اوسٹیو آرتھرائٹس اور انگلیاں چٹخانے کی عادت کے درمیان کوئی واضح تعلق نہیں ملا۔ برطانیہ کی یونیورسٹی آف مانچسٹر سے وابستہ ماہرِ امراضِ جوڑ کِمی ہائریخ کے مطابق انگلیوں کے جوڑ چٹخانا عموماً نقصان دہ نہیں۔ تاہم درد یا سوجن کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔
215 افراد پر ہونے والی ایک تحقیق میں انگلیاں چٹخانے کی مدت یا تعداد اور اوسٹیو آرتھرائٹس کے درمیان کوئی تعلق نہیں ملا۔ ایک سابقہ تحقیق میں بھی انگلیاں چٹخانے والوں میں اوسٹیو آرتھرائٹس کا خطرہ زیادہ نہیں پایا گیا تھا۔
انگلیاں چٹخانے سے ہاتھوں کی گرفت متاثر ہونے کے بارے میں تحقیقات کے نتائج مختلف رہے ہیں۔ بعض سٹڈیز میں گرفت کمزور ہونے کا تعلق سامنے آیا، جبکہ دیگر میں اس کی تصدیق نہیں ہوئی۔
ماہرین کے مطابق جوڑ بہت زور سے چٹخانے سے موچ یا دوسری چوٹ لگ سکتی ہے۔ گردن کو زور سے چٹخانے سے بھی گریز کرنا چاہیے۔