گوادر میں ڈاکٹروں نے ٹریفک حادثے میں شدید زخمی 17 سالہ نوجوان کی پیچیدہ برین سرجری کامیابی سے انجام دی۔ بروقت علاج اور سرجری سے نوجوان کی جان بچ گئی۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق گوادر کا رہائشی سلمان ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوا تھا۔ اسے تشویشناک حالت میں پاک چین فرینڈشپ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ میڈیکل ٹیم نے فوری طبی امداد کے بعد پیچیدہ برین سرجری کا فیصلہ کیا۔ محدود طبی وسائل اور آلات کے باوجود سرجری کامیابی سے مکمل کی گئی۔ سلمان کے اہل خانہ نے بروقت علاج اور کامیاب سرجری پر میڈیکل ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
150 بستروں پر مشتمل ہسپتال گوادر اور گردونواح کے لوگوں کو مختلف طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ یہاں ایمرجنسی، جنرل سرجری، آرتھوپیڈکس، یورولوجی، بچوں اور خواتین کے امراض سمیت مختلف شعبے قائم ہیں۔ سی ٹی سکین، لیبارٹری اور بلڈ بینک کی سہولیات بھی دستیاب ہیں۔ ہسپتال میں 24 گھنٹے ایمرجنسی سروس فراہم کی جاتی ہے۔ یہاں مختلف پیچیدہ اور کم تکلیف دہ طریقہ علاج بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔