برطانیہ میں صرف 11 دن کی عمر میں دماغی سرطان کی تشخیص پانے والا بچہ طویل علاج کے بعد اب پانچ سال کی عمر میں سکول جانے لگا ہے۔
برین ٹیومر ریسرچ کے مطابق جوئی شارپ کو پیدائش کے چند روز بعد دودھ پینے میں مشکل، وزن میں کمی، یرقان اور جسم میں جھٹکوں کے باعث ہسپتال لایا گیا۔ مزید جانچ پر اس کے دماغ میں سرطان کی رسولی کا پتہ چلا۔
رسولی نکالنے کے لیے جوئی کی دو سرجریاں کی گئیں، جبکہ بعد میں اسے ایک اور آپریشن سے گزرنا پڑا۔ اسے کیموتھراپی کے تقریباً نو مراحل بھی دیے گئے۔ علاج کے دوران اسے روزانہ 30 سے زیادہ مرگی کے دورے پڑتے تھے اور خوراک کے لیے ٹیوب کی ضرورت بھی پڑی۔
اگست 2021 میں کیے گئے سکین میں بیماری کی کوئی علامت نہیں ملی۔ اب جوئی سکول جاتا اور تیراکی سمیت مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیتا ہے۔
علاج کے بعد بھی اسے بعض جسمانی مشکلات کا سامنا ہے۔ اس کے دائیں ہاتھ کی حرکت محدود ہے اور زیادہ فاصلے کے لیے وہیل چیئر استعمال کرتا ہے۔
جوئی کی والدہ نے بچوں میں دماغی سرطان پر مزید تحقیق کے لیے سرمایہ کاری بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔