Vinkmag ad

نکسیر کو کیسے روکیں

نکسیر پھوٹنے کا مسئلہ کسی بھی موسم میں سامنے آ سکتا ہے لیکن گرمیوں میں اس کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اس کی ایک وجہ تیز دھوپ میں زیادہ وقت گزارنا ہے۔ اس کے علاوہ کچھ بیماریاں یا چوٹ وغیرہ بھی اس کا سبب بن سکتے ہیں۔ ایسے میں اکثر متاثرہ افراد یہ سوچنے کے بجائے کہ وہ نکسیر کو کیسے روکیں، الٹا خوفزدہ ہو جاتے ہیں۔ اگر وہ تھوڑی دیر کے لیے اپنے حواس قابو میں رکھیں تو اس کا علاج خود بھی کر سکتے ہیں۔

ابتدائی طبی امداد

نکسیر پھوٹنے کا سبب چوٹ ہو تو اس کی نوعیت پر غور کریں۔ خون بار بار اور زیادہ مقدار میں خارج ہو تو ناک، کان اور گلے کے ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔ ہسپتال پہنچنے تک ان ہدایات پر عمل کریں:

٭ بیٹھ جائیں اور معمولی سا آگے کی طرف جھکیں۔ سیدھا بیٹھنے سے ناک کی رگوں میں دباؤ کم ہوگا اور مزید خون نہیں نکلے گا۔

٭ آگے کی طرف جھکنے سے ناک سے نکلنے والا خون نہ ہی سانس کی نالی میں جائے گا اور نہ گلے کے ذریعے معدے میں پہنچ پائے گا۔ اگر خدانخواستہ خون سانس کی نالی میں چلا جائے تو مریض کو فوری طور پر ہسپتال پہنچائیں۔

٭ اپنی شہادت کی انگلی اور انگوٹھے کی مدد سے نتھنوں کو پکڑ کر بند کر لیں اور منہ سے سانس لیں۔ عموماً 10 منٹ تک ایسا کرنے سے خون رک جاتا ہے۔ اس دوران کھانسنے اور زیادہ بولنے سے گریز کریں۔

٭ خون 10 منٹ تک نہ رکے یا اگر ناک کی ہڈی ٹوٹنے سے خون جاری ہو جائے تو ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔

٭ برف کو کپڑے میں باندھ کر ناک پر ٹکور کرنا بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔

٭ خون منہ میں جارہا ہو تو تھوک کے ذریعے اسے باہر نکالتے رہیں۔

کیا نہ کریں

مندرجہ بالا کیفیت میں ان کاموں سے مکمل اجتناب کریں:

٭ خون رکنے کے بعد عموماً ناک میں بندش کا احساس ہوتا ہے۔ اس لیے تقریباً ایک منٹ تک اسے صاف کرنے، چھونے یا سڑکنے سے گریز کریں ورنہ خون دوبارہ بہنا شروع ہو سکتا ہے۔

٭ خون روکنے کے لیے ناک میں دوا سمیت کوئی چیز نہ ڈالیں۔

چوٹ اور سوزش کی وجہ سے ہونے والی نکسیر عموماً معمولی ہوتی ہے اور خود بخود ٹھیک ہو جاتی ہے۔ نکسیر بہت زیادہ اور مسلسل آتی ہو تو ڈاکٹر کو چیک کرانا ضروری ہوتا ہے۔

Vinkmag ad

Read Previous

ہنگامی زچگی میں فوری طبی امداد

Read Next

First aid for panic attack

Leave a Reply

Most Popular