غلط مفروضوں کی تصحیح
وقت سے پہلے بال سفید ہو جانا سر کی جلد میں کھجلی کی وجہ بنتا ہے۔
بالوں کا وقت سے پہلے سفید ہو جانا اور نتیجتاً سر میں خارش ہونا دو ایسے عوامل ہیں جن کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ بالوں میں جلد سفیدی آ جانے کی شکایت عمومی طورپرموروثیت یا جلد کی رنگت بنانے والے خلیوں میں بدنظمی کی وجہ سے ہو تی ہے۔دوسری طرف کھجلی‘ سر میں خشکی کے باعث ہو سکتی ہے۔ اگر ایسا نہ ہو تو اس کی اصل وجہ تلاش کرنے کے لئے معالج سے رابطہ کریں۔
ڈاکٹر سید آفاق احمد، ماہر امراض جلد ‘اسلام آباد
فرش پر لیٹنے سے کمر کے درد میں افاقہ ہوتا ہے۔
کمر درد کی نوعیت ‘عمر اورجنس کے حساب سے مختلف ہو سکتی ہے۔ اس طرح کئی اورعوامل بھی اس کی وجہ ہو سکتے ہیں‘ تاہم اس کی عمومی وجہ اٹھنے بیٹھنے کا غلط انداز ہے۔ پرانے وقتوں سے چلا آنے والا یہ مفروضہ کہ فرش پر لیٹنے سے کمر کے درد میں افاقہ ہوتا ہے‘ کسی حد تک درست ہے۔ تاہم یہ کوئی پکا اورمحفوظ اصول نہیں‘اس لئے کہ اس کا تعلق کمر درد کی وجہ سے ہے۔ اس کی درست تشخیص کا کام معالج کوہی سونپنا بہتر ہے۔ مریض کو فرش یا میٹرس پر‘جہاں بہتر محسوس ہو‘ لیٹ سکتا ہے۔
ڈاکٹر خرم حبیب، آرتھو پیڈک کنسلٹنٹ، راولپنڈی
بیٹھ کر یا لیٹ کر پڑھنے سے نظر متاثر ہوتی ہے۔
کمرکے بل لیٹ کر کچھ پڑھنے سے نظر کی کمزوری کا کوئی تعلق نہیں۔ البتہ ایسی پوزیشن میں مطالعہ کرنا آپ کی آنکھوں پر دبائو کا باعث بن سکتا ہے۔ نظر کی کمزوری کی وجوہات عمر کے مختلف حصوں میں مختلف ہو سکتی ہیں۔ چھوٹے بچوں میں یہ پیداشی نقائص کی وجہ سے ہوتی ہے جبکہ نوجوانوں میں اس مسئلہ کی وجہ عمومی طور پرآنکھ کی پتلی کا چھوٹا یا بڑا ہونا ہے ۔
ڈاکٹر ماریہ نازش میمن،ماہر امراض چشم ، راولپنڈی
reality behind myths, eyesight, white hair causes itching, lying on floor reduces back pain
