Vinkmag ad

دودھ کیوں ہضم نہیں ہوتا

بعض افراد کو گائے، بھینس یا بکری کا دودھ یا اس سے بنی مصنوعات استعمال کرنے کے کچھ دیر بعد ڈائریا، متلی، قے، پیٹ میں مروڑ، اپھارے اور گیس کی شکایت ہونے لگتی ہے۔ اس کی ایک وجہ ان کا ہضم نہ ہونا بھی ہے۔ مگر دودھ کیوں ہضم نہیں ہوتا؟

یہ علامات دراصل دودھ میں موجود شوگر یعنی لیکٹوز ہضم نہ ہونے کی وجہ سے سامنے آتی ہیں۔ لیکٹوز کو ہضم کرنے کے لیے ایک انزائم درکار ہوتا ہے جسے لیکٹیز کہتے ہیں۔ یہ انزائم چھوٹی آنت بناتی اور خارج کرتی ہے۔ اس کی کمی کے باعث شوگر ہضم ہونے کے بجائے اسی حالت میں بڑی آنت میں چلی جاتی ہے۔ پھر اوپر ذکر کی گئی علامات کا سامنا ہوتا ہے۔

مرض کی اقسام

اس کی مخلتف اقسام ہیں۔

بنیادی قسم اس مرض کی سب سے عام پائی جانے والی قسم ہے۔ اس میں ابتدائی طور پر لیکٹیز انزائم مناسب مقدار میں بنتا ہے تاہم جوں جوں عمر بڑھتی ہے توں توں اس انزائم کی مقدار میں کمی ہوتی جاتی ہے۔

ثانوی قسم سے متاثرہ افراد میں چھوٹی آنت کی بیماری، چوٹ یا اسے سرجری کے باعث پہنچنے والے نقصان کی وجہ سے متعلقہ انزائم کی کمی ہو جاتی ہے۔

پیدائشی قسم بہت کم پائی جانے والی قسم ہے۔ نام سے واضح ہے کہ یہ پیدائشی طور پر بچے میں موجود ہوتی ہے۔ اس کا شکار ہونے کے لئے بچے میں دونوں والدین سے اس مرض کے جینز منتقل ہونا ضروری ہیں۔ قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں میں بھی یہ مسئلہ ہوسکتا ہے۔

تشخیصی ٹیسٹ

اس کے لیے متاثرہ فرد کو دودھ پلانے کے بعد اس کی سانس میں وقفے وقفے سے ہائیڈروجن کی مقدار معلوم کی جاتی ہے۔ اگر اس کی مقدار زیادہ ہو تو یہ اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ وہ دودھ کو مکمل طرح ہضم نہیں کر پا رہا۔

دودھ پینے کے دو گھنٹے بعدخون میں گلوکوز کی مقدار جانچنے کے لئے خون کا ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔ اگر گلوکوز کی مقدار نہ بڑھی ہو تو اس سے بھی تشخیص ہو جاتی ہے۔

علاج کیا ہے

جن مریضوں میں اس کے پس پردہ وجہ کوئی بیماری ہو ، ان میں بیماری کا علاج کرنے سے جسم کی لیکٹوز کو ہضم کرنے کی صلاحیت کو بحال کیا جاسکتا ہے۔ تاہم اس میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔ دیگر افرادکو چاہئے:

٭دودھ اور اس سے بنی مصنوعات کا استعمال کم کردیں۔

٭بادام، چاولوں، جئی یا کوکونٹ کا دودھ لیکٹوز سے پاک ہوتا ہے۔ انہیں پینے کے لئے استعمال کریں اور انہی سے بنی اشیاء کھائیں۔

٭گائے، بکری یا بھینس کا دودھ پینا ہو تو اس میں لیکٹیز انزائم کے حامل ڈراپس یا پاؤڈر شامل کرکے پیئیں۔

Vinkmag ad

Read Previous

بروکلی کے طبی فوائد کیا ہیں؟

Read Next

بندروں اور انسانوں میں ممالث کیوں؟

Leave a Reply

Most Popular