Vinkmag ad

ٹریکوما

Trachoma symptoms, bacterial eye infection, diagnosis, treatment, and vision health illustration

ٹریکوما (Trachoma) آنکھوں کا ایک متعدی انفیکشن ہے جو کلیمائیڈیا ٹریکومیٹس نامی بیکٹیریا کی وجہ سے ہوتا ہے۔ خواتین اور پانچ سال سے کم عمر بچوں میں اس کا خطرہ نسبتاً ذیادہ ہوتا ہے اور اگر بروقت علاج نہ ہو تو یہ بیماری بڑی عمر تک بھی جاسکتی ہے۔

علامات

ٹریکوما کی علامات یوں تو دونوں آنکھوں اور پیوٹوں میں ظاہر ہوسکتی ہیں مگر اوپری پیوٹے میں نسبتاً زیادہ شدید ہوتی ہیں اور وہ یہ ہیں:

٭ آنکھوں اور پیوٹوں میں خارش، جلن یا سوجن

٭ آنکھوں سے پانی، لیس دار مادہ یا پیپ خارج ہونا

٭ آنکھوں میں درد ہونا

٭ روشنی سے حساسیت 

٭ بینائی ضائع ہوجانا

بیماری کے مراحل

اس بیماری کے پانچ مراحل ہیں:

٭ پیوٹوں کے اندر چھوٹے دانے یا گلٹیاں بننا

٭ آنکھوں میں شدید سوزش اور سرخی پیدا ہونا (اس سٹیج پر بیماری پھیلنے کا خطرہ سب سے زیادہ ہوتا ہے)

٭ پیوٹوں کے اندر زخم یا داغ بن جانا اور ان کا اندر کی طرف  مڑنے لگنا 

٭ پلکوں کے بال اندر کی طرف مڑ جانا

٭ پلکیں اندر مڑنے کے باعث کورنیا (Cornea) کا دھندلا ہوجانا اور بینائی متاثر ہونا

وجوہات

یہ انفیکشن عموماً متاثرہ شخص کی آنکھوں یا ناک کی رطوبت سے رابطے کے زریعے پھیلتا ہے۔ اس کے علاوہ متاثرہ شخص کے ہاتھ، کیڑے، حشرات، مکھیاں، تولیے بھی اس کا زریعہ بن سکتے ہیں۔

خطرے کے عوامل

اس بیماری کا امکان ان صورتوں میں زیادہ ہوتا ہے:

٭ گنجان آباد علاقوں میں رہنا

٭ صفائی کا ناقص نظام یا پانی کی عدم دستیابی

٭ چہرے اور ہاتھوں کی صفائی کا خیال نہ رکھنا

٭ ایسے علاقوں میں رہنا جہاں مکھیاں زیادہ ہوں

پیچیدگیاں

ایک بار انفیکشن اور بروقت تشخیص ہو تو اینٹی بائیوٹکس سے اس کا باآسانی علاج ہوجاتا ہے۔ بار بار انفیکشن ہو تو پیوٹوں کے اندرونی حصے میں نشان بننے اور ان کے اندر کی طرف مڑنے کا خطرہ ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ کورنیا کے دھندلانے اور جزوی یا مکمل بینائی ضائع ہونے کے بھی امکانات ہیں۔

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں

بچوں میں یہ علامات ہوں تو ڈاکٹر کو دکھائیں:

٭ آنکھوں میں خارش یا جلن ہو

٭ آنکھوں سے رطوبت خارج ہو

٭ ایسے علاقے میں رہتے ہوں یا حال ہی میں سفر کیا ہو جہاں ٹریکوما عام ہو

تشخیص

اس کی تشخیص کے لیے آنکھوں کا معائنہ اور ضرورت پڑنے پر لیبارٹری ٹیسٹ بھی کیا جا سکتا ہے۔

علاج

علاج کا انحصار بیماری کی شدت اور مرحلے پر ہوتا ہے۔ مثلاً:

٭ ابتدائی مراحل میں اینٹی بائیوٹک ادویات کا استعمال

٭ پیوٹوں میں درد کی صورت میں سرجری

٭ کورنیا کی شدید خرابی کی صورت میں اس کا ٹرانسپلانٹ

٭ بعض صورتوں میں پلکوں ہٹانے کے لیے پروسیجر کیا جاسکتا ہے

احتیاطی تدابیر

ٹریکوما سے بچاؤ اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے یہ احتیاطیں مفید ہو سکتی ہیں:

٭ پہلے فیملی میں انفیشن ہوچکا ہو تو دیگر افراد کی سکریننگ کروائیں

٭ چہرے اور ہاتھوں کو صاف رکھیں

٭ ذاتی استعمال کی اشیاء دوسروں کے ساتھ شیئر نہ کریں

٭ صاف پانی استعمال کریں

٭ مکھیوں سے بچاؤ کے اقدامات کریں

٭ گھر اور اردگرد کا ماحول صاف رکھیں

٭ انسانی اور جانوروں کے فضلے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائیں

٭ متاثرہ افراد اور ان کے قریبی افراد کا بروقت معائنہ اور علاج کروائیں

Frequently Asked Questions (FAQs)

ٹریکوما کیا ہے؟

یہ آنکھوں کا ایک متعدی بیکٹیریل انفیکشن ہے۔

کیا ٹریکوما ایک سے دوسرے شخص میں منتقل ہو سکتا ہے؟

جی ہاں، یہ متاثرہ رطوبت یا آلودہ اشیاء کے ذریعے منتقل ہو سکتا ہے۔

کیا ٹریکوما بینائی کو متاثر کر سکتا ہے؟

جی ہاں، علاج نہ ہونے کی صورت میں یہ بینائی ضائع ہونے یا نابیناپن کا سبب بن سکتا ہے۔

کیا ٹریکوما کا علاج ممکن ہے؟

جی ہاں، بروقت تشخیص اور مناسب علاج سے انفیکشن پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون صرف معلوماتی مقاصد کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ آنکھوں سے متعلق کسی بھی مسئلے کی صورت میں مستند معالج سے مشورہ ضرور کریں۔

ڈاکٹر سے رابطے کے لئے لنک پر کلک کریں ⬇️

https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=ophthalmologist

Vinkmag ad

Read Previous

اینگزائٹی ڈس آرڈرز: بے چینی کے امراض

Read Next

دمہ

Leave a Reply

Most Popular