Vinkmag ad

اپنے تصورات درست کیجئے

لیفٹ ہینڈرز‘ زیادہ ذہین
٭ بائیں ہاتھ سے کام کرنے یا لکھنے والے دائیں ہاتھ والوں سے زیادہ ذہین اور ہنر مند ہوتے ہیں۔
٭٭ یہ مفروضہ محض عمومی مشاہدے پر مبنی ہے جس کا کوئی سائنسی ثبوت نہیں ہے۔ بائیں ہاتھ سے کام کرنے والے بہت سے افراد جہاںاچھے آئی کیو کے مالک ہوتے ہیں‘ وہاں ایسے افراد کی بھی کمی نہیں جوکُند ذہن ہیں۔کوئی شخص اپنی فیلڈ میں کس قدر آگے جاتا ہے‘ اس بات کا انحصار اس کی پرورش، اسے ملنے والے مواقع اور اس کی شخصیت کے کئی پہلوؤں پر ہے۔
یہاں میں اس بات پر بھی روشنی ڈالنا چاہوں گا کہ لوگ ’’لیفٹی‘‘ کیوں ہوتے ہیں۔ بات یہ ہے کہ ہمارا دماغ دو حصوں پر مشتمل ہے۔ اگر بایاں حصہ غالب ہو تو بچہ اپنے تمام کام دائیں ہاتھ سے نپٹانے والا ہو گا اس کے برعکس اگر دایاںحصہ غالب ہے تو بچہ بائیں ہاتھ سے کام کرنے والا ہو گا۔ اس ضمن میںبعض اوقات موروثی عوامل بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔ اگر والدین یا ان میں سے کوئی ایک لیفٹی ہو تو اس بات کا امکان ہوتاہے کہ بچے کا بایاں ہاتھ دائیں کی نسبت زیادہ زور آور ہو اور وہ اپنے بیشتر کام اسی سے کرے گا۔
(ڈاکٹر محمد ریحا ن اپل‘ ماہر نفسیات‘اسلام آباد)

شہد‘ تمام بیماریوں کاعلاج
٭ شہد ہر طرح کی بیماریوں کاشافی علاج ہے
٭٭ ایک حد تک یہ مفروضہ درست ہے کہ شہد میں تمام بیماریوں کے لئے شفاہے تاہم اس کا خالص ہونا اولین شرط ہے۔ خالص شہد ملنا بہت مشکل ہے جس کا استعمال کولیسٹرول اور دل کے مریضوں کے لئے فائدہ مند ہے۔ اگر سردیوں کے موسم میں بچوں کو کھلایاجائے تو وہ ٹھنڈ کے مضر اثرات سے بچے رہتے ہیں۔ اگرچہ شہد کے بہت سے فوائد ہیں تاہم ہر چیز کی طرح اس کے استعمال میں بھی اعتدال کے پہلو کو ملحوظ خاطر رکھنا ضروری ہے۔ ذیابیطس کے مریضوں کو چاہئے کہ دن میں چائے کے ایک چمچ سے زیادہ شہد نہ لیں۔
(فریحہ ذیشان ‘میڈیکل سپیشلسٹ ‘کراچی)

گلے میں خراش‘ کھانسی اور چاول
٭ گلے میں خراش اور کھانسی کی صورت میں چاول نہ کھائیں۔
٭٭ ہمارے ہاں یہ سمجھا جاتا ہے کہ گلا خراب ہونے کی صورت میں اگر چاول کھائے جائیں تو گلا مزید بگڑ جاتا ہے حالانکہ چاولوں کا گلے کی خرابی سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ نہ تو بلغم پیدا کرتے ہیں اور نہ ہی انہیں کھانے سے کھانسی ہوتی ہے۔ چاول اور اناج ہماری خوراک کے دو بنیادی اجزاء ہیںجو ہماری روزانہ کی کیلوریز(توانائی) کی ضرورت پوری کرتے ہیں۔ ہر قوم کا الگ مزاج ہوتا ہے۔ ہم لوگ گندم اور چاول‘ دونوں کو خوراک کے بنیادی اجزاء کے طور پر استعمال کرتے ہیں جبکہ چین اور بنگال میں رہنے والے لوگوں کا انحصار کلی طور پر چاولوں پر ہی ہوتا ہے۔ وہ گلے کی خرابی کے باوجود چاول کھانا نہیں چھوڑتے۔ گلے کی خرابی زیادہ تر انفیکشن اور تیزابیت کی وجہ سے ہوتی ہے۔ ایسے میں چاول چھوڑنے کا کوئی جواز نہیں ۔
(ڈاکٹر غلام ثقلین‘ماہر ناک کان گلا‘ اسلام آباد)

Vinkmag ad

Read Previous

باتھ روم میں خطرات

Read Next

مسائل سے کیسے نپٹیں

Leave a Reply

Most Popular