بزرگوں کی جھکی کمر
چھوٹے چھوٹے مہروں پر مشتمل ریڑھ کی ہڈی جسم کے اہم ترین حصوں میں سے ایک ہے ۔ یہ جسم کو سہارا دیتی ہے اوراس کی بدولت ہم باآسانی حرکت کرتے ہیں۔ عام صورتوں میں ہم کمرکو جھکا کر واپس سیدھا کر لیتے ہیں۔ تاہم بعض افراد ایسے بھی ہیں جن کی کمرمستقل طورپرآگے کی طرف جھک جاتی ہے۔ اس کیفیت کے لئے ہنچ بیک یا عام زبان میں کبڑا پن کی اصطلاح استعمال ہوتی ہے۔ یہ مسئلہ کسی بھی عمرمیں بھی ہوسکتا ہے تاہم بزرگوں بالخصوص بزرگ خواتین میں زیادہ عام ہے۔
وجہ کیا ہے
بزرگ خواتین میں اس کی وجہ ہڈیوں کا بھربھرا پن ہے ۔ جب ہڈیاں کمزوریا بھربھری ہوجاتی ہیں تو ان کے پچکنے اوراپنی ہیئت تبدیل کرنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ یہ مسئلہ ریڑھ کی ہڈی میں ہو توکمر آگے کی طرف جھکنے لگتی ہے اورفرد کوسیدھا ہوکر چلنے میں مشکل پیش آتی ہے۔ جوں جوں عمربڑھتی ہے، توں توں جھکاؤ میں بھی اضافہ ہوتا جاتا ہے۔ یہ مسئلہ شدت اختیار کرجائے یعنی تکلیف دہ ہو اورچلتے ہوئےسامنے دیکھنے میں بھی مشکل پیش آنے لگے تواسے ٹھیک کرنے کا واحد آپشن سرجری ہوتا ہے۔
احتیاطی تدابیر
ہم دیکھتے ہیں کہ بعض عمررسیدہ بزرگوں کی کمر بالکل سیدھی ہوتی ہے جبکہ ان سے نسبتاً کم عمر کے کچھ بزرگ جھکی کمرکے ساتھ چلتے نظرآتے ہیں۔ اس کیفیت کےشکار ہونے اوراسے قبل از وقت بڑھنے سے روکنے کے لئے ان ہدایات پرعمل کریں
٭تمام افراد خصوصاً خواتین 40 سال کی عمر کے بعد تھائی رائیڈ، چھاتی، گردوں اوربڑی آنت کا باقاعدگی سے معائنہ کروائیں۔ اگر ان میں کینسر ہو تو یہ ریڑھ کی ہڈی تک منتقل ہو سکتا ہے۔
٭مرد حضرات پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص کے لئے ٹیسٹ کروائیں۔
٭ٹی بی کے جراثیم مہروں میں جمع ہوکران میں انفیکشن کا سبب بنتے ہیں۔ یہ جراثیم اس ہڈی کوآہستہ آہستہ کھاتے رہتے ہیں۔ اس کے باعث ان میں کیلشیم کی کمی ہوجاتی ہے اوریہ بھربھری ہوجاتی ہے۔ اس سے بچاؤ کے لئےٹی بی کی بروقت تشخیص اورعلاج ضروری ہے۔
٭ہڈیوں کوبھر بھرا ہونے سے بچانے کے لئےروزانہ باقاعدگی سے واک اور ہلکی پھلی ورزش کریں۔ صحت بخش اورمتوازن غذا کھائیں۔ ان میں ڈیری مصنوعات اورپروٹین کی حامل اشیاء بھی شامل ہوں۔ اس کے علاوہ صبح سورج نکلنے کے کچھ دیر بعد جسم پربراہ راست دھوپ لگوائیں۔
٭سن یاس کے دوران خواتین میں ہارمونل تبدیلیاں آتی ہیں جن کے باعث کیلشیم ہڈیوں سےنکل جاتا ہے اوروہ کمزور ہوجاتی ہیں۔ اس قدرتی عمل کوروکنا تو ممکن نہیں تاہم صحت بخش طرززندگی ان اس کے اثرات کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔
hunchback in elderly, what causes hunchback in elderly, how to prevent hunchback