Vinkmag ad

بچھو کا ڈنک

A scorpion with a curved tail and stinger, highlighting the risk of a scorpion sting and its symptoms, treatment, and safety precautions

بچھو کا ڈنک (Scorpion sting) عموماً شدید درد کا سبب بنتا ہے، لیکن شاذ و نادر ہی جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔ صحت مند بالغ افراد کو اکثر صورتوں میں علاج کی ضرورت نہیں پڑتی، تاہم کم عمر بچوں اور بزرگوں میں پیچیدگیوں کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

دنیا بھر میں بچھوؤں کی دو ہزار سے زائد اقسام میں سے تقریباً 100 ایسی ہیں جن کا زہر مہلک ہو سکتا ہے۔ بچھو کے آٹھ پاؤں اور خم دار دُم ہوتی ہے۔ یہ زیادہ تر رات کے وقت متحرک ہوتے ہیں اور عموماً بلا اشتعال ڈنک نہیں مارتے۔ زیادہ تر واقعات میں ڈنک اس وقت لگتا ہے جب بچھو کو غلطی سے پکڑ لیا جائے، اس پر پاؤں رکھ دیا جائے یا وہ جسم سے ٹکرا جائے۔

علامات

ڈنک کی جگہ پر ظاہر ہونے والی علامات میں شامل ہیں:

٭ شدید یا تیز درد

٭ سن ہونا اور جھنجھناہٹ

٭ ہلکی سوجن

٭ متاثرہ جگہ پر گرمی

زہر کے کچھ اثرات پورے جسم کو متاثر کرتے ہیں، خاص طور پر بچوں میں۔ ان اثرات میں شامل ہیں:

٭ سانس لینے میں دشواری

٭ پٹھوں کا پھڑکنا یا بے قابو حرکت

٭ سر، گردن اور آنکھوں کی غیر معمولی حرکات

٭ رال بہنا

٭ زیادہ پسینہ آنا

٭ لڑکھڑاتی یا غیر واضح بولی

٭ متلی اور قے

٭ بلند فشار خون

٭ دل کی تیز دھڑکن

٭ بے چینی، اضطراب یا مسلسل رونا

دیگر ڈنک مارنے والے کیڑوں، جیسے شہد کی مکھی یا بھڑ، کی طرح بچھو کے ڈنک سے بھی الرجی ہو سکتی ہے۔ پہلے متاثر ہونے والے افراد میں بعد کے ڈنک پر شدید ری ایکشن کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ بعض صورتوں میں یہ ردعمل اینافائلیکسیز جیسی جان لیوا کیفیت پیدا کر سکتا ہے، جس میں سانس کی دشواری، جلد پر دانے اور متلی شامل ہوتے ہیں۔

وجوہات

بچھو کا ڈنک اس کی دُم میں موجود زہریلے کانٹے کے ذریعے لگتا ہے۔ ڈنک کے دوران زہر جسم میں داخل ہوتا ہے، جس میں مختلف زہریلے اجزا شامل ہوتے ہیں۔ یہ اجزا اعصابی نظام کو متاثر کرتے ہیں اور نیورو ٹاکسنز کہلاتے ہیں۔

خطرے کے عوامل

آپ کو بچھو کے ڈنک کا خطرہ زیادہ ہو سکتا ہے اگر آپ:

٭ ایسے علاقوں میں رہتے یا سفر کرتے ہیں جہاں بچھو عام ہوں

٭ باہر کام کرتے، ہائیکنگ یا کیمپنگ کرتے ہیں جہاں بچھو موجود ہوں

پیچیدگیاں

اگر بہت زیادہ عمر رسیدہ افراد اور کم عمر بچوں کا بروقت علاج نہ کیا جائے، تو زہریلا ڈنک جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ دل یا پھیپھڑوں کی ناکامی ہوتی ہے، جو ڈنک کے چند گھنٹوں بعد ظاہر ہو سکتی ہے۔

کبھی کبھار بچھو کا ڈنک شدید الرجی، یعنی اینافائلیکسیز، کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں

اگر کسی بچے کو بچھو ڈنک مارے تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔ اگر سانس لینے میں دشواری ہو یا علامات ایک ہفتے سے زیادہ برقرار رہیں، تو فوری طبی امداد حاصل کریں۔ اگر کسی بھی وجہ سے تشویش ہو، تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔

تشخیص

ڈاکٹر عموماً مریض کی علامات اور میڈیکل ہسٹری کی بنیاد پر تشخیص کر لیتا ہے۔ اگر علامات شدید ہوں، تو خون کے یا دیگر ٹیسٹ کیے جا سکتے ہیں تاکہ زہر کے اثرات کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔

علاج

زیادہ تر صورتوں میں بچھو کے ڈنک کو طبی علاج کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اگر علامات شدید ہوں، تو ہسپتال میں علاج کیا جاتا ہے اور درد کم کرنے کے لیے ادویات دی جاتی ہیں۔

بچوں میں علامات کو روکنے کے لیے اینٹی وینم دیا جا سکتا ہے، جبکہ شدید علامات والے بالغ افراد کو بھی یہ فراہم کیا جاتا ہے۔ اینٹی وینم ایک خاص دوا ہے جو زہریلے جانوروں کے زہر کے اثرات کو کم یا ختم کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

بچاؤ کی تدابیر

بچھو عموماً انسانوں سے دور رہتے ہیں، تاہم احتیاط ضروری ہے۔ اگر آپ ایسے علاقے میں رہتے ہیں جہاں بچھو عام ہوں، تو درج ذیل اقدامات اختیار کریں:

٭ گھر کے اردگرد پتھروں اور لکڑی کے ڈھیروں کو ہٹا دیں

٭ گھاس کو باقاعدگی سے کاٹیں اور جھاڑیوں کو تراشیں

٭ دروازوں اور کھڑکیوں کے سوراخ بند کریں اور جالی کی مرمت کریں

٭ غیر استعمال شدہ کپڑے، جوتے اور دستانے اچھی طرح جھاڑیں

٭ سفر کے دوران جوتے پہنیں اور سامان کو چیک کریں

بچھو بلیک لائٹ میں چمکتے ہیں، اس لیے رات کے وقت اس کا استعمال مددگار ہو سکتا ہے۔ بلیک لائٹ الٹرا وائلٹ روشنی کی ایک قسم ہے، جو عام نظر نہیں آتی مگر بعض چیزوں کو نمایاں کر دیتی ہے۔

٭ اگر بچھو نظر آئے تو چمٹے کی مدد سے احتیاط کے ساتھ دور کریں

گھریلو احتیاطی تدابیر

اگر بچے کو بچھو ڈنک مارے تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔ ماہرین کے مشورے کے مطابق درج ذیل اقدامات کریں:

٭ زخم کو ہلکے صابن اور پانی سے صاف کریں

٭ متاثرہ جگہ پر ٹھنڈی پٹی لگائیں

٭ بازو یا ٹانگ متاثر ہو تو اسے آرام دہ حالت میں رکھیں

٭ نگلنے میں دشواری ہو تو پانی آہستہ آہستہ پئیں

٭ نیند یا سکون آور ادویات استعمال نہ کریں

٭ درد کے لیے عام دستیاب دوا استعمال کریں

اگر آپ صحت مند ہیں اور علامات شدید نہیں، تو ڈاکٹر سے رجوع ضروری نہیں۔ اوپر دی گئی احتیاطی تدابیر کافی ہوتی ہیں۔

اپنی اور بچوں کی ویکسینیشن، خاص طور پر ٹیٹنس، کو بروقت مکمل رکھیں۔ یہ اقدامات بچوں کو ڈاکٹر تک پہنچنے تک محفوظ رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں

Vinkmag ad

Read Previous

ان وِٹرو فرٹیلائزیشن (آئی وی ایف)

Read Next

سیروٹونن سنڈروم: ایک سنگین ادویاتی ری ایکشن

Leave a Reply

Most Popular