اچھی صحت کے لیے کولیسٹرول پر نظر

کولیسٹرول موم کی مانند نرم سی چربی ہے جس کی ایک خاص مقدار ہمارے جسم کے لیے ضروری ہے‘اس لئے کہ یہ جسم کو مختلف کاموں مثلاً کھاناہضم کرنے ‘وٹامن ڈی تیار کرنے اور قوتِ مدافعت کو بہتر کرنے میں مدد دیتا ہے ۔البتہ اس کی مقدار اس سطح سے بڑھ جائے تو فرد فالج اوردل یاخون کی نالیوں کی بیماریوں میں مبتلا ہوسکتا ہے۔
جسم میں کولیسٹرول کی سطح بڑھنے کی کوئی ظاہری علامات نہیں ہوتیں اس لئے اکثر افراد اس وقت تک اس سے آگاہ نہیں ہو پاتے جب تک وہ دل یا خون کی نالیوں وغیرہ کی بیماری میں مبتلا نہیں ہو جاتے ۔ تب انہیں معلوم ہوتا ہے کہ اس کی سطح ایک عرصے سے بڑھی ہوئی تھی جس سے بیماری نے جنم لے لیا۔

کولیسٹرول کا ٹیسٹ
کولیسٹرول کی مقدار جانچنے کے لئے کئے جانے والے ٹیسٹ کو لِپڈ پینل (lipid panel)یا لپڈ پروفائل(lipid profile) ٹیسٹ کہا جاتا ہے۔اس کے مکمل ٹیسٹ میں ایل ڈی ایل یعنی برے کولیسٹرول‘ایچ ڈی ایل یعنی اچھے کولیسٹرول اور ٹرائی گلیسرائیڈز کی مقداد کو جانچا جاتا ہے۔
35سال کی عمر کے بعد ہر مرد وعورت کو چاہئے کہ کولیسٹرول کا ٹیسٹ ہر پانچ سال میں کم از کم ایک مرتبہ ضرور کروائے۔ دل‘ شوگر‘ سٹروک ‘ ہائی بلڈ پریشر اورگردے یا تھائی رائیڈ کے مریضوں کو چاہئے کہ یہ ٹیسٹ سالانہ بنیادوں پر کروائیں۔نیز جن لوگوں کے خاندان میں دل یا کولیسٹرول کی بیماری ہو ‘ جوسگریٹ نوشی یا شراب کے عادی یا موٹاپے کا شکار ہوں‘ انہیں بھی اس کا ٹیسٹ ضرور کروانا چاہئے۔
کولیسٹرول کاٹیسٹ نہار منہ کیا جاتا ہے۔ٹیسٹ کی رپورٹ معالج کو دکھاتے وقت مریض کو چاہئے کہ اسے اپنی فیملی ہسٹری اور زیرِاستعمال دواﺅں سے آگاہ کرے‘ اس لئے کہ کچھ دواﺅں کے استعمال سے بھی کولیسٹرول بڑھ سکتا ہے۔یہ ٹیسٹ خون کے نمونے پر کیا جاتا ہے اور بالعموم ہر لیبارٹری یا ہسپتال میںاس کی سہولت میسر ہوتی ہے۔

نتائج کیسے پڑھیں
کولیسٹرول کی مقدار کو ملی گرام(mg) فی ڈیسی لیٹر(dL) کی بنیاد پر پڑھا جاتا ہے۔اس کی مثبت مقداریں یہ ہیں۔
٭خون میںایل ڈی ایل کی مقدار70سے130 جبکہ ایچ ڈی ایل کی 40سے60ملی گرام/ڈیسی لیٹر ہونی چاہئے۔
٭ٹوٹل کولیسٹرل کی مقدار200ملی گرام/ڈیسی لیٹر ہونی چاہئے۔
٭ٹرائی گلیسرائیڈز کی مقدار10سے150ملی گرام/ڈیسی لیٹر ہونی چاہئے۔
نارمل سے زیادہ کولیسٹرول کی سطح چونکہ دل‘سٹروک اور بہت سی دیگر بیماریوںکا خطرہ بڑھا دیتی ہے‘ اس لئے اس کی بڑھی ہوئی مقدار کو بہت سنجیدگی سے لینا چاہئے۔اس مقدار کو طرزِ زندگی میں چند تبدیلیاں لا کر نارمل کیا جا سکتا ہے۔

کولیسٹرول کی سطح کنٹرول رکھنے کے لیے درج ذیل ہدایات پر عمل کریں:
٭متوازن غذااستعمال کریںجس میں سبزیاں‘فائبر اور پھل شامل ہوں۔
٭مرغن اور زیادہ نمک والی غذاﺅں سے پرہیز کریں۔
٭ دن میں 30منٹ ورزش کواپنا معمول بنائیں۔اگرورزش ممکن نہ ہو تو روزانہ چہل قدمی ضرور کریں۔
٭اگر وزن بڑھا ہوا ہو تو اسے فوراً کم کرنے کی کوشش کریں۔
٭سگریٹ اور شراب نوشی سے اجتناب کریں۔
٭کسی بھی دوا کا استعمال معالج کے مشورے سے کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

کچھ قابل عمل ٹِپس پتلی کمر‘ ہموار پیٹ

Read Next

ہر روزنیا پھل

Most Popular