Vinkmag ad

دل کے والو کی سرجری

A cardiovascular surgeon makes a heart sign with their hands before heart valve surgery, symbolizing compassionate care, surgical expertise, and dedication to improving heart health

انسانی دل کے چار والوز ایورٹک، مائٹرل، ٹرائی کَسپِڈ، اور پلمونری والو ہیں۔ یہ والوز خون کو دل کے اندر درست سمت میں بہنے میں مدد دیتے ہیں۔ دل کے والو کی سرجری (Heart valve surgery) والو کےمرض کی بعض اقسام کے علاج کے لیے کی جاتی ہے۔ بیماری اس وقت پیدا ہوتی ہے جب کوئی والو ٹھیک طور پر کام نہیں کر پاتا۔

اس سرجری میں خراب یا متاثرہ والو کی مرمت یا تبدیلی کی جاتی ہے۔ یہ عمل اوپن ہارٹ سرجری یا کم کٹ والی سرجری کے ذریعے انجام دیا جا سکتا ہے۔ سرجری کی نوعیت کا فیصلہ مریض کی عمر، مجموعی صحت، علامات، بیماری کی قسم اور شدت کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

کیوں کی جاتی ہے

دل کے والو کی سرجری کا مقصد والو کی مختلف مسائل کا علاج ہوتا ہے۔ ان میں شامل ہیں:

٭  والو کے فلیپ موٹے یا سخت ہو جاتے ہیں اور بعض اوقات آپس میں جُڑ جاتے ہیں جس سے راستہ تنگ ہو جاتا ہے۔ فلیپ سے مراد کسی عضو یا ٹشو کا وہ حصہ ہوتا ہے جو پتلی جھلی یا پتے جیسا ڈھانچہ رکھتا ہے اور کھلنے بند ہونے میں مدد دیتا ہے۔

٭ والو مکمل طور پر بند نہیں ہو پاتا اور خون واپس الٹی سمت میں بہنے لگتا ہے

٭ والو کے فلیپ ڈھیلے ہو کر پیچھے کی طرف جھک جاتے ہیں

٭ والو مکمل طور پر بنتا ہی نہیں اور ٹشو کی تہہ خون کے بہاؤ کو روک دیتی ہے

ہر مریض کو سرجری کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ہلکی بیماری یا علامات نہ ہونے کی صورت میں باقاعدہ معائنہ، ادویات اور طرزِ زندگی میں تبدیلی کافی ہو سکتی ہے۔ جب دل کی پمپنگ متاثر ہو جائے تو سرجری ناگزیر ہو جاتی ہے۔ کچھ صورتوں میں دل کی کسی اور سرجری کے دوران متاثرہ والو کو بھی درست کیا جاتا ہے

خطرات

دل کے والو کی سرجری سے منسلک ممکنہ خطرات یہ ہیں:

٭ خون بہنا

٭ خون کے کلاٹ بننا

٭ انفیکشن

٭ دل کی بے ترتیب دھڑکن (اریتھمیا)

٭ مصنوعی والو کی خرابی

٭ ہارٹ اٹیک

٭ سٹروک

سرجری سے قبل تیاری

٭ ہسپتال جانے سے قبل گھر والوں کو صورتحال اور ممکنہ کیئر کے بارے میں آگاہ کریں

٭ الرجی کی مکمل تفصیل ڈاکٹر کو فراہم کریں

٭ تمام ادویات اور سپلیمنٹس کی مکمل فہرست شیئر کریں۔ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق کچھ ادویات عارضی طور پر بند کی جا سکتی ہیں

٭ سرجری سے قبل کھانے پینے پر پابندی ہو سکتی ہے

پروسیجر

سرجری کارڈیو ویسکیولر سرجن ہسپتال میں انجام دیتا ہے

٭ ابتدائی مرحلے میں سینے کے بال صاف کیے جاتے ہیں اور جلد کو جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے

٭ بازو کی رگ میں آئی وی لائن لگا کر ادویات اور سیال دیے جاتے ہیں

٭ مریض کو جنرل اینستھیزیا دے کر نیند کی کیفیت میں رکھا جاتا ہے

دل اور پھیپھڑوں کی مشین دورانِ سرجری خون کی گردش برقرار رکھتی ہے

سرجری کے طریقے یہ ہیں:

اوپن ہارٹ سرجری: سینے کے درمیان بڑا چیرا لگا کر دل تک رسائی حاصل کی جاتی ہے

کم کٹس والی سرجری: چھوٹے چیروں کے ذریعے کم درد اور تیزی سے صحت یابی ممکن ہوتی ہے

روبوٹک سرجری: روبوٹس کے بازو سرجن کی ہدایات کے مطابق کام کرتے ہیں

کیتھیٹر کا طریقہ: باریک نلکی کے ذریعے والو کی مرمت یا تبدیلی کی جاتی ہے

سرجری کی اقسام

سرجری کی بنیادی اقسام دو ہیں۔

والو کی مرمت

ڈاکٹر زیادہ تر صورتوں میں والو کی مرمت کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ اس سے قدرتی والو برقرار رہتا ہے اور دل کی کارکردگی بہتر رہتی ہے۔ مرمت کے طریقے یہ ہو سکتے ہیں:

٭ سوراخوں کی مرمت

٭ والو کے فلیپس کو دوبارہ بنانا

٭ اضافی ٹشو کا خاتمہ

٭ خراب سپورٹنگ ڈوریاں تبدیل کرنا

٭ بیلون کے ذریعے تنگی کھولنا

٭ جُڑے ہوئے حصوں کو الگ کرنا

٭ والو کے گرد حلقہ مضبوط کرنا

والو کی تبدیلی

جب مرمت ممکن نہ ہو تو والو تبدیل کیا جاتا ہے۔ یہ والو دھات یا جانور کے ٹشو سے بنایا جا سکتا ہے

٭ حیاتیاتی والوز وقت کے ساتھ خراب ہو سکتے ہیں

٭ مکینیکل والوز زیادہ دیر چلتے ہیں مگر عمر بھر خون پتلا کرنے والی دوا ضروری ہوتی ہے

٭ کچھ صورتوں میں کیتھیٹر کے ذریعے بھی والو تبدیل کیا جا سکتا ہے

سرجری کے بعد

سرجری کے بعد مریض چند دن ہسپتال میں رہتا ہے۔ اس دوران دل کی دھڑکن، بلڈ پریشر اور سانس کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے۔ بحالی کے دوران مریض کو آہستہ آہستہ چلنے، سانس کی مشق اور جسمانی سرگرمی بڑھانے کی ہدایت دی جاتی ہے۔ گھر واپسی پر مریض کو ان امور سے متعلق ہدایات دی جاتی ہیں:

٭ زخم کی مناسب دیکھ بھال

٭ درد اور علامات کا انتظام

٭ انفیکشن کی علامات کی نگرانی

٭ ادویات کا درست استعمال

٭ ڈاکٹر سے رابطے کے اوقات کی پابندی

نتائج

٭ سرجری کے بعد باقاعدہ چیک اپ ضروری ہوتے ہیں تاکہ والو کی کارکردگی درست رہے

٭ کبھی کبھار دل کے مزید ٹیسٹ بھی کیے جاتے ہیں

٭ بعض مریضوں کو کارڈیک ریہیبلیٹیشن پروگرام میں شامل کیا جاتا ہے جس میں ورزش، رہنمائی اور جذباتی مدد شامل ہوتی ہے

طرز زندگی

صحت مند طرزِ زندگی بحالی کا اہم حصہ ہے۔ اس کے لیے:

٭ تمباکو نوشی سے مکمل پرہیز کریں

٭ متوازن اور کم نمک غذا اپنائیں

٭ باقاعدہ ورزش کریں

٭ وزن کنٹرول میں رکھیں

٭ ذہنی دباؤ کم کریں

٭ بلڈ پریشر، شوگر اور کولیسٹرول کنٹرول کریں

٭ روزانہ مناسب نیند لیں

نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️

https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=cardiac-surgery

Vinkmag ad

Read Previous

اینڈوسکوپک سلیو گیسٹروپلاسٹی: بغیر کٹ کے ویٹ لاس پروسیجر

Read Next

گردے کی پیوندکاری

Leave a Reply

Most Popular