Vinkmag ad

مہندی رنگ لائی

مہندی رنگ لائی

تحریر: اقصیٰ نعیم

شادی بیاہ‘ عید اورخوشی کی دیگرتقریبات میں نئے اورخوبصورت لباس پہننا ہرمرد وعورت کی خواہش ہوتی ہے۔ عیدالفطر کے موقع پراس روایت کو برقراررکھتے ہوئے ہمارے ہاں خواتین عموماً رنگ برنگے لباس اورا ن پر جچتے زیورات جبکہ مردوں کی اکثریت سفید لباس اور مختلف رنگوں کی واسکٹ پہنے دکھائی دیتی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ خواتین ایک اورشے یعنی مہندی کو بھی خاصی اہمیت دیتی ہیں۔ اس کے بغیرانہیں تہواروں کے رنگ پھیکے لگنے لگتے ہیں۔

کچھ عرصہ قبل تک گھرپرمہندی بنا کرماچس کی تیلیوں یا تنکوں سے لگائی جاتی تھی۔ پھر ٹھپےاور کون مہندی منظرعام پرآئیں اوراب تیار شدہ ڈ یزائن، پیچزکی شکل میں بھی دستیاب ہیں جنہیں ہاتھوں پر رکھ کرباآسانی خوبصورت نقوش بنائے جاسکتے ہیں۔ شادی کے موقع پر خواتین ہاتھوں ،بازوؤں اورپاؤں پر بھرے بھرے نقش ونگاربنواتی ہیں جبکہ عید پرعموماًچھوٹے ڈیزائن مثلاً گول ٹیکہ یا پھربیل بوٹے بنوانا پسند کیا جاتا ہے۔

جلد پراثرات

مصنوعی کیمیکلزوالی مہندی بعض افراد میں جلد پرانفیکشن کا باعث بن جاتی ہے۔ نتیجتاً انہیں سوجن ،سوزش اورخارش کی شکایت ہوتی ہے۔بعض صورتوں میں پورے جسم میں الرجی پھیلنے اورجلد پرمستقل نشان بننے کا امکان بھی ہوتا ہے۔ یہ علامات ظاہرہوں تو فوری طورپر ماہر امراض جلد سے رابطہ کریں اوراپنی حفاظت کے لئے ان امورپرخصوصی توجہ دیں

٭ہمیشہ معیاری مہندی استعمال کریں۔

٭مہندی خریدنے سے قبل اس میں موجود اجزاء کی فہرست لازمی دیکھیں۔ یہ موجود نہ ہو تو بہتر ہے کہ اسے نہ لیں۔

٭مہندی سے فوری طورپرگہرا رنگ حاصل کرنے کی خواہش میں مضرصحت کیمیکل کی حامل مہندی استعمال نہ کریں۔ بہتر ہے کہ قدرتی مہندی کا انتخاب کریں۔

٭ممکن ہو تو مہندی گھر پر تیار کرکے استعمال کریں۔

٭پرانی مہندی خصوصاً وہ جو کمرے کے درجہ حرارت پررکھی ہو، استعمال نہ کریں۔

اچھا رنگ کیسے لائیں

٭مہندی جتنی دیرلگی رہے گی ،اتنا ہی اچھا رنگ آئے گا لہٰذا اسے رات بھر یا کم از کم چھ سے آٹھ گھنٹے لگا رہنے دیں۔

٭یہ مکمل طورپر خشک ہو جائے تو پانی میں تین چمچ چینی ابال کر شیرہ بنائیں اورپھراسی مقدار میں لیموں کا رس شامل کر کے سیرپ تیار کرلیں۔ اس میں روئی گیلی کرکے مہندی پرلگائیں۔

٭چینی اورلیموں کے محلول کو سپرے بھی کرسکتے ہیں۔ یہ عمل مہندی کا رنگ گہرا کرنے میں مفید ثابت ہوگا۔ دھیان رہے کہ مہندی اتنی گیلی نہ ہو جائے کہ اس سے پانی ٹپکنے لگے ورنہ رنگ پھیل جائے گا۔

٭اس کے بعد ایک برتن میں پانی گرم کرکے تین سے چارلونگ ڈال دیں۔پھر دومرتبہ (وقفے سے) ہاتھوں کوکچھ سیکنڈ تک اس سے نکلنے والی بھاپ دیں۔

٭خشک مہندی کو دھونے کے لئے پانی اورصابن استعمال نہ کریں بلکہ ہاتھوں کو آپس میں مل کر اسے اتاریں۔

٭مہندی کا رنگ زیادہ دیربرقراررکھنے کے لئے ہاتھوں کو پانی، صابن ، شیمپو، کلورین یا بلیچ سے دوررکھیں۔ برتن دھونے ہوں یا نہانا ہوتو ہاتھوں پرپٹرولیم جیلی لگا کر دستانے پہنیں‘پھر کام کریں۔

٭مہندی کا رنگ گہرا کرنے کے لئے گلاب کا عرق، چائے کی پتی یا تیل بھی لگایا جاسکتا ہے۔

ان تمام احتیاطوں کو مد نظر رکھ کرمہندی کے اچھے نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ان کے ساتھ اپنی عید کے رنگوں کودوبالا کریں۔
henna, natural and chemical based henna, effects of mehndi on skin, enhance henna color

Vinkmag ad

Read Previous

قدرتی مہندی کی پہچان

Read Next

عید اور ڈائلیسز کے مریض

Leave a Reply

Most Popular