Vinkmag ad

گھٹنے کے درد کا علاج

گھٹنے کے درد کا علاج

مرض  کی قسم اوراس کے سبب کی بنیاد پر ادویات‘ فزیوتھیراپی ‘ انجکشن اورآخری حل کے طور پر آپریشن تجویز کیاجاتاہے۔ ان کی تفصیل درج ذیل ہے

ادویات

ادویات میں کھانے اور گھٹنے پر لگانے والی‘ دونوں طرح کی ادویات سے مدد لی جاسکتی ہے۔یہ دوائیں سوزش کم کرنے کے ساتھ ساتھ درد کے احساس کو بھی کم کرتی ہیں۔ بعض اوقات ا ن سے معدے کے مسائل‘ دل کا دورہ پڑنے‘ حتیٰ کہ فالج کا بھی امکان ہوتا ہے۔اس لئے انہیں ڈاکٹری مشورے کے بغیر استعمال نہیں کرنا چاہئے۔
گھٹنوں کے درد سے نجات کے لئے بعض اوقات سٹیرائیڈز کا استعمال بھی کیاجاتا ہے جو انجیکشن کی صورت میں جوڑ کے درمیانی خلاء میں لگایاجاتا ہے۔ سٹیرائیڈز شدید نقصان دہ ہیں اگر ان کا ضرورت سے زیادہ استعمال کیا جائے۔

فزیوتھیراپی

ورزش گھٹنوں کے درد سے نجات میں معاون ثابت ہوتی ہے لیکن ہر ورزش اس کے لئے موزوں نہیں۔ اس لئے یہ فزیوتھیراپسٹ یا ڈاکٹر کے مشورے سے کرنی چاہئے۔

گھٹنے کی تبدیلی

انتہائی تکلیف کی صورت میں آخری حل گھٹنے کی تبدیلی ہے۔ اس آپریشن میں سرجن ران کی ہڈی اور پنڈلی کی بڑی ہڈی کے متاثرہ حصے کو کاٹ کر مضبوط دھاتی جوڑ لگادیتے ہیں۔ اس کے بعد مریض درد محسوس کئے بغیر چل پھر سکتا ہے۔

آپریشن کے بعد کچھ ہفتوں تک زخم کا درد باقی رہتا ہے جسے دوا اور ورزش سے کنٹرول کیاجاتا ہے۔ جب تک ٹانگیں خود اسے نہیں سنبھال سکتیں‘ تب تک مریض کو واکر کی مدد سے چلایاجاتا ہے۔ گھٹنے کی تبدیلی سے مریض اپنے روزمرہ کے کام کاج سرانجام دینے کے قابل ہوجاتا ہے۔تقریباً پانچ دن بعد مریض کو سیڑھیاں چڑھنے کو کہا جاتا ہے اور دیکھاجاتا ہے کہ کیا وہ اپنی ٹانگ کو اُوپر اٹھانے اوراسے 90ڈگری تک موڑنے کے قابل ہوا ہے یا نہیں۔

بچائو کی تدابیر

مندرجہ ذیل احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے بڑی حد تک گھٹنے کے درد سے بچا جا سکتا ہے

٭اس مرض کے زیادہ شکار موٹے افراد ہوتے ہیں۔ وزن کم ہونے سے گھٹنے پر دبائو میں کمی آتی ہے۔ وزن کم کرنے کے لئے واک‘جاگنگ اور ورزش کے ساتھ ساتھ متوازن غذا بھی کھائیں جو آپ کی ہڈیوں اور اعصاب کو بھی مضبوط بنا ئیں۔

٭جن لوگوں کے گھٹنوں میں درد ہو‘ان کی رانوں کے اگلے حصے میں موجودچاروں پٹھے کمزور پڑجاتے ہیں۔ اس کی وجہ سے ان تک خون کی ترسیل سست ہوجاتی ہے۔ متحرک رہنے سے یہ پٹھے مضبوط ہوتے ہیں‘اس لئے اپنے چھوٹے موٹے کام خود کریں ۔تاہم سیڑھیاں چڑھتے وقت بھاگنے سے گریز کریں۔

٭اپنے سونے‘اُٹھنے‘کھڑے ہونے اور بیٹھنے کے انداز کا جائزہ لیں۔ دیکھیں کہ کہیں ان سے آپ کے گھٹنوں پر بے جادبائو تو نہیں پڑتا۔ زیادہ دیر تک ایک ہی پوزیشن میں مت بیٹھیں۔

٭سوتے وقت گھٹنوں کے درمیان تکیہ رکھیں۔

٭ واش روم میں کموڈ اور نماز کے لئے کرسی استعمال کریں۔

٭ ایسا آرام دہ جوتا منتخب کریں جو چلتے وقت آپ کے گھٹنے پر کم سے کم دبائو ڈالے۔

گھٹنے کے درد کی ورزشیں

گھٹنے کو اکڑا کر پنجے کو پانچ سیکنڈ کے لئے نیچے دبائیں۔پھر گھٹنے کو اکڑا کر پنجے کو پانچ سیکنڈ کے لئے اُوپر کی طرف کھینچیں۔ اس کے بعد ٹانگ کو اُوپر اُٹھائیں اور پانچ سیکنڈ تک روکے رکھیں۔ پھر نیچے لائیں اور پانچ سکینڈ تک روکے رکھیں۔ اس ورزش کو 10سے15بار کریں۔

کرسی پر بیٹھ کر پائوں زمین پر رکھ لیں۔اپنے ہاتھوں کی مٹھی بنا کر گھٹنوں کے درمیان رکھ کر 30سیکنڈ تک دبائیں۔ یہ عمل10 سے 15بار کریں۔

گھٹنے کو جہاں تک موڑ سکیں ‘موڑیں اور 30سیکنڈ تک اسی پوزیشن میں رہیں۔ پھر آہستگی سے ٹانگ کو سیدھا کریں۔ یہ عمل10بار دہرائیں۔

knee pain, treatment , precautions, exercises

Vinkmag ad

Read Previous

گھٹنے میں درد

Read Next

گھریلو اوآرایس بنانے کا طریقہ

Leave a Reply

Most Popular