ہونٹ چہرے کا ایک پرکشش مگر حساس حصہ ہیں تاہم سردیوں میں خشک اور ٹھنڈی ہوا کے باعث یہ پھٹ جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس موسم میں ان کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ سردیوں میں پھٹے ہونٹوں کی کیئر کیسے کی جا سکتی ہے، آئیے جانتے ہیں۔
پھٹے ہونٹوں کی کیئر کے لیے ہدایات
٭ باہر جانے سے قبل ایسی لِپ بام لگائیں جس میں سن سکرین شامل ہو۔
٭ ہونٹوں کو نم رکھنے کے لیے ان پر بار بار زبان پھیرنے سے اجتناب کریں۔ یہ عمل انہیں مزید خشک کر سکتا ہے۔
٭ ہونٹ پھٹ جائیں تو دانتوں یا انگلیوں سے ان کے چھلکے نہ اتاریں۔ اس سے یہ زخمی ہو جاتے ہیں اور ان میں انفیکشن کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
٭ کافور، سفیدہ (eucalyptus) اور مینتھول ہونٹوں کو مزید خشک کر تے ہیں لہٰذا ان اجزاء پر مشتمل بام نہ خریدیں۔
٭ ایسی بام لگائیں جس میں پیٹرولیم جیلی، نباتاتی تیل اور گلیسرین شامل ہو۔
٭ سردیوں میں پیاس کا احساس کم ہوتا ہے تاہم کوشش کر کے پانی اور دیگر مشروبات زیادہ پیئیں۔
٭ ہونٹوں کی صحت کے لیے وٹامن اے اہم ہے۔ اسے، مچھلی، گاجر، دودھ سے بنی اشیاء اور خوبانی سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
ہونٹوں کے لیے مفید قدرتی اجزاء
٭ ایلوویرا جیل میں پانی کی کافی مقدار ہوتی ہے۔ یہ ہونٹوں کو نم رکھنے کے ساتھ نرم و ملائم بھی بناتی ہے۔
٭ گھی موئسچرائزر کا کردار ادا کرتا ہے۔ اسے سونے سے پہلے ہونٹوں پر لگائیں اور رات بھر چھوڑ دیں۔
٭ گلیسرین اور شہد کا آمیزہ بنا کر ہونٹوں پر لگائیں اور رات بھر چھوڑ دیں۔ پھٹے ہوئے ہونٹوں کے لیے شہد میں شافی اور دافع جراثیم خصوصیات پائی جاتی ہیں۔
٭ ہونٹوں کو گلابی رنگت دینے کے لیے تازہ گلاب کی پتیاں کچے دودھ میں کچھ گھنٹوں کے لیے بھگوئیں۔ پھر اس دودھ کو دن میں کم از کم دوسے تین مرتبہ ہونٹوں پر لگائیں۔
٭ دودھ کی بالائی اور مکھن بھی قدرتی موئسچرائزر کا کام کرتے ہیں۔
٭ چینی ایک قدرتی سکرب ہے جس سے ہونٹوں کی مردہ جلد صاف کی جا سکتی ہے۔ تھوڑا سا شہد اور چینی مکس کرکے ہونٹوں کا مساج کریں۔ پھر تھوڑی دیر بعد انہیں گرم پانی سے دھو کر بام لگا ئیں۔
٭ ناریل کا تیل بھی اس ضمن میں مفید ثابت ہوتا ہے۔ اسے ہلکا گرم کر کے ہونٹوں کا مساج کریں اور رات بھر کے لیے لگا رہنے دیں۔