Vinkmag ad

باتھ روم میں خطرات

غسل خا نہ ہر گھر کی اہم اور بنیادی ضرورت ہے لیکن بعض اوقات یہی اہم جگہ اہل خانہ کے لئے خطرناک اور بعض صورتوں میں جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے ۔ذیل میں باتھ روم سے متعلق ممکنہ خطرات اورگھر کے بڑوں اوربچوںکو ان سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے بات کی جا رہی ہے:

پھسل کر گرنے کا خطرہ
باتھ رورم میں پانی کے زیادہ استعمال کی وجہ سے وہاں پھسلن ہو جاتی ہے اورپائوں پھسلنے سے ہڈی ٹوٹنے اور سر پر چوٹ لگنے کے واقعات اکثرسننے میں آتے ہیں۔ ان حادثات سے بچنے کے لئے درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیارکریں:

٭ غسل خانے میں استعمال کے لئے الگ سے ایسے چپل رکھیںجن کے پھسلنے کا امکان کم سے کم ہو۔
٭ باتھ روم کے فرش کو اچھی طرح سے خشک کریں۔
٭ ٹائیلٹ اور شاور کے پاس سہارے کے لئے ہینڈل لگائیں ۔ اس انتظام سے بھی گرنے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں ۔
٭ شاور کے نیچے یا نہانے کی جگہ پر کھردر ے ربڑکی شیٹ رکھیں اور اسی پر رہتے ہوئے نہائیں۔
٭ غسل خانے میں روشنی کا مناسب انتظام ہونا چاہیے تاکہ اندھیرے میں ٹھوکر کھا کر گرنے کا اندیشہ بھی نہ رہے۔
٭ ایسے چھوٹے بچوں کو باتھ روم اکیلے نہ جانے دیں جنہوں نے نیا نیا چلناسیکھا ہو ۔ کوشش کریں کہ اس کا دروازہ بندہی رہے ۔

صفائی کے لئے کیمیائی محلول
عام طور خواتین باتھ روم میں کموڈ ــ‘واش بیسن اور فرش وغیرہ کی صفائی کے لئے کیمیائی محلولوں کا استعمال کرتی ہیں ۔ ان محلولوں کی افادیت اپنی جگہ لیکن یہ خطرناک بھی ثابت ہو سکتے ہیں۔درج ذیل معلومات ان سے بچنے میں مفید ثابت ہو سکتی ہیں ۔
٭ خواتین کو چاہیے کہ وہ جب باتھ روم کی صفائی کے لئے کیمیائی محلولوں کواستعمال کریں تو اپنے ہاتھوں ‘چہرے اور آنکھوں کاخاص طور پر خیال رکھیں۔بہتر یہ ہے کہ اپنے ہاتھوں پر دستانے پہن لیں۔
٭ جب صفائی کر لیں تو باتھ روم کا دروازہ اور روشن دان کھول دیں۔اگروہاں ایگزاسٹ فین لگا ہوتو اسے آن کر لیں۔
٭ مائوتھ واش ‘ ٹوتھ پیسٹ اور صفائی میں استعمال ہونے والے کیمیائی محلول چھوٹے بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں۔

کرنٹ کے امکانات
گھر کے دیگر کمروں کی طرح باتھ روم میں بھی کرنٹ لگ سکتا ہے اور اگر جسم گیلا ہو توکرنٹ شدید بھی ہو سکتا ہے‘ اس لئے کہ پانی ایک اچھا موصل ہے جس میں سے کرنٹ با آسانی گزر سکتا ہے۔اس لئے :
٭ باتھ روم میںجب بجلی کی وائیرنگ کرائی جائے تو اس کے لئے الگ سے سرکٹ بریکر کا استعمال کریں تاکہ شارٹ سرکٹ کی صورت میں یہاں بجلی کی سپلائی منقطع ہو جائے۔
٭ اکثر گھر وں میں پانی کو گرم کرنے کے لئے الیکٹرک گیزر استعمال ہوتے ہیں ۔ بعض اوقات ان میں نقص پیدا ہونے کی صورت میں کرنٹ لگ سکتا ہے ۔اس لئے گیزروں کی دیکھ بھال کراتے رہنا چاہئے ۔
٭ اگر باتھ روم میں بجلی کی مرمت کاکا م کرنا ہوتو گھر کی مین سپلائی لائن بند کردیں ۔ اس کے علاوہ ناکارہ بلب یا ٹیوب لائیٹ تبدیل کرنا ہوتو کسی خشک لکڑی کے تختے پر کھڑے ہوں۔
٭ باتھ روم میں بجلی سے چلنے والے آلات پانی سے دور رکھیں۔

پانی سے خطرہ
باتھ روم میں پانی سے متعلق خطرات درج ذیل ہیں:
٭ چھوٹے بچے کسی نہ کسی طرح غسل خانے میںپہنچ ہی جاتے ہیں۔ اگر اس وقت بالٹی یا ٹب وغیرہ پانی سے بھر ے ہوں تو وہ ان میں گر سکتے ہیں اوران کا سانس بند ہو سکتا ہے ۔اسی طرح چھوٹے بچوں کوتھوڑی دیر کے لئے بھی پانی کے ٹب کے پاس اکیلا نہ چھوڑیں‘ اس لئے کہ ان کے ڈوبنے کے لئے چند لمحے ہی کافی ہوتے ہیں۔

تہمینہ نجیب

Vinkmag ad

Read Previous

ورزش بھی‘ لطف بھی فٹ بال کا کمال

Read Next

اپنے تصورات درست کیجئے

Leave a Reply

Most Popular