عینک اور لینز
نظرکی کمزوری کی صورت میں اکثراوقات عینک استعمال کی جاتی ہے‘ تاہم جب سے لینزمتعارف ہوئے ہیں، تب سے ان کا استعمال بھی بڑھ رہا ہے۔ دونوں کے اپنے اپنے فوائد اورمسائل ہیں۔ اس حوالے سے کچھ اہم معلومات پیش خدمت ہیں۔
کنٹیکٹ لینز
نظرکی کمزوری زیادہ بڑھ جائے توبالعموم موٹے شیشوں والی عینک لگانا پڑتی ہے جسے سنبھالنا کافی مشکل ہوتا ہے۔ مزید برآں ناک پر عینک کا زیادہ آگے یا پیچھے ہونا نظرکومزید متاثرکرنے کا سبب بنتا ہے۔ ایسی صورت حال میں لینزکا استعمال کافی آسانی پیدا کردیتا ہے۔ اس سے کھیل کود، ورزش یا اس طرح کی دیگرسرگرمی کے لئے باربارعینک اتارنے یا اسے سنبھالنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
کنٹیکٹ لینز کے حوالے سے شروع شروع میں جومسائل پیش آسکتے ہیں، ان میں آنکھوں کا خشک ہونا نمایاں ہے۔ لوگوں کی اکثریت آغازمیں اسے لگانے اوراتارنے کے درست طریقے سے واقف نہیں ہوتی لہٰذا اس سے الرجی کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ ایسے میں مصنوعی آنسو (قطرے) ہمیشہ اپنے پاس رکھیں۔ جب بھی آنکھیں خشک محسوس ہوں‘ قطرے لازماً استعمال کریں۔
خریدتے وقت کی احتیاطیں
کنٹیکٹ لینزخریدتے ہوئے ان امورکا خیال رکھیں
٭کنٹیکٹ لینزکی نمی کی سطح زیادہ ہونا ضروری ہے تاکہ وہ آپ کی آنکھوں کونم رکھے۔
٭لینزنے آنکھ کے ڈھیلے یعنی کورنیا پرہروقت رہنا ہوتا ہے جسے بہترکارکرد گی کے لئے زیادہ آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس لئے لینزکا پرمی ایبیلٹی انڈیکس زیادہ ہونا چاہئے۔اس انڈیکس سے مراد آکسیجن کی وہ مقدار ہے جو لینزسے گزرسکتی ہے۔
٭اگرلینزطویل عرصے سے استعمال کررہے ہیں توہرچھے ماہ بعد انہیں ضائع کرکے نئے خرید لیں۔ لمبےعرصے تک استعمال سے ان پر کچھ جراثیم چپک جاتے ہیں جو آنکھوں میں انفیکشن کا باعث بن سکتے ہیں۔
عینک کا استعمال
انفیکشن سے بچنے کا آسان طریقہ عینک کا استعمال ہے۔ اسے خوبصورتی میں اضافے یا بہترطورپردیکھنے‘ دونوں مقاصد کے لئے پہنا جاتا ہے۔ عینک حساس آنکھوں کی حفاظت کا سستا طریقہ ہے۔ جب ان کا استعمال شروع کیا جاتا ہے تو ابتداء میں دھندلے پن یا کسی خاص شے پرفوکس نہ کرسکنے جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ نظرزیادہ کمزورہونے کی صورت میں عینک کا موٹا شیشہ لگایا جائے تواس سے آنکھ غیرفطری طورپرزیادہ بڑی یا چھوٹی لگ سکتی ہے۔
بعض لوگ سرد موسم میں اس کے شیشے دھندلا جانے کی شکایت کرتے ہیں۔ مزید برآں اس کا فریم بھاری ہونے کی صورت میں ناک پردباؤ پڑسکتا ہے جس سے ناک پرفریم کے نشان ظاہرہونے لگتے ہیں۔ ان سب مسائل کے باوجود ماحولیاتی عوامل مثلاً گردوغباروغیرہ سے بچاؤ کے لئے سب سے محفوظ طریقہ عینک ہی ہے جسے کوئی بھی شخص کسی بھی عمرمیں استعمال کرسکتا ہے۔
آپ اپنی سہولت، آرام، استعداد یا خوبصورتی کے تقاضوں کے مطابق عینک یا لینز میں سے کسی بھی چیز کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ سہولت اور عادت کے حساب سے بالعموم دونوں ہی انتخاب درست ہیں اوراگرانہیں ٹھیک طرح سے استعمال کیا جائے توآنکھ کی صحت کے حوالے سے منفی اثرات سے محفوظ ہیں۔ کچھ لوگوں کو لینزراس نہیں آتے۔ اگران کے استعمال سے آنکھوں میں کھجلی یا سوزش جیسے مسائل پیدا ہوں تو ان کا استعمال ترک کر دیں۔
glasses vs lens, pros and cons of glasses and lens
