Vinkmag ad

بچوں کے دانتوں کی حفاظت

بڑوں کی طرح شیرخوار بچوں کو بھی صحت مند دانتوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان کی مدد سے وہ نہ صرف خوراک کو اچھی طرح چبا سکتے ہیں بلکہ وہ بولنے میں بھی ان کی مدد کرتے ہیں۔

یہ سوال اکثر پوچھا جاتا ہے کہ دانتوں کی صفائی کا عمل کس عمرمیں شروع کردینا چاہئے تو اس کا جواب یہ ہے کہ پہلا دانت نکلنے کے بعد ہی اس کی صفائی ضروری ہوجاتی ہے۔ اس سلسلے میں کچھ اہم امور یہ ہیں۔

پہلا دانت نکلنے کا وقت

بچوں کا پہلا دانت عموماً چھ ماہ کی عمرمیں نکل آتا ہے لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ ایک سال کی عمرتک پہنچنے کے باوجود کچھ بچوں کا کوئی دانت نہ نکلے۔ اس میں پریشانی کی بات نہیں‘ اس لئے کہ ہر بچے کی دانت نکلنے کی عمرمختلف ہوتی ہے۔ عموماً اڑھائی سال کی عمر تک بچوں کے پورے دانت نکل آتے ہیں۔

بعض اوقات پیدائش کے وقت بھی بچے کے منہ میں ایک یا دو دانت ہوتے ہیں لیکن ایسا بہت ہی کم ہوتا ہے۔ اگر وہ دانت ہل نہ رہے ہوں تو پھر کوئی مسئلہ نہیں لیکن اگرہل رہے ہوں تو انہیں نکلوا دینا چاہئے تاکہ بچہ انہیں نگل نہ لے یا اسے دودھ پینے میں دشواری نہ ہو۔

دانت نکلتے وقت تکلیف

کچھ دانت کسی تکلیف کے بغیرنکل آتے ہیں جبکہ کچھ صورتوں میں بچوں کو مسوڑھوں میں تکلیف ہوتی ہے اوروہ سرخ ہو جاتے ہیں۔ بچے اس تکلیف سے بچنے کے لئے کوئی چیز منہ میں ڈال کر چبانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسے میں ان کے منہ سے رال بھی ٹپک سکتی ہے۔ ایسے میں

٭ اسے کوئی ٹھوس چیزدی جا سکتی ہے۔

٭اس بات کا خیال رکھیں کہ وہ ٹھوس چیز صاف ستھری اورجراثیم سے پاک ہو۔ اسے گرم پانی سے دھو کربچے کو منہ میں ڈالنے کے لیے دیں۔

٭مسوڑھوں کی تکلیف میں ڈاکٹر کے مشورے سے دوا استعمال کی جا سکتی ہے۔

والدین کا کردار

٭بچوں کے دانتوں کا معائنہ کرتے رہیں اور ان کی صفائی کا خیال رکھیں۔

٭صحت مند دانت ایک ہی رنگ کے ہوتے ہیں۔ اگر بچے کے دانت پر کوئی داغ دھبہ ہو تو ڈاکٹرکو دکھائیں۔

٭دو سال کی عمر میں بچوں کے لئے خصوصی طور پر تیار کردہ فلورائیڈ ٹوتھ پیسٹ کا استعمال شروع کردینا چاہیے۔ صفائی کے لئے مٹر کے دانے کے برابر ٹوتھ پیسٹ کافی ہوتا ہے۔

٭بچے سات یا آٹھ سال کی عمر تک اپنے دانت خود صاف نہیں کر سکتے۔ اس لیے اس وقت تک دانت صاف کرنے میں ان کی مددکریں اور کچھ دیربرش بچوں کو بھی دیں تاکہ انہیں خود دانت صاف کرنے کی عادت ہو۔

٭جوس اوراکثرمشروبات میں شوگر موجود ہوتی ہے۔ اگر وہ زیادہ دیر تک دانتوں پر لگی رہے تو ان کی خرابی کا باعث بنتی ہے۔ اس لیے چائے‘ جوس یا شربت وغیرہ پینے کے بعد کلی ضرور کریں۔

caring for children’s teeth, dental care, brushing, Dental Hygiene, Children’s teeth , oral health, bachon k daant

Vinkmag ad

Read Previous

ہیپاٹائٹس کی اقسام

Read Next

حمل میں کمر درد

Leave a Reply

Most Popular