ملٹی نیشنل فارماسوٹیکل کمپنیوں کی نمائندہ تنظیم فارما بیورو نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں فارما نمائندوں کے دوروں کیلئے واضح ایس او پیز بنائے جائیں۔ یہ مطالبہ تین فارما نمائندوں کی ہسپتال کے دورے کے دوران حراست کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ فارما بیورو کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عائشہ حق نے کہا کہ صوبائی حکومت کی مکمل پابندی عالمی اصولوں کے خلاف ہے۔
فارما بیورو نے کہا کہ ایس او پیز محکمہ صحت، ہسپتال انتظامیہ اور فارماسوٹیکل کمپنیوں کی مشاورت سے بنائے جائیں۔ یہ قواعد عملی اور قابل عمل ہونے چاہئیں جو ہر فریق کے مفاد میں ہوں۔
عائشہ حق نے کہا کہ شفاف ایس او پیز مریضوں کی حفاظت اور سائنسی رابطہ برقرار رکھنے میں مدد دیں گے۔ اس سے ڈاکٹروں کو ادویات اور ان کے مضر اثرات کی بروقت معلومات فراہم ہو سکیں گی۔ اس سے فارما نمائندوں کی ملازمتیں برقرار رہیں گی اور ٹیکس آمدن بھی بڑھے گی۔