوری طرح تیار ہوتے ہیں۔ اس عمل کو اخراج بیضہ کہتے ہیں۔ اس کی شکار خواتین میں اخراج بیضہ کبھی ہوتا ہے اورکبھی نہیں ہوتا۔ ایسے میں تھیلیاں پھٹنے کی بجائے بڑی ہوتی جاتی ہیں اوربیضہ دانی میں جھلی دار دیواروں والی تھیلیوں کی شکل اختیار کر لیتی ہیں۔

علامات اور پیچیدگیاں

 اس کی ممکنہ علامات میں چہرے اور جسم پر غیرضروری بال آنا،وزن کا بڑھنا، چہرے پر کیل مہاسے،ڈپریشن اوربے چینی ہونا ، بالوں اور جلد کی خشکی،ہائی بلڈ پریشر، کولیسٹرول اورانسولین لیول کا بڑھنا شامل ہیں۔
اگراس کی بروقت تشخیص اورعلاج نہ کروایا جائے تو مستقبل میں کئی مسائل سامنے آسکتے ہیں۔ ان میں دل کی بیماریاں‘ ذیابیطس‘موٹاپا‘ حمل میں رکاوٹ اوربچہ دانی کا کینسر نمایاں ہیں۔

تشخیص ‘علاج

مرض کی تشخیص مریض کی فیملی ہسٹری،خون کے ٹیسٹ اورالٹرا ساؤنڈ کی مدد سے کی جاتی ہے۔ خون کے ٹیسٹ میں انسولین‘ ہارمونز اور گلوکوز کی سطح کاجائزہ لیاجاتا ہے۔

پی سی او ایس کا علاج مریض کی علامات اورحالت پر منحصر ہوتا ہے۔ سب سے پہلے ایام کو باقاعدہ کرنے کے لئے ادویات دی جاتی ہیں۔مزید برآں ہارمون کے عدم توازن کو بہتر بنانے کی ادویات بھی دی جاتی ہیں۔ جو بال چہرے پر پہلے سے اگے ہوتے ہیں‘ ان کے لئے تھریڈنگ،ویکس یا لیزر ٹریٹمنٹ کروانا پڑتی ہے۔ بے اولاد خواتین کا علاج معائنے کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

احتیاطیں

٭موٹاپے کی شکار خواتین فاسٹ فوڈز،کولا مشروبات،بیکری مصنوعات،میٹھی چیزوں اورمرغن کھانوں سے مکمل پرہیز کریں۔ اس کے علاوہ اپنی خوراک میں ریشہ دارغذائوں مثلاً پھلوں اورسبزیوں کا استعمال زیادہ کریں۔

٭ہر روز 60سے90منٹ تک ورزش کو یقینی بنائیں۔

٭وہ کھانے کھائیں جن میں میگنیشیم کی مقدار زیادہ ہو‘ اس لئے کہ اس سے جسم میں انسولین کا استعمال بہتر ہوتا ہے۔

polycystic ovary syndrome, ovulation, cysts, treatment, causes, prevention, symptoms

Vinkmag ad

Read Previous

غلط مفروضوں کی تصحیح

Read Next

پودوں سے الرجی

Leave a Reply

Most Popular