شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ڈاکٹروں نے حمل کے ساتویں ماہ میں جگر کے ایک نایاب کینسر کا کامیابی سے علاج کیا ہے۔ مریضہ میں بائل ڈکٹ کینسر کی تشخیص تیسری سہ ماہی میں ہوئی۔ اس مرحلے پر علاج کے محدود آپشنز ماں اور بچے، دونوں کے لیے خطرناک تھے۔
لیور ٹرانسپلانٹ سرجن ڈاکٹر ابو بکر حفیظ بھٹی کی زیر قیادت ٹیم نے کامیاب سرجری کی۔ کینسر، امراض نوزائیدہ بچگان، زچگی، اور انستھیزیا کے ماہرین نے اس میں مکمل تعاون فراہم کیا۔ جگر کے متاثرہ حصے اور بائل ڈکٹ کو ہٹانے کے بعد باقی سسٹم کو آنت سے جوڑ کر بائل کا بہاؤ بحال کیا گیا۔
حمل کے دوران محدود کیموتھیراپی دی گئی، جس کے باوجود کوئی بڑی پیچیدگی پیش نہیں آئی۔ مریضہ نے بعد میں نارمل ڈلیوری کے ذریعے صحت مند بچے کو جنم دیا۔
ماہرین کے مطابق یہ کیس ابتدائی تشخیص، بروقت علاج اور مختلف شعبہ جات میں تعاون کی بہترین مثال ہے۔ نایاب کینسر کے علاج میں یہ کامیابی پاکستان میں پیچیدہ طبی کیسز کی مؤثر مینجمنٹ کی اہمیت کو بھی ظاہر کرتی ہے۔