ہیگزویلنٹ ویکسین کو قومی حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ یہ ویکسین ایک ہی انجیکشن کے ذریعے چھ بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتی ہے، جس سے بچوں کو کم انجیکشن لگوانا پڑیں گے۔
اے پی پی کے مطابق یہ منظوری وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس بین الادارہ جاتی رابطہ کمیٹی کے تحت منعقد ہوا۔ وزیر صحت نے اسے حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کے مطابق اس ویکسین کے حصول کے لیے گزشتہ 14 ماہ سے کوششیں جاری تھیں۔
ہیگزویلنٹ ویکسین کے استعمال سے بچوں اور والدین کے لیے ویکسینیشن کا عمل آسان ہوگا۔ وزیر صحت کے مطابق اس سے دور دراز علاقوں میں بچوں کی ویکسینیشن بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اس کے ذریعے حفاظتی ٹیکوں سے محروم بچوں تک پہنچنے میں بھی مدد ملے گی۔
وفاقی حکام کے مطابق پاکستان میں اس وقت قومی پروگرام کے تحت 13 بیماریوں کے خلاف مفت ویکسین فراہم کی جاتی ہیں۔