Vinkmag ad

پلکوں کی سرجری

A surgeon marking a patient’s eyelid before blepharoplasty surgery to guide precise incision placement.

عمر بڑھنے کے ساتھ پلکوں کی جلد کھچ جاتی ہے اور اسے سہارا دینے والے عضلات کمزور ہو جاتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں اوپر  والی اور نچلی پلکوں کے اطراف اضافی جلد اور چربی جمع ہو جاتی ہے۔ اس سے بھنویں جھکنے، اوپری پلک کے لٹکنے اور آنکھوں کے نیچے تھیلیاں بننے جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ پلکوں کی سرجری (Eyelid surgery) میں پلکوں کی اضافی جلد اور چربی کو ہٹایا جاتا ہے۔ اسے بلیفرو پلاسٹی بھی کہا جاتا ہے۔

کیوں کی جاتی ہے

بلیفرو پلاسٹی درج ذیل صورتوں میں کی جا سکتی ہے:

٭ اوپری پلکوں کا زیادہ بھاری ہونا یا لٹک جانا

٭ اوپری پلک کی اضافی جلد جو جزوی طور پر بینائی کو متاثر کرے

٭ نچلی پلکوں پر اضافی جلد کی موجودگی

٭ آنکھوں کے نیچے تھیلیاں یا سوجن

خطرات اور پیچیدگیاں

ہر سرجری کی طرح بلیفرو پلاسٹی میں بھی کچھ عمومی اور مخصوص خطرات شامل ہوتے ہیں۔ ان میں بے ہوشی کے اثرات اور خون کے کلاٹ بننے کا امکان شامل ہے۔ اس کے علاوہ کم، مگر ممکنہ خطرات یہ ہیں:

٭ انفیکشن یا خون بہنا

٭ آنکھوں میں خشکی یا جلن

٭ پلکیں بند کرنے میں دشواری یا پلکوں کے دیگر مسائل

٭ نمایاں نشانات یا داغ

٭ آنکھوں کے عضلات کو نقصان

٭ جلد کی رنگت میں تبدیلی

٭ وقتی دھندلاہٹ یا انتہائی کم صورت میں بینائی کا نقصان

٭ دوبارہ سرجری کی ضرورت

تیاری کا مرحلہ

سرجری سے قبل مریض کا مکمل طبی معائنہ کیا جاتا ہے۔ اس مرحلے میں ماہر امراض چشم درج ذیل امور پر معلومات لیتا ہے:

٭ میڈیکل ہسٹری، جس میں سابقہ سرجریاں اور موجودہ یا پرانی بیماریاں شامل ہوتی ہیں، جیسے خشک آنکھیں، گلوکوما، الرجی، خون کی گردش کے مسائل، تھائی رائیڈ اور ذیابیطس

٭ ادویات، وٹامنز، ہربل میڈیسنز، تمباکو، الکوحل یا دیگر اشیاء کا استعمال

٭ سرجری سے متعلق مریض کے مقاصد اور توقعات

سرجری سے پہلے عام طور پر یہ ٹیسٹ اور اقدامات کیے جاتے ہیں:

٭ آنکھوں کا معائنہ، جس میں آنسو بنانے کی صلاحیت اور پلکوں کی پیمائش شامل ہو سکتی ہے

٭ وژیول فیلڈ کا ٹیسٹ تاکہ اطراف کی بینائی میں کسی کمی کی جانچ ہو سکے

٭ مختلف زاویوں سے پلکوں کی تصاویر تاکہ سرجری کی منصوبہ بندی اور طبی جواز واضح ہو سکے

ڈاکٹر عام طور پر یہ ہدایات بھی دیتے ہیں:

٭ خون پتلا کرنے والی ادویات کو سرجری سے پہلے بند کرنا

٭ سرجری سے چند ہفتے قبل تمباکو نوشی ترک کرنا تاکہ شفا یابی بہتر ہو

٭ گھر واپسی کے لیے ساتھ کسی فرد کا انتظام اور ابتدائی رات نگرانی کا بندوبست

سرجری کا طریقہ کار

یہ عمل عموماً آؤٹ پیشنٹ بنیادوں پر کیا جاتا ہے۔ پلکوں کو سن کرنے کے لیے انجیکشن یا آئی وی کے ذریعے ادویات دی جا سکتی ہیں تاکہ آرام فراہم کیا جا سکے۔

اوپری پلک میں سرجن قدرتی تہہ کے ساتھ کٹ لگاتا ہے، اضافی جلد، چربی اور عضلات کو ہٹا کر اسے بند کر دیتا ہے۔ نچلی پلک میں کٹ یا تو پلک کے نیچے قدرتی جھری میں یا اندرونی حصے میں لگایا جاتا ہے

اگر اوپری پلک بہت زیادہ جھکی ہو اور نظر کے قریب آ جائے تو اضافی پروسیجر کے ذریعے اسے اوپر اٹھایا جا سکتا ہے۔

سرجری کے بعد

سرجری کے بعد مریض کو کچھ وقت نگرانی میں رکھا جاتا ہے اور اکثر اسی دن گھر بھیج دیا جاتا ہے۔ ابتدائی دنوں میں درج ذیل علامات سامنے آ سکتی ہیں:

٭ دھندلی نظر

٭ آنکھوں سے پانی آنا

٭ روشنی سے حساسیت

٭ دوہری نظر، یعنی ایک ہی چیز کی دو تصویریں نظر آنا

٭ پلکوں میں سوجن اور سن ہونا

٭ نیلاہٹ اور سوجن

٭ ہلکا درد یا تکلیف

بحالی کے دوران احتیاطیں

کرنے کے کام

٭ پہلے رات ہر گھنٹے 10 منٹ کے لیے آئس پیک استعمال کریں

٭ اگلے دن 4 سے 5 بار برف لگائیں

٭ تجویز کردہ آنکھوں کے قطرے یا مرہم استعمال کریں

٭ چند دن سر اونچا رکھ کر آرام کریں

٭ سوجن کم کرنے کے لیے ٹھنڈے کمپریس استعمال کریں

٭ دھوپ اور ہوا سے بچاؤ کے لیے چشمہ پہنیں

اجتناب کریں

٭ ایک ہفتے تک بھاری کام، ورزش، تیراکی یا دوڑ سے پرہیز کریں

٭ تمباکو نوشی نہ کریں

٭ آنکھوں کو نہ ملیں

٭ تقریباً دو ہفتے کانٹیکٹ لینز استعمال نہ کریں

٭ خون پتلا کرنے والی ادویات ڈاکٹر کی اجازت کے بغیر دوبارہ شروع نہ کریں

اگر ٹانکے لگائے گئے ہوں تو انہیں ہٹوانے کے لیے مقررہ وقت پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

ڈاکٹر سے رابطہ

ان صورتوں میں فوراً طبی مدد لیں:

٭ سانس لینے میں دشواری

٭ سینے میں درد

٭ غیر معمولی دل کی دھڑکن

٭ شدید آنکھ درد

٭ خون بہنا

٭ بینائی میں اچانک خرابی

نتائج اور اثرات

زیادہ تر مریض اس سرجری کے بعد خود اعتمادی میں اضافہ محسوس کرتے ہیں۔ بعض افراد میں نتائج طویل عرصے تک برقرار رہتے ہیں جبکہ کچھ میں وقت کے ساتھ پلکوں کا جھکاؤ دوبارہ ظاہر ہو سکتا ہے۔

عام طور پر سوجن اور نیلاہٹ 10 سے 14 دن میں کم ہو جاتی ہے۔ سرجیکل نشانات کو مدھم ہونے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔ اس دوران آنکھوں کے نازک حصے کو دھوپ سے بچانا ضروری ہوتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️

https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=ophthalmologist

Vinkmag ad

Read Previous

ایکو کارڈیو گرام

Read Next

فیریٹِن ٹیسٹ: آئرن کے ذخیرے کا اندازہ

Leave a Reply

Most Popular