Vinkmag ad

جب کوئی جل جائے

جب کوئی جل جائے

سورج کی روشنی، آگ کے شعلوں، گرم مائع، بجلی کی تاریا کسی بھی گرم چیزسے جلد زخمی ہوجائے تواسے جلنا کہتے ہیں۔ آگ لگنے کے لئے بنیادی طورپرتین چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے جن میں سے پہلی حرارت‘ دوسری ایندھن اورتیسری آکسیجن ہے۔ اگر ان میں سے کوئی ایک بھی چیز موجود نہ ہو تو آگ نہیں لگ سکتی۔ اسی طرح اگر ان میں سے کسی ایک چیز پر بھی قابو پا لیا جائے تو آگ بجھ جاتی ہے۔ جلنے کے زیادہ ترواقعات گھروں کے اندرپیش آتے ہیں۔ عموماً اس کی وجہ گرم پانی یا تیل کا گرنا ہوتا ہے۔ جلنے کے مختلف مدارج اور ان میں ابتدائی طبی امداد کی تفصیل یہ ہے

پہلے درجے کا جلنا

اس میں جلد کی اوپروالی سطح متاثرہوتی ہے اورسرخ ہو کرسوج جاتی ہے۔ اس پرآبلے نہیں پڑتے‘ البتہ چھونے سے وہ جگہ سفید ہوجاتی ہے۔ ایسے زخموں کے مندمل ہونے میں پانچ سے چھ دن لگ سکتے ہیں۔

ابتدائی طبی امداد

متاثرہ شخص کوحرارت کے منبع یا مرکز سے دورکریں اورجسم کے جلے ہوئے حصے سے کپڑے کو آہستہ آہستہ الگ کریں۔ اگر وہ زخم کے ساتھ چپک گیا ہو تواسے نہ اتاریں۔ متاثرہ حصے پر فوری طورپر10 سے 15 منٹ تک ٹھنڈا پانی ڈالیں۔ برف کو کسی کپڑے میں لپیٹ کرجلے ہوئے مقام پر پھیرا جاسکتا ہے مگربراہ راست برف لگانا درست نہیں۔ پھرجلے ہوئے حصے کو نرمی سے صاف کرکے خشک کریں اورکسی فارما سسٹ کے مشورے سے مرحم لگا دیں۔ اگروہ میسرنہ ہو توزخم کو کسی صاف کپڑے سے ڈھانپ کر پٹی باندھ لینا بھی کافی ہے۔

دوسرے درجے کا جلنا

اس میں جلد کی اندرونی تہہ متا ثرہوتی ہے اور متاثرہ حصے پر آبلے پڑجاتے ہیں۔ اس درجے کے جلنے سے عموماً داغ باقی رہ جاتے ہیں۔اس سے پہلے کہ جسم کا جلا ہوا حصہ سوجنا شروع کر دے ‘احتیاط کے ساتھ مریض کی انگوٹھیاں اورگھڑی وغیرہ اتارلیں۔

ابتدائی طبی امداد

مریض کو ایک جگہ پررہنے دیں اورمتاثرہ حصے کومناسب طریقے سے صاف اورخشک کریں۔اس کے بعد جلے ہوئے حصے کو کسی صاف کپڑے سے ڈھانپ دیں۔ اگر متاثرہ حصہ ہتھیلی کے رقبے سے زیادہ ہو تو مریض کو فور ی طبی امداد دینے کے ساتھ ساتھ ہسپتال لے جانا چاہیے۔

تیسرے درجے کا جلنا

اس میں جلد کی تینوں تہوں کے ساتھ ساتھ اندرونی اعضاء بھی متاثرہوتے ہیں۔اس میں اعصاب کے متاثر ہونے سے درد کا احساس نہیں ہوتا اورنہ ہی جلد پرآبلے پڑتے ہیں۔ اگر جسم 90 فی صد یا اس سے زیادہ متا ثرہوجائے تو مریض کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔

ابتدائی طبی امداد

اس طرح سے ہوئے جلے افراد کو شاک سے بچائیں۔ اس کی سانس اوردل کی دھڑکن کا مشاہدہ کرتے رہیں۔ اگر سانس اوردھڑکن بند ہوں تو مصنوعی سانس دینے کی کوشش کریں۔ مریض کو ایک ہی جگہ رہنے دیں اوراسے فوری طورپرہسپتال پہنچانے کا بندوبست کریں۔

زخم کی صفائی

٭پانی اوربغیرخوشبو والے صابن سے زخم کودن میں دوباردھوئیں۔

٭اپنا زخم 10منٹ کے لئے ٹھنڈے پانی میں رکھیں یا اس پرسے پانی بہائیں۔

٭زخم کو گرم کپڑے یا تولیے سے خشک کریں۔

٭اگر جلد پرچھالے بن گئے ہوں تو انہیں ہرگز نہ پھوڑیں۔ یہ چھالے زخم کے اوپرجراثیم کے خلاف حفاظتی جلد کا کام کرتے ہیں۔

٭آخر میں زخم کو جراثیم سے پاک صاف پٹی سے ڈھانپ دیں۔

burns, degrees of burns, First aid for burns, how to clean wound

Vinkmag ad

Read Previous

بخار کی عام اقسام

Read Next

بچے کی تربیت

Leave a Reply

Most Popular