Vinkmag ad

بال اورحجاب

بال اورحجاب

پروفیسر احسن حمید‘ ماہر امراض جلد‘ شفاانٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد

میرے بال کندھوں تک ہیں اورمیں حجاب پہنتی ہوں۔ میرے اوپروالے بال خشک اورروکھے ہیں جبکہ نیچے والوں کی ساخت نسبتاً بہتر ہے۔ پہلے میں نے سوچا کہ شاید ایسا حجاب اوڑھنے کی وجہ سے ہے لیکن میں ایسی بہت سی خواتین کو جانتی ہوں جوحجاب نہیں پہنتیں لیکن پھر بھی ان کے بال میرے جیسے ہی نظر آتے ہیں۔ مجھے بتائیں کہ بالوں کی  اوپروالی تہہ کو کیسے بہتر بنا یا جا سکتا ہے؟ (مہرین‘ ایبٹ آباد)

عام حالات میں حجاب اوڑھنے سے بالوں پر منفی اثرات مرتب نہیں ہوتے۔ اس کے برعکس یہ بالوں کو ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رکھنے میں مدد بھی دیتا ہے۔ بظاہرنیچے اوراوپر کے بالوں میں فرق نہیں ہونا چاہئے۔ اگر ایسا ہے تواس کی وجہ شاید بالوں کو باندھنے یا سکارف اوڑھنے کا مخصوص اندازہے جوبالوں کو روکھا اوربے جان بنا دیتا ہے۔

مصنوعات کا استعمال

بالوں کے مسائل کی صورت میں اس بات کا تعین ضروری ہے کہ آپ ان کا خیال رکھتے ہیں یا نہیں اوراگررکھتے ہیں تو کتنا اورکیسے۔ ایسے بہت سے اقدامات ہیں جنہیں ہم بالوں کے لئے مفید سمجھتے ہیں لیکن حقیقت میں نقصان کا باعث بنتے ہیں۔ ہم بالوں کو خوبصورت اورتوانا بنانے کے لئے مصنوعات استعمال کرتے ہیں ۔ان میں سے کچھ عارضی طورپربالوں کو خوشنما بنا دیتی ہیں‘ کیونکہ وہ ان کی بیرونی سطح پراثرانداز ہوتے ہیں۔ بالوں کو سٹریٹنرکی مدد سے سیدھا کرنے‘انہیں مخصوص سٹائل دینے یا خوبصورت بنانے کے دیگرغیرمحفوظ طریقوں  سے بھی ان کی بیرونی سطح متاثرہوتی ہے۔

سورج کی شعائیں

دھوپ وٹامن ڈی کا ذریعہ ہے مگراس میں زیادہ دیر تک رہنے سے بالوں کی بیرونی سطح پرمنفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ گہرے رنگ کے سیاہ بال ،ہلکے رنگ کے بالوں کے مقابلے میں سورج کی نقصان دہ شعاعوں سے کم متاثرہوتے ہیں۔ ان کےاندرایک خاص کیمیائی مادہ ہوتا ہے جوان شعاعوں کے خلاف ڈھال کا کام دیتا ہے۔ حجاب بالوں کو مضرصحت شعاؤں اورماحول کی آلودگی سے محفوظ رکھتا ہے۔ مزید برآں غیرضروری طورپرہیئرسٹائل بنانے اوربناؤ سنگھارکے غیرمحفوظ طریقوں سے بچنے میں بھی مدد دیتا ہے۔

بالوں کے بارے میں لڑکیوں کی خواہشات اورتوقعات غیرحقیقی اورناقابل عمل ہوتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جلدی امراض کے ماہرین انہیں مسئلے کا حل بتانے اورپریشانی سے نجات دلانے میں ناکام رہتے ہیں۔ میرا مشورہ ہے کہ بالوں سے ناروا سلوک کرنے کی بجائے پیاراور نرمی سے پیش آئیں۔ کاسمیٹکس سے حتی الامکان گریزکریں تاکہ بال صحت مند، دلکش اورخوش نما نظرآئیں۔ میرا مشاہدہ ہے کہ ذہنی دباؤ اور اداسی میں انسان کو اپنا آپ اچھا نہیں لگتا۔ اس لئے خوبصورت اورپرکشش نظر آنے کے لئے غیرصحت مندانہ طریقے اپنانے کی بجائے ذہنی آسودگی اور پرمسرت ماحول پر توجہ دیں۔

hair texture, straightener, hijab and hair, haircare

Vinkmag ad

Read Previous

وٹامنز کے فوائد

Read Next

 ہائی بلڈ پریشرکی اقسام

Leave a Reply

Most Popular