Vinkmag ad

بنیادی جسمانی درجہ حرارت اور حمل کی منصوبہ بندی

Woman carefully measuring her basal body temperature with a digital thermometer

بنیادی جسمانی درجہ حرارت (Basal Body Temperature) کا طریقہ حمل کی منصوبہ بندی اور منع حمل کا ایک مؤثر قدرتی طریقہ ہے۔ اسے عموماً صبح بیدار ہونے کے فوراً بعد چیک کیا جاتا ہے، جب جسمانی سرگرمی ابھی شروع نہیں ہوئی ہوتی۔ بیضہ بننے کے دوران اس درجہ حرارت میں معمولی اضافہ دیکھا جا سکتا ہے۔

سب سے زیادہ فرٹیلیٹی جسمانی درجہ حرارت بڑھنے سے دو سے تین دن پہلے ہوتی ہے۔ روزانہ درجہ حرارت نوٹ کرنے سے بیضہ بننے کے وقت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ اس سے حمل کے امکانات کو بہتر طور پر سمجھا جا سکتا ہے۔

اگر آپ حاملہ ہونا چاہتی ہیں تو یہ طریقہ بہترین دنوں کی نشاندہی میں مدد دیتا ہے۔ اگر آپ حمل سے بچنا چاہتی ہیں تو غیر محفوظ جنسی تعلق سے پرہیز کے دنوں کا تعین کیا جا سکتا ہے۔

صرف یہ طریقہ حمل سے بچاؤ کے لیے مکمل طور پر مؤثر نہیں ہوتا۔ اس لیے اسے اکثر دیگر فرٹیلٹی طریقوں کے ساتھ ملا کر استعمال کیا جاتا ہے۔

کیوں کیا جاتا ہے

آرام کی حالت میں جسمانی درجہ حرارت کو فرٹیلیٹی کے اندازے اور قدرتی مانع حمل طریقے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ اس بات کا تعین کرنے میں مدد دیتا ہے کہ کن دنوں میں جنسی تعلق مناسب ہے یا پرہیز بہتر ہے۔

اس طریقے کے کوئی سائیڈ ایفیکٹس نہیں ہوتے۔ کچھ خواتین اسے ذاتی وجوہات کی بنیاد پر بھی ترجیح دیتی ہیں۔

یہ طریقہ حمل کی ابتدائی نشاندہی میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ اگر بیضہ بننے کے بعد درجہ حرارت 18 دن یا اس سے زیادہ بلند رہے تو یہ ممکنہ حمل کی ابتدائی علامت ہو سکتی ہے۔

سرویکل میوکس مانیٹرنگ

اکثر اسے سرویکل میوکس مانیٹرنگ کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے۔ اس طریقے میں ماہواری کے دوران رحم کے منہ (سروکس) سے نکلنے والی رطوبتوں کا روزانہ مشاہدہ کیا جاتا ہے۔

ان رطوبتوں کی مقدار، رنگ اور گاڑھا پن مختلف دنوں میں بدلتا رہتا ہے۔ کبھی یہ رطوبت خشک یا کم ہوتی ہے۔ کبھی یہ انڈے کی سفیدی جیسی صاف اور کھچاؤ والی ہو جاتی ہے۔ یہ کیفیت زرخیز دنوں کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ بعض صورتوں میں الیکٹرانک فرٹیلیٹی مانیٹر بھی استعمال کیا جاتا ہے جو ہارمونز کی سطح کو جانچتا ہے۔

خطرات

فرٹیلیٹی بڑھانے کے لیے اس طریقے کا استعمال کسی براہ راست خطرے کا باعث نہیں بنتا۔

مانع حمل کے طور پر اس کے بھی کوئی براہ راست جسمانی نقصانات نہیں۔ تاہم یہ جنسی طور پر منتقل ہونے والی بیماریوں سے تحفظ فراہم نہیں کرتا۔ یہ قدرتی خاندانی منصوبہ بندی کے نسبتاً کم مؤثر طریقوں میں شمار ہوتا ہے۔ اسے اپنانے کے باوجود ہر چار میں سے تقریباً ایک یا اس سے زیادہ خواتین ایک سال کے اندر حاملہ ہو سکتی ہیں۔

اس طریقے کو دیگر فرٹیلٹی آگاہی طریقوں کے ساتھ ملا کر استعمال کرنے سے اس کا اثر زیادہ ہوتا ہے۔ تاہم اس کے لیے مسلسل توجہ اور باقاعدگی ضروری ہے۔ اگر حمل سے بچنا مقصد ہو تو فرٹیلیٹی دنوں میں جنسی تعلق سے پرہیز یا رکاوٹ والا طریقہ اختیار کرنا ضروری ہے۔

تیاری کیسے کریں

اس طریقے کے لیے کسی خاص تیاری کی ضرورت نہیں ہوتی، تاہم بعض حالات میں ڈاکٹر سے مشورہ ضروری ہو سکتا ہے اگر:

٭ آپ نے حال ہی میں بچے کو جنم دیا ہو یا ہارمونل مانع حمل ادویات بند کی ہوں

٭ آپ بچے کو دودھ پلا رہی ہوں

٭ آپ مینوپاز کے قریب ہوں

بنیادی جسمانی درجہ حرارت مختلف عوامل سے متاثر ہو سکتا ہے، جن میں شامل ہیں:

٭ بیماری یا بخار

٭ ذہنی دباؤ

٭ شفٹ میں کام کرنا

٭ نیند کے معمولات میں خرابی یا زیادہ نیند

٭ الکحل کا استعمال

٭ سفر اور وقت کے فرق

٭ تولیدی نظام کی بیماریاں

٭ بعض ادویات

طریقہ کار

اس طریقے کو استعمال کرنے کے لیے روزانہ چند بنیادی اقدامات ضروری ہیں:

٭ ہر صبح بستر سے اٹھنے سے پہلے بنیادی جسمانی درجہ حرارت لیں۔ اس کے لیے ڈیجیٹل، اورل یا مخصوص تھرمامیٹر استعمال کریں۔ کم از کم تین گھنٹے کی مسلسل نیند کو یقینی بنائیں۔ درست نتائج کے لیے ضروری ہے کہ درجہ حرارت ہمیشہ ایک ہی طریقے اور تقریباً ایک ہی وقت پر لیا جائے

٭ روزانہ درجہ حرارت کو باقاعدگی سے ریکارڈ کریں اور کسی واضح پیٹرن کو نوٹ کریں۔ یہ کام چارٹ یا موبائل ایپ کے ذریعے کیا جا سکتا ہے

٭ بیضہ بننے کے دوران درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ہوتا ہے، جو عام طور پر آدھے ڈگری سے بھی کم ہوتا ہے۔ اگر یہ اضافہ مسلسل تین دن یا اس سے زیادہ برقرار رہے تو بیضہ بننے کی تصدیق سمجھی جاتی ہے۔

٭ فرٹیلیٹی دنوں میں جنسی تعلق کی منصوبہ بندی احتیاط سے کریں۔ سب سے زیادہ فرٹیلیٹی درجہ حرارت بڑھنے سے تقریباً دو دن پہلے ہوتی ہے۔ سپرم تولیدی نظام میں پانچ دن تک زندہ رہ سکتا ہے

٭ اگر آپ حاملہ ہونا چاہتی ہیں تو یہی سب سے موزوں وقت ہوتا ہے۔ اگر حمل سے بچنا مقصد ہو تو ماہواری کے آغاز سے لے کر درجہ حرارت بڑھنے کے تین سے چار دن بعد تک غیر محفوظ جنسی تعلق سے پرہیز ضروری ہے

٭ اگرچہ مختلف ایپس دستیاب ہیں، لیکن صرف ایک ایپ “نیچرل سائیکلز” کو امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے حمل سے بچاؤ کے لیے منظور کیا ہے۔ یہ ایپ روزانہ درجہ حرارت اور دیگر معلومات کی بنیاد پر فرٹیلیٹی دنوں کا اندازہ لگاتی ہے

نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

٭ ڈاکٹر سے رابطے کے لئے لنک پر کلک کریں:

https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=ob-gyne

Vinkmag ad

Read Previous

بیلون انجیوپلاسٹی (کورونری انجیوپلاسٹی) اور سٹنٹ ڈالنا

Read Next

بون سکین

Leave a Reply

Most Popular