Vinkmag ad

حمل میں کمر درد

حمل میں کمر درد

حاملہ خواتین کو اپنے اندر آنے والی جسمانی تبدیلیوں کے باعث کافی مشکلات اور بعض اوقات تکالیف کا سامنا ہوتا ہے۔ ان میں سے ایک کمر درد بھی ہے جوکافی عام ہے۔ یہ دراصل ماں کا وزن بڑھنے، رحم میں بچے کے اضافی بوجھ اور ماں کے چلنے اور بیٹھنے کے غلط انداز کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔ عموماً خواتین اس تناظر میں خود کو بے بس سمجھتی اور برداشت کو ہی واحد حل خیال کرتی ہیں جبکہ یہ درست نہیں۔ ایسے میں ان ہدایات پر عمل فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے ۔

کرنے کے کام

٭بالکل ہموار یا کم اونچی ایڑی والے جوتوں کا انتخاب کریں۔ اونچی ایڑی والے جوتوں میں توازن برقرار رکھنا اور چلنا مشکل ہوگا۔

٭جب بھی اٹھیں تو سیدھا کھڑے ہونے کی کوشش کریں۔ اس کے لئے چھاتی اونچی، کندھے پیچھے کی طرف اور گھٹنے بھی ریلیکس ہونے چاہئیں۔

٭سہارے کے بغیر زیادہ دیر کھڑے نہ ہوں بلکہ کم اونچائی والے سٹول پر ایک پاؤں رکھیں اور دوسرا زمین پر۔ تھوڑی دیر بعد دونوں پاؤں کی جگہ تبدیل کردیں۔

٭زیادہ دیر کے لئے کھڑا ہونا ہو اور سہارا نہ ہو تو وقفے وقفے سے بیٹھ کر کھڑے ہوجائیں۔

٭بیٹھتے ہوئے کمر کے نچلے حصے کے پیچھے تکیہ رکھ دیں۔ اس سے کمر کو سہارا ملے گا۔

٭دائیں یا بائیں کروٹ پر لیٹیں اور ایک یا دونوں گھٹنوں کو مو ڑ کر ان کے درمیان تکیہ رکھ لیں۔پیٹ اور کمر کے نیچے تکیہ رکھنے سے بھی افاقہ ہوتا ہے۔

٭وزنی اشیاء یا بچوں کو اٹھانے سے گریز کریں۔ اگر ہلکی پھلکی چیزیں اٹھانا ہوں تو ایڑی کے بل بیٹھ کر اٹھائیں۔ اسی طرح اٹھتے و قت کمر کے بجائے گھٹنوں پر دباؤ ڈالیں۔

٭صرف درد ہو تو کپڑے کی پوٹلی میں گرم ریت ڈال کر اس سے ٹکور کریں۔ سوجن بھی ہو تو اس مقصد کے لئے برف کی تھیلی استعمال کریں۔

٭روزانہ کم ازکم20 سے30منٹ ہلکی پھلکی واک کریں تاکہ جسم متحرک رہے۔ اس کے علاوہ فزیو تھیراپسٹ کی بتائی گئی مخصوص ورزشیں بھی کر سکتے ہیں۔

ڈاکٹر سے کب رابطہ کریں

بعض اوقات کمر درد قبل از وقت دردِ زہ ( لیبر پین) اور پیشاب کی نالی میں انفیکشن کی طرف اشارہ بھی ہوسکتا ہے۔ اگر ذیل میں بتائی گئی علامات سامنے آئیں تو وقت ضائع کیے بغیر معالج سے رجو ع کریں

٭درد شدید ہویا دو ہفتوں سے زیادہ رہے۔

٭ شرمگاہ سے خون خارج ہو۔

٭بخار ہو ۔

٭پیشاب میں جلن ہو۔

Tips to reduce backpain in pregnancy, hot compresses, right position

Vinkmag ad

Read Previous

بچوں کے دانتوں کی حفاظت

Read Next

ککروں میں کیا کریں

Leave a Reply

Most Popular