Vinkmag ad

ایسوفیجیکٹومی: غذائی نالی نکالنے کی سرجری

Elderly patient receiving hospital care, illustrating recovery and postoperative care associated with esophagectomy.

ایسوفیجیکٹومی (Esophagectomy) میں منہ کو معدے سے ملانے والی غذائی نالی یا اس کا کچھ حصہ نکال دیا جاتا ہے۔ بعد میں عموماً معدے کے ایک حصے سے نئی غذائی نالی بنائی جاتی ہے۔

کیوں کیا جاتا ہے

یہ سرجری زیادہ تر غذائی نالی کے کینسر کے علاج کے لیے کی جاتی ہے۔ بعض غیر سرطانی بیماریوں میں بھی اس کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ ان میں آخری مرحلے کا اکلیزیا (Achalasia)، غذائی نالی کی شدید تنگی یا نقصان دہ مادہ نگلنے سے ہونے والی خرابی شامل ہیں۔ اکلیزیا میں غذائی نالی سے معدے تک خوراک پہنچنے میں دشواری ہوتی ہے۔

سرجری سے پہلے

سرجری سے پہلے کینسر کے مرحلے اور مریض کی صحت کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ ضرورت کے مطابق سی ٹی سکین، پی ای ٹی سکین، اینڈوسکوپی اور بایوپسی کی جاتی ہے۔ بعض مریضوں کو سرجری سے پہلے کیموتھراپی، ریڈی ایشن تھراپی یا دونوں کی ضرورت ہوتی ہے۔

غذا اور ادویات

٭ ڈاکٹر کو اپنی تمام ادویات، خصوصاً خون پتلا کرنے والی ادویات کے بارے میں بتائیں

٭ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق سرجری سے پہلے کھانا پینا بند کریں

٭ سرجری سے پہلے سگریٹ نوشی ترک کریں

دیگر احتیاطی تدابیر

٭ ہسپتال میں قیام اور گھر واپسی کے لیے ضروری انتظامات کریں

٭ اپنی ادویات، طبی ہدایات اور ذاتی استعمال کی ضروری اشیا ساتھ رکھیں

٭ ادویات سے الرجی یا سابقہ ری ایکشن کے بارے میں ڈاکٹر کو بتائیں

سرجری کے دوران

سرجن اوپن سرجری یا چھوٹے کٹس کے ذریعے غذائی نالی کا متاثرہ حصہ نکالتا ہے۔ ضرورت کے مطابق معدے کا اوپری حصہ اور قریبی لمف نوڈز (لمفی غدود) بھی نکالے جاتے ہیں۔

عموماً معدے اور بعض صورتوں میں چھوٹی یا بڑی آنت کے حصے سے نئی غذائی نالی بنائی جاتی ہے۔ سرجری کی نوعیت کا انحصار کینسر کی جگہ اور مرحلے پر ہوتا ہے۔

پروسیجر کے بعد

سرجری کے بعد مریض کو کچھ دن ہسپتال میں رہنا پڑتا ہے۔ ابتدا میں پیٹ کے راستے چھوٹی آنت تک پہنچائی گئی ٹیوب سے غذا دی جاتی ہے۔

صحت یابی کے دوران نگلنے کی صلاحیت اور غذائی نالی کے نئے جوڑ کا معائنہ کیا جاتا ہے۔ ڈاکٹر کی اجازت سے منہ کے ذریعے غذا لینا شروع کی جاتی ہے۔

معدے کا حجم کم ہونے کی وجہ سے مریض کو تھوڑی مقدار میں بار بار کھانا پڑتا ہے۔ وزن کم ہونے پر پروٹین کی حامل غذا تجویز کی جا سکتی ہے۔

خطرات

اس سرجری کی ممکنہ پیچیدگیاں یہ ہیں:

٭ نمونیا اور سانس کے مسائل

٭ خون بہنا یا انفیکشن

٭ کھانسی اور آواز میں تبدیلی

٭ سرجری کے دوران بنائے گئے نئے جوڑ سے خوراک یا رطوبت کا باہر نکلنا

٭ معدے کے تیزاب یا بائل کا غذائی نالی میں واپس آنا

٭ متلی، قے یا اسہال

٭ نگلنے میں دشواری

٭ دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی، مثلاً ایٹریل فبریلیشن

٭ موت

نتائج

سرجری کے بعد زندگی کے معیار میں بہتری آ سکتی ہے، تاہم بعض مریضوں میں علامات برقرار رہتی ہیں۔

ڈاکٹر باقاعدہ فالو اَپ کے علاوہ ان امور پر توجہ دینے کی ہدایت کر سکتا ہے:

٭ پھیپھڑوں کی کارکردگی کی بحالی

٭ درد کا علاج

٭ غذائیت کا جائزہ

٭ نفسیاتی مدد

سرطان دوبارہ ہونے کا امکان بھی موجود رہتا ہے۔ باقاعدہ معائنے اور ٹیسٹ اس کی بروقت تشخیص اور مزید علاج میں مدد دیتے ہیں۔

Frequently Asked Questions (FAQs)

غذائی نالی نکالنے کے بعد نئی نالی کیسے بنائی جاتی ہے؟

عموماً معدے کے ایک حصے سے نئی غذائی نالی بنائی جاتی ہے۔ بعض صورتوں میں چھوٹی یا بڑی آنت استعمال ہوتی ہے۔

کیا یہ سرجری روبوٹ کی مدد سے ہو سکتی ہے؟

جی ہاں، بعض مریضوں میں روبوٹ کی مدد سے چھوٹے کٹس کے ذریعے یہ سرجری کی جاتی ہے۔

سرجری کے بعد غذا کیسے دی جاتی ہے؟

ابتدا میں ٹیوب کے ذریعے غذا دی جا سکتی ہے۔ بعد میں مریض بتدریج منہ سے کھانا شروع کرتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ مزید معلومات کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ڈاکٹرز سے رجوع کریں۔

 

Vinkmag ad

Read Previous

شیر خوار بچوں میں سانس کے انفیکشن کی علامات کی شرح دوگنا، گیلپ رپورٹ

Read Next

سیریبرل کیورنس میلفارمیشنز: خون کی نالیوں کی غیرمعمولی ساخت

Leave a Reply

Most Popular