کراچی کی مشہور فوڈ سٹریٹس، جیسے برنس روڈ، لیاری، طارق روڈ اور ایم اے جناح روڈ، اپنی لذیذ خوراک کے لیے معروف ہیں۔ تاہم ماہرین صحت کے مطابق سڑک کنارے غیر محفوظ کھانے شہریوں کی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن گئے ہیں۔ سول ہسپتال کراچی میں روزانہ اوسطاً 22 سے 25 ڈائریا کے مریض آتے ہیں، جبکہ لیاقت آباد ہسپتال میں 50 سے 60 اور سعود آباد ملیر ہسپتال میں 60 سے 70 مریض روزانہ علاج کراتے ہیں۔
ڈاکٹر قیصر سجاد پبلک ہیلتھ کے ماہر، اور پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری جنرل ہیں۔ ان کے مطابق کھلے نالے، ٹوٹی سڑکیں اور آلودہ پانی خوراک میں بیکٹیریا منتقل کرتے ہیں۔ عام بیکٹیریا میں ای کولائی، سیلمونیلا اور شگیلا شامل ہیں۔ ناقص ہینڈلنگ، گندہ ماحول اور جمع شدہ پانی بیماری کے خطرے کو بڑھاتے ہیں۔ سٹالز پر خوراک کھلی اور دھول، یا گاڑیوں کے دھوئیں سے آلودہ ہوتی ہے۔ برتن دھونے اور چٹنیاں تیار کرنے کے لیے اکثر آلودہ پانی استعمال کیا جاتا ہے، جس سے بیماری کے پھیلاؤ کا خطرہ مزید بڑھتا ہے۔
ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ بچے اور بالغ سڑک کنارے غیر محفوظ کھانے سے گریز کریں۔ شہریوں کو چاہیے کہ صرف صاف ستھری اور معتبر خوراک والے سٹالز یا ریستوران سے ہی کھانا خریدیں۔