Vinkmag ad

یپس: ہاتھ یا کلائی کی غیر ارادی حرکات

Golfer using a putter to hit the ball toward the hole, illustrating yips and involuntary hand or wrist movements.

یپس (Yips) میں ہاتھ یا کلائی کے پٹھوں میں غیر ارادی حرکات پیدا ہوتی ہیں۔ یہ کیفیت زیادہ تر گالفرز میں پٹر (گالف کی مخصوص چھڑی) سے گیند کو ہول کی طرف کھیلتے وقت دیکھی جاتی ہے۔ تاہم اس سے کرکٹ، ڈارٹس اور بیس بال سمیت دیگر کھیلوں کے کھلاڑی بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔

پہلے سمجھا جاتا تھا کہ یپس کارکردگی سے متعلق بے چینی کا نتیجہ ہے۔ تاہم، اب معلوم ہوا ہے کہ بعض افراد میں اس کا تعلق اعصابی نظام کی ایک کیفیت سے ہو سکتا ہے جو مخصوص پٹھوں کو متاثر کرتی ہے۔ اسے فوکل ڈسٹونیا کہا جاتا ہے۔

علامات

یپس کی سب سے عام علامت پٹھے میں اچانک غیر ارادی جھٹکا ہے۔ بعض افراد کو کپکپی، پٹھوں کی پھڑکن، کھچاؤ یا حرکت اچانک رک جانے کی کیفیت بھی ہو سکتی ہے۔

وجوہات

بعض افراد میں یپس کی وجہ فوکل ڈسٹونیا ہوتی ہے، جس میں مخصوص کام کے دوران پٹھے غیر ارادی طور پر سکڑتے ہیں۔ ممکنہ طور پر اس کا تعلق پٹھوں کے کسی مخصوص گروپ کے زیادہ استعمال سے ہوتا ہے، جیسا کہ لکھنے کے دوران ہاتھ میں ہونے والے کھچاؤ (Writer’s cramp) میں دیکھا جاتا ہے۔ بے چینی اس کیفیت کو مزید بڑھا سکتی ہے۔

بعض کھلاڑی اپنی کارکردگی کے بارے میں اس قدر فکرمند ہو جاتے ہیں کہ ضرورت سے زیادہ سوچنے سے ان کی توجہ بٹنے لگتی ہے۔ کارکردگی سے متعلق شدید بے چینی کی ایک انتہائی شکل چوکنگ (Choking) کہلاتی ہے، جو گالفر یا کسی دوسرے کھلاڑی کی کارکردگی کو متاثر کر سکتی ہے۔

خطرے کے عوامل

یپس کا تعلق عموماً ان عوامل سے دیکھا گیا ہے:

٭ زیادہ عمر

٭ گالف کھیلنے کا زیادہ تجربہ

٭ ٹورنامنٹس میں کھیلنا

تشخیص

یپس کی تشخیص کے لیے کوئی ٹیسٹ موجود نہیں۔ دیگر ممکنہ وجوہات کے جائزے کے لیے اعصابی معائنہ کیا جا سکتا ہے۔ تشخیص بنیادی طور پر مریض کی بیان کردہ علامات کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔ پٹ لگاتے وقت کلائی کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی مددگار ہو سکتی ہے، کیونکہ اس سے یپس سے منسلک غیر ارادی حرکات کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔

علاج

چونکہ یپس کا تعلق مخصوص پٹھوں کے زیادہ استعمال سے ہو سکتا ہے، اس لیے تکنیک یا کھیل کے سامان میں تبدیلی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ اس سلسلے میں ان باتوں پر عمل مید ہو سکتا ہے:

گرفت تبدیل کریں: یہ طریقہ بہت سے گالفرز کے لیے مددگار ہوتا ہے، کیونکہ گرفت بدلنے سے پٹ لگاتے وقت مختلف پٹھے استعمال ہوتے ہیں

مختلف پٹر استعمال کریں: لمبا پٹر استعمال کرنے سے ہاتھوں اور کلائیوں کی بجائے بازوؤں اور کندھوں کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔ ہاتھوں اور کلائیوں کو مستحکم رکھنے کے لیے خصوصی گرفت والے پٹر بھی مددگار ہو سکتے ہیں

پٹ لگاتے وقت ہول کی طرف دیکھیں: سر کی پوزیشن اور نگاہ مرکوز کرنے کی جگہ تبدیل کرنا مددگار ہو سکتا ہے۔ پٹ لگاتے وقت گیند کی طرف دیکھنے کے بجائے ہول پر نظر رکھنے کی کوشش معاون ہو سکتی ہے

ذہنی مہارتوں کی تربیت: ریلیکسیشن، وژیولائزیشن اور مثبت سوچ جیسی تکنیکیں بے چینی کم کرنے، توجہ بڑھانے اور یپس کے خوف میں کمی لانے میں مدد دے سکتی ہیں

ادویات: منہ کے ذریعے لی جانے والی بعض ادویات یپس کو کنٹرول کرنے میں مدد دے سکتی ہیں

بوٹولینم ٹاکسن انجیکشن: ضرورت سے زیادہ فعال پٹھوں میں احتیاط سے بوٹولینم ٹاکسن کا انجیکشن لگایا جا سکتا ہے۔ اس سے پٹھوں کے غیر ارادی سکڑاؤ کو محدود کرنے اور یپس میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے

اگر آپ پروفیشنل کھلاڑی ہیں تو یپس کے علاج کے لیے دوا لینے سے پہلے کھیل کی متعلقہ نگران ادادرے کے قواعد معلوم کریں۔ ممنوعہ ادویات سے متعلق قواعد مختلف کھیلوں اور تنظیموں میں مختلف ہو سکتے ہیں۔

Frequently Asked Questions (FAQs)

کیا یپس صرف گالفرز کو ہوتی ہے؟

نہیں۔ یہ گالفرز میں زیادہ عام ہے، لیکن کرکٹ، ڈارٹس اور بیس بال سمیت دیگر کھیلوں کے کھلاڑی بھی اس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

کیا یپس ہمیشہ بے چینی کی وجہ سے ہوتی ہے؟

نہیں۔ بعض افراد میں اس کا تعلق فوکل ڈسٹونیا نامی اعصابی کیفیت سے ہو سکتا ہے۔

یپس کی تشخیص میں ویڈیو ریکارڈنگ کیسے مدد کرتی ہے؟

متاثرہ کام، مثلاً پٹ لگانے کے دوران کلائی کی ویڈیو سے غیر ارادی حرکات کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️

https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=neurologist

Vinkmag ad

Read Previous

روزانہ سیب کھانے سے شوگر، کولیسٹرول میں بہتری ممکن، ماہرین

Read Next

انگلیاں چٹخانے سے اوسٹیو آرتھرائٹس کا خطرہ نہیں بڑھتا، ماہرین

Leave a Reply

Most Popular