تیز قدمی کے فوائد
مشہوریونانی معالج اورمفکر ہیپوکریٹس نے دوہزارسال قبل پیدل چلنے کے بارے میں کہا تھا کہ یہ عمل انسان کے لئے بہترین دوا ہے۔اسی بات کا خلاصہ یونیورسٹی آف کیمبرج کی ایک تحقیق میں یوں بیان کیا گیا ہے کہ روزانہ 20منٹ کی تیزقدمی قبل ازوقت موت کے خطرے کو ایک تہائی حد تک کم کرتی ہے۔ تیز قدمی کے فوائد یہ ہیں
وزن میں کمی
ڈاکٹرضیا ء الدین یونیورسٹی کراچی کے فیزیوتھیراپسٹ ڈاکٹرشکیل احمد کا کہنا ہے کہ وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد دن میں کم ازکم 60منٹ ضرورتیزقدمی کریں ۔ اس کے ساتھ اپنی خوراک کو بھی متوازن رکھیں۔ اگر کوئی شخص سمجھتا ہے کہ ورزش جاری رکھتے ہوئے وہ مرغن غذائیں بھی کھاتا رہے لیکن اس کا وزن نہ بڑھے تو ایسا ممکن نہیں۔ متوازن غذا اورمناسب ورزش سے کم وقت میں زیادہ فوائد حاصل کئے جا سکتے ہیں‘ یہاں تک کہ تین ماہ میں 5 سے 10کلو تک وزن کم کیا جا سکتا ہے۔
دل کی صحت
ہارٹس انٹرنیشنل راولپنڈی کے ماہرِامرض قلب ڈاکٹراسد اسلام کے مطابق تیزپیدل چلنے سے دل کے پٹھے مضبوط اوردھڑکن تیزہوتی ہے۔ اس طرح شریانوں میں خون کی گردش بھی بہترہوتی ہے جس سے میٹابولزم بھی ٹھیک ہوتا ہے۔ جو لوگ تیزقدمی نہیں کرتے‘ انہیں سب سے پہلے موٹاپا گھیرتا ہے۔ اس کے بعد شوگر‘ بلڈ پریشراورآخرمیں دل کی بیماریاں لاحق ہو جاتی ہیں۔
موڈ پرمثبت اثر
کے آرایل ہسپتال اسلام آباد کے شعبہ نفسیاتی علاج کی معالج ڈاکٹرسنعیہ اخترکہتی ہیں کہ ورزش سے دماغ میں کچھ کیمیکلزخارج ہوتے ہیں جنہیں انڈورفنزکہا جاتا ہے۔ ان کی وجہ سے موڈ بہترہوتا ہے۔
اچھی دماغی صحت
ڈاکٹرسنعیہ اخترکے مطابق جم میں ورزش کا اپنا اثر ہے لیکن سرسبزجگہوں پر تیزقدمی یا ورزش سے نیند بہتر‘ ذہنی دباؤمیں کمی اورموڈ پراچھا اثرپڑتا ہے۔
تیزقدمی دماغی صحت اورذہنی سکون کے لئے نہایت ضروری ہے۔ یہ عمل صبح کے وقت کیا جائے تودوگنا فائدہ ہوتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ صبح کی فضا گردوغبارسے پاک ہوتی ہے۔ صاف اورتازہ آکسیجن پھیپھڑوں میں جانے سے آنکھیں روشن، چہرہ سرخ اوردماغی و جسمانی پٹھے مضبوط ہوتے ہیں۔ اس سے سارا دن کام کرنے کے بعد بھی تھکاوٹ اوراکتاہٹ محسوس نہیں ہوتی۔
morning walk, benefits of morning walk, good mental health, good mood, healthy heart, weight loss
