ماہرین صحت کے مطابق ہر 10 میں سے ایک خاتون زچگی کے بعد پی این ڈی (Postnatal Depression) کا شکار ہوتی ہے۔ یہ ڈپریشن عموماً تین سے چھ ماہ تک رہتا ہے۔ اگر یہ شدید نوعیت کا ہو تو مائیں خود کو یا بچے کو نقصان بھی پہنچا سکتی ہیں۔ زچگی کے بعد ڈپریشن ان خواتین میں زیادہ عام ہے جو حمل کے دوران یا اس سے قبل بھی ڈپریشن کی شکار رہی ہوں۔ اس کی بڑی وجہ دوران حمل ایسٹروجن اور پروجیسٹرون ہارمونز کی مقدار میں تیزی سے اضافہ جبکہ پیدائش کے بعد ان کا اسی رفتار سے معمول کی سطح پر واپس آنا ہے۔ اس کی دیگر وجوہات تھکاوٹ اور نیند کی کمی ہو سکتی ہیں۔
وجوہات اور علامات
زچگی کے بعد ڈپریشن کی دیگر وجوہات میں نفسیاتی عوامل مثلاً خاتون کا اس سے پہلے اسقاط حمل اور معاشرتی عوامل مثلاً شوہر یا سسرال کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ بچے کی جنس توقعات کے مطابق نہ ہونا، معاشی مسائل اور نئی ذمہ داریوں کا احساس بھی اس کا سبب بن سکتے ہیں۔
متاثرہ خواتین بچے سے لاتعلق دکھائی دیتی ہیں اور اس کا خیال نہیں رکھتیں۔ دماغ پر منفی خیالات سوار رہنا، جذباتی عدم تحفظ، باتوں اور رویے میں مایوسی اور چڑ چڑاپن اس کی علامات ہیں۔ توانائی میں کمی، بے خوابی کی کیفیت، بھوک کم ہو جانا، ازدواجی تعلقات میں عدم دلچسپی اور احساس تنہائی میں اضافہ بھی اس کی طرف اشارہ ہیں۔ بعض اوقات انہیں یہ خوف بھی ہوتا ہے کہ وہ اچھی ماں ثابت نہیں ہوسکیں گی۔
نپٹیں کیسے
وہ مائیں جن کی جذباتی اور جسمانی طور پر دیکھ بھال کی جائے وہ اس میں کم مبتلا ہوتی ہیں۔ اگر ہو جائیں تو جلد چھٹکارا پا لیتی ہیں۔ اس کیفیت سے نپٹنے میں یہ ہدایات معاون ثابت ہو سکتی ہیں:
٭ ابتدائی آسان اورمؤثر ترین طریقہ علاج گفتگو ہے۔ لہٰذا اپنے شوہر، دوست احباب یا گھر کے کسی بھی فرد کو اس مسئلے سے آگاہ کریں۔ ضرورت پڑنے پرسائیکو تھیراپسٹ کی مدد بھی لی جاسکتی ہے۔
٭ جسمانی تھکن کی وجہ سے گھر اور بچے کی ذمہ داریاں پوری کرنا مشکل ہو تو اہل خانہ کی مدد لیں۔
٭ متحرک رہیں۔ اس سے نہ صرف جسم بلکہ ذہن پر بھی مثبت اثرات ہوتے ہیں۔
٭ صحت بخش غذا کھائیں۔
٭ اپنی نیند اور آرام کا بطور خاص خیال رکھیں۔
٭ دن بھر میں کچھ وقت ان سرگرمیوں کو دیں جن سے آپ کو خوشی محسوس ہوتی ہے۔ مثلاً کتاب پڑھنا، باغبانی اور سکن کیئر وغیرہ۔
٭ معالج اینٹی ڈپریسنٹ ادویات تجویز کرے توان کا باقاعدگی سے استعمال کریں۔
٭ وقفے کے بغیر حمل آپ کو جسمانی، جذباتی اور نفسیاتی اعتبار سے متاثر کرتا ہے۔ اس لیے اولاد میں مناسب وقفہ ضرور رکھیں۔