ورچوئل کولونوسکوپی (Virtual colonoscopy) بڑی آنت کے کینسر کی جانچ کا نسبتاً کم مداخلتی طریقہ ہے۔ اسے سکریننگ سی ٹی کولونوگرافی بھی کہا جاتا ہے۔
روایتی کولونوسکوپی میں ایک سکوپ مقعد (Anus) کے راستے بڑی آنت میں داخل کی جاتی ہے، جبکہ ورچوئل کولونوسکوپی میں سی ٹی سکین استعمال ہوتا ہے۔ اس سکین سے پیٹ کے اعضا کی سینکڑوں مختلف زاویوں سے تصاویر لی جاتی ہیں۔ ان تصاویر کو ملا کر بڑی آنت اور ریکٹم کے اندرونی حصے کا مکمل منظر تیار کیا جاتا ہے۔
کیوں کی جاتی ہے
ڈاکٹر ورچوئل کولونوسکوپی تجویز کر سکتا ہے، اگر آپ:
٭ بڑی آنت کے کینسر کے اوسط خطرے میں ہوں
٭ ایسی دوا نہیں لینا چاہتے، جس سے آپ کو نیند آ جائے
٭ ٹیسٹ کے بعد گاڑی چلانے کی ضرورت ہو
٭ روایتی کولونوسکوپی نہیں کروانا چاہتے
٭ کولونوسکوپی کے مضر اثرات کا خطرہ رکھتے ہوں، مثلاً خون معمول کے مطابق نہ جمنے کے باعث زیادہ خون بہنے کا خدشہ ہو
٭ آنتوں میں رکاوٹ ہو
آپ ورچوئل کولونوسکوپی نہیں کروا سکتے، اگر آپ کو:
٭ ماضی میں بڑی آنت کا کینسر ہو چکا ہو یا بڑی آنت میں پولپس رہے ہوں
٭ خاندان میں بڑی آنت کے کینسر یا پولپس کی ہسٹری ہو
٭ آنتوں کی سوزش کی بیماری، جیسے کرونز ڈیزیز یا السرٹیو کولائٹس ہو
٭ ایکیوٹ ڈائیورٹیکولائٹس ہو
ورچوئل کولونوسکوپی میں پورے پیٹ اور پیلوک حصے کا جائزہ لیا جاتا ہے، اس لیے دوسری بیماریوں یا تبدیلیوں کا پتا بھی چل سکتا ہے۔ ان میں گردوں، جگر یا لبلبے کی بڑی آنت کے کینسر سے غیر متعلق تبدیلیاں شامل ہیں۔
خطرات
ورچوئل کولونوسکوپی عام طور پر محفوظ ہوتی ہے۔ تاہم اس کے ممکنہ خطرات میں شامل ہیں:
٭ بڑی آنت یا ریکٹم کی دیوار میں سوراخ ہو جانا، جسے پرفوریشن کہا جاتا ہے
٭ کم مقدار میں ریڈی ایشن کا سامنا، جو عام سی ٹی سکین کے مقابلے میں بہت کم ہوتی ہے
طریقہ کار
ٹیسٹ سے پہلے
ورچوئل کولونوسکوپی سے پہلے بڑی آنت کو خالی کرنا ضروری ہوتا ہے، کیونکہ اس میں موجود پاخانہ تصاویر کو غیر واضح کر سکتا ہے۔ آپ سے ان اقدامات کے لیے کہا جا سکتا ہے:
٭ ٹیسٹ سے ایک دن پہلے مخصوص غذا استعمال کریں۔ عام طور پر اس دن ٹھوس غذا کھانے کی اجازت نہیں ہوتی۔ صرف شفاف مائع جات پیے جا سکتے ہیں۔ ٹیسٹ سے ایک رات پہلے آدھی رات کے بعد کھانے پینے سے بھی منع کیا جا سکتا ہے
٭ ٹیسٹ سے ایک رات پہلے لیکسیٹو لیں۔ بڑی آنت میں باقی پاخانہ صاف کرنے کے لیے سپوزٹری استعمال کرنے کی ضرورت بھی پڑ سکتی ہے
٭ بڑی آنت میں موجود پاخانے کی شناخت کے لیے دوا لیں۔ اس سے ڈاکٹر کو پاخانے اور بڑی آنت میں ہونے والی تبدیلیوں کے درمیان فرق کرنے میں مدد ملتی ہے
٭ ٹیسٹ سے کم از کم ایک ہفتہ پہلے ڈاکٹر کو اپنی ادویات کے بارے میں بتائیں۔ بعض ادویات ٹیسٹ سے چند دن یا چند گھنٹے پہلے بند کرنا پڑ سکتی ہیں
ٹیسٹ کے دوران
آپ کو ہسپتال کا گاؤن پہنایا جاتا ہے۔
ٹیسٹ کے آغاز میں آپ معائنے کی میز پر کروٹ کے بل لیٹتے ہیں، اور عموماً گھٹنے سینے کی طرف موڑ لیتے ہیں۔ نرس یا ٹیکنالوجسٹ ریکٹم میں ایک چھوٹی ٹیوب داخل کرتا ہے، جسے کیتھیٹر کہا جاتا ہے۔ اس کے ذریعے بڑی آنت میں ہوا یا کاربن ڈائی آکسائیڈ بھری جاتی ہے۔ اس دوران آپ ریڑھ کی ہڈی سیدھی رکھتے ہوئے میز پر کروٹ بدلتے ہیں۔ ہوا یا گیس بڑی آنت کی واضح تصاویر لینے میں مدد دیتی ہے۔
ٹیسٹ کے اگلے حصے میں آپ کمر کے بل لیٹتے ہیں اور معائنے کی میز سی ٹی مشین کے اندر جاتی ہے۔ جسم کا سکین مکمل ہونے کے بعد آپ پیٹ کے بل یا کروٹ لے کر لیٹتے ہیں اور دوبارہ سکین کیا جاتا ہے۔
آپ سے مزید مختلف پوزیشنز میں لیٹنے کے لیے بھی کہا جا سکتا ہے۔ بعض اوقات سکین کے دوران چند لمحوں کے لیے سانس روکنے کی ہدایت بھی دی جاتی ہے۔
ورچوئل کولونوسکوپی میں عام طور پر تقریباً 15 منٹ لگتے ہیں۔
ٹیسٹ کے بعد
ورچوئل کولونوسکوپی کے بعد آپ اپنی معمول کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر سکتے ہیں۔ بڑی آنت میں باقی ہوا یا گیس خارج ہونے کے باعث چند گھنٹوں تک پیٹ پھولا ہوا محسوس ہو سکتا ہے یا گیس خارج ہو سکتی ہے۔
نتائج
ٹیسٹ کے نتائج یہ ہو سکتے ہیں:
٭ منفی رزلٹ کا مطلب ہے کہ ٹیسٹ میں بڑی آنت میں کوئی تبدیلی نہیں ملی۔ اگر آپ بڑی آنت کے کینسر کے اوسط خطرے میں ہیں اور عمر کے علاوہ کوئی دوسرا خطرے کا عامل نہیں تو پانچ سال بعد دوبارہ ٹیسٹ تجویز کیا جا سکتا ہے
٭ مثبت رزلٹ کا مطلب ہے کہ تصاویر میں پولپس یا دوسری تبدیلیاں نظر آئی ہیں۔ ایسی صورت میں ٹشو کے نمونے لینے یا پولپس نکالنے کے لیے روایتی کولونوسکوپی تجویز کی جا سکتی ہے۔ بعض اوقات روایتی کولونوسکوپی یا پولپس نکالنے کا عمل اسی دن کیا جا سکتا ہے
٭ ٹیسٹ میں بڑی آنت کے علاوہ گردوں، جگر یا لبلبے میں بھی تبدیلیاں نظر آ سکتی ہیں۔ یہ تبدیلیاں اہم بھی ہو سکتی ہیں اور نہیں بھی۔ اس لیے ان کی وجہ جاننے کے لیے مزید ٹیسٹوں کی ضرورت پڑ سکتی ہے
نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔
ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️
https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=radiologist