Vinkmag ad

سیریبرل کیورنس میلفارمیشنز: خون کی نالیوں کی غیرمعمولی ساخت

Doctor attending to a young hospital patient, illustrating clinical care for cerebral cavernous malformations (CCMs).

سیریبرل کیورنس میلفارمیشنز (Cerebral Cavernous Malformations) یا سی سی ایم دماغ یا ریڑھ کی ہڈی میں خون کی نالیوں کے غیرمعمولی مجموعے ہیں۔ ان نالیوں میں خون آہستہ بہتا ہے اور اس میں کلاٹ بن سکتے ہیں۔ خون کی نالیوں کے یہ مجموعے شہتوت جیسے دکھائی دیتے ہیں۔ دیواریں پتلی ہونے کے باعث ان سے خون بہنے کا خطرہ رہتا ہے۔

علامات

زیادہ تر افراد میں سیریبرل کیورنس میلفارمیشنز (CCMs) کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوتی۔ ظاہر ہونے والی علامات کا انحصار دماغ یا ریڑھ کی ہڈی میں ان کے مقام پر ہوتا ہے۔ ممکنہ علامات میں شامل ہیں:

٭ دورے پڑنا

٭ دماغ میں خون بہنے سے فالج

٭ شدید سر درد

٭ بازوؤں یا ٹانگوں میں کمزوری یا سن ہونا

٭ بولنے میں دشواری

٭ یادداشت اور توجہ میں کمی

٭ توازن برقرار رکھنے یا چلنے میں مشکل

٭ نظر دھندلانا یا دوہرا دکھائی دینا۔ دوہرا دکھائی دینے (Double vision) سے مراد ایک ہی چیز کا دو الگ الگ صورتوں میں نظر آنا ہے۔

ریڑھ کی ہڈی میں یہ خرابی ہونے سے بازوؤں یا ٹانگوں کی حرکت اور محسوس کرنے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔ مثانے اور آنتوں کے مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔

بار بار خون بہنے سے علامات وقت کے ساتھ بڑھ سکتی ہیں۔ دوبارہ خون بہنے کا مسئلہ جلد یا کئی سال بعد بھی پیش آ سکتا ہے۔ تاہم بعض افراد میں ایسا کبھی نہیں ہوتا۔

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں

دورے پڑنے یا دماغ میں خون بہنے کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طبی امداد حاصل کریں۔

وجوہات

زیادہ تر کیورنس میلفارمیشنز کسی واضح وجہ کے بغیر بنتی ہیں۔ اسے خودبخود پیدا ہونے والی قسم کہتے ہیں۔ اس میں عموماً خون کی نالیوں کا ایک ہی غیر معمولی مجموعہ ہوتا ہے۔ خاندان میں بھی اس بیماری کی ہسٹری نہیں ہوتی۔

اس قسم کے ساتھ اکثر ایک غیر معمولی ورید بھی موجود ہوتی ہے۔ اسے ڈیولپمنٹل وینس اینوملی (DVA) کہتے ہیں۔

تقریباً 20 فیصد کیسز موروثی ہوتے ہیں۔ اس قسم کو فیملیئل کیورنس میلفارمیشن سنڈروم کہتے ہیں۔ اس میں خاندان کے دیگر افراد بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ عموماً خون کی نالیوں کے ایک سے زیادہ غیر معمولی مجموعے موجود ہوتے ہیں۔

خطرے کے عوامل

خاندان میں اس بیماری کی ہسٹری ہونے سے موروثی قسم کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس قسم میں وقت کے ساتھ خون کی نالیوں کے مزید غیر معمولی مجموعے بن سکتے ہیں۔

تتحقیق کے مطابق تین جینز (CCM1، CCM2 اور CCM3) میں مخصوص تبدیلیاں اس بیماری کی موروثی قسم کا سبب بنتی ہیں۔ یہ جینز خون کی نالیوں کی دیواروں کی مضبوطی برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

پیچیدگیاں

بار بار خون بہنا اس بیماری کی سنگین پیچیدگی ہے۔ اس کے نتیجے میں فالج اور اعصابی نظام کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہوتا ہے۔

جن افراد میں پہلے خون بہہ چکا ہو، ان میں دوبارہ ایسا ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔ دماغ کے نچلے حصے، یعنی برین سٹیم میں موجود سی سی ایمز میں بھی یہ خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

بچاؤ کی تدابیر

فی الحال اس بیماری سے بچاؤ کا کوئی مؤثر طریقہ معلوم نہیں۔ موروثی قسم کے حوالے سے جینیاتی مشاورت مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

تشخیص

اکثر افراد میں کوئی علامت ظاہر نہیں ہوتی۔ ایسے میں کسی دوسری طبی وجہ سے کیے گئے دماغ کے سکین میں یہ خرابی سامنے آتی ہے۔ تشخیص کے لیے ڈاکٹر یہ ٹیسٹ تجویز کر سکتے ہیں:

ایم آر آئی: اس کے ذریعے دماغ یا ریڑھ کی ہڈی کی تفصیلی تصاویر حاصل کی جاتی ہیں۔

سپٹبیلٹی ویٹڈ امیجنگ (SWI): ایم آر آئی کی یہ جدید تکنیک خون کی نالیوں کے بہت چھوٹے غیر معمولی مجموعوں کی شناخت میں مدد دیتی ہے

جینیاتی ٹیسٹ: خون یا تھوک کے نمونے سے متعلقہ جینیاتی تبدیلیوں کی شناخت کی جاتی ہے۔ ضرورت کے مطابق جینیاتی مشاورت بھی فراہم کی جاتی ہے

7 ٹیسلا ایم آر آئی (7T MRI): اس جدید سکین سے دیگر دماغی بیماریوں سے فرق کرنے اور علاج کی منصوبہ بندی میں مدد ملتی ہے

علاج

سیریبرل کیورنس میلفارمیشنز کے علاج میں نیورولوجسٹ اور نیورو سرجن اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تشخیص اور سکین کے جائزے میں نیورو ریڈیولوجسٹ کی خدمات بھی حاصل کی جاتی ہیں۔ علاج کا انتخاب علامات، سکین کے نتائج اور بیماری کی شدت کے مطابق ہوتا ہے۔

علاج کے بنیادی طریقے باقاعدہ طبی نگرانی، سرجری اور ادویات ہیں۔

سرجری کی منصوبہ بندی کے لیے جدید امیجنگ تکنیکیں بھی استعمال کی جاتی ہیں۔ فنکشنل ایم آر آئی دماغ کے فعال حصوں میں خون کے بہاؤ میں تبدیلیوں کی پیمائش کرتا ہے۔ ٹریکٹوگرافی دماغ کے اہم اعصابی راستوں کا نقشہ بنانے کی تکنیک ہے۔ ان دونوں تکنیکوں سے سرجری کو زیادہ محفوظ بنانے میں مدد ملتی ہے۔

Frequently Asked Questions (FAQs)

کیا سیریبرل کیورنس میلفارمیشنز خطرناک ہیں؟

ضروری نہیں، تاہم خون بہنے کی صورت میں سنگین اعصابی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

کیا یہ بیماری موروثی ہوتی ہے؟

تقریباً 20 فیصد کیسز موروثی ہوتے ہیں۔

کیا اس بیماری کا علاج ممکن ہے؟

جی ہاں، طبی نگرانی، ادویات یا سرجری کے ذریعے علامات اور پیچیدگیوں پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔

نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ مزید معلومات کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ڈاکٹرز سے رجوع کریں۔

ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️

https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=neurosurgery

Vinkmag ad

Read Previous

ایسوفیجیکٹومی: غذائی نالی نکالنے کی سرجری

Leave a Reply

Most Popular