بہت سی مائیں فکرمند رہتی ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو لنچ میں کیا دیں کیونکہ گھرمیں پکے معمول کے کھانے انہیں پسند ہی نہیں آتے۔ ایسے میں بہت سے بچے سکول میں اپنا لنچ باکس کھولنے کی بھی زحمت نہیں کرتے۔ جن بچوں کو گھر سے باز پرس کا خدشہ ہو، وہ تفریح کے اوقات میں اپنا لنچ پھینک دیتے ہیں یا کسی اوردوست کو کھلا دیتے ہیں۔ اس طرح وہ خود یا تو بھوکے واپس آتے ہیں یا کینٹین سے خریدے گئے جنک فوڈ پرگزارہ کرتے ہیں۔
مائیں کیا کریں
بہت سی ماﺅں کی اپنی کھانے پینے کی عادات ٹھیک نہیں ہوتیں۔ وہ اپنی عادات درست کریں تاکہ بچے رغبت سے ان کی پیروی کرسکیں۔ اس کے علاوہ بچوں کو روزانہ لنچ تبدیل کرکے دیں کیونکہ ایک ہی طرح کی چیزیں روزانہ کھانے سے بچے بورہوجاتے ہیں۔ اس سلسلے میں اس چارٹ سے مدد لیں:
دن |
کیا دیں |
پیر | روٹی / آلو کا پراٹھا/ مولی والا پراٹھا /چکن پراٹھا |
منگل | چاول/ پلاﺅ/ زردہ/ مٹر پلاﺅ |
بدھ | گندم یا جو کا دلیہ (پھل اورسبزیوں کے ساتھ یا ان کے بغیر) |
جمعرات | ابلے ہوئے چنے/ لوبیا/ مٹر |
جمعہ | انڈا (ابلا ہوا ‘آملیٹ یا فرائی) |
٭بچے کوآ لو چنے کی چاٹ، فروٹ چاٹ اور مختلف طرح کے سلاد بھی دئیے جاسکتے ہیں۔
٭سوجی کا حلوہ غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے۔ اسے ذرا خشک شکل میں مٹھائی کی طرح بنا کر بچوں کو دیا جا سکتا ہے۔
٭سردیوں میں انڈوں یا گاجر کا حلوہ بھی غذائیت سے بھرپور آپشن ہے۔
٭سبزیاں اورپھل لنچ بکس میں ضرور رکھیں۔
٭گھر کے بنے شامی کباب، آلو کی ٹکی،چپس اور مختلف طرح کے سینڈوچ بھی ورائٹی فراہم کرسکتے ہیں۔
٭وٹامنز اور منرلز کے علاوہ جسم کو پروٹین کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ اس لئے مرغی‘ مچھلی‘ یا گوشت مختلف طرح سے بنا کر دیں۔ کوشش کریں کہ مچھلی، گوشت یا مرغی کو ابال کریا سٹیم دے کر بچے کو دیں۔
سکول اور اساتذہ کا کردار
٭سکولوں کی انتظامیہ کینٹینوں پر صحت بخش کھانوں کی دستیابی کو یقینی بنائے۔
٭اساتذہ بچوں کوایسے لنچ کی تلقین کریں جو غذائیت سے بھرپور اورا ن کی صحت کے لئے اچھے ہوں۔ وہ بچوں کے درمیان مختلف مقابلے کروا کر انہیں صحت بخش غذائی عادات کی طرف راغب کرسکتے ہیں۔
lunch box, kids diet, lunchbox ideas kids, lunch menu for children
